ضلع خوشاب کے بلدیاتی امیدوار الیکشن آفس سے ہوشیار رہیں

خوشاب نیوز ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن آفس جوہرآباد کے اہلکاروں نے کرپشن کی انتہا کردی۔بتایا جاتا ہے کہ ضلع بھر سے ووٹر لسٹوں کی نقول لینے کیلئے آنیوالے بلدیاتی امیدواروں سے دفتر کے اہلکار ایک ہزار سے چھ ہزار روپے وصول کررہے ہیں۔کونسلر کے امیدوار جنہیں اپنے ایک وارڈ کی لسٹ درکار ہوتی ہے جو کہ دس سے 25صفحات پر مشتمل ہے جس کی فوٹو کاپی کی مارکیٹ قیمت بیس سے پچاس روپے بنتی ہے لیکن ووٹر لسٹوں کی فراہمی کی ڈیوٹی پر مامور کلرک فلکشیر اور اسد ایک وارڈ کی نقول کے ایک ہزار روپے وصول کررہیں ہیں جبکہ یونین کونسل کے چیئرمین و وائس چیئر مین کے امیدوار وں کو پوری یونین کونسل کے تمام وارڈوں کی ووٹر لسٹیں درکار ہوتی ہیں متذکرہ اہلکار پانچ ہزار سے چھ ہزار روپے وصول کررہے ہیں بلکہ وادی سون ، تھل یا دور دراز سے آنے والے امیدواروں سے زیادہ رقم وصول کی جارہی ہے ۔ خوشاب نیوز کے رابطہ کرنے پر کلرک فلکشیر کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وہ جنریٹر پر فوٹو کاپی کراتے ہیں لیکن جنریٹر پر بھی مارکیٹ میں فی فوٹو کاپی کی قیمت صرف پانچ روپے ہے۔فلکشیر کا مزید کہنا تھا کہ سمجھا کریں کئی کئی سالوں کے بعد الیکشن ہوتے ہیں اور جہاں پر امیدوار اتنا خرچ کرتے ہیں تو اگر چند سور وپے ہم لے لیتے ہیں تو کونسا قیامت ہے نیز ہم نے افسران کی فٹیگ بھی بھگتانی ہوتی ہے ۔ دریں اثناء چار روز قبل جب ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مقبول الہی کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی تو انہوں نے متذکرہ اہلکاروں کے خلاف ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی مگر تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہ آئی اور متذکرہ اہلکاروں کی جانب سے بلدیاتی امیدواروں کو لو ٹنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جہاں سے الیکشن کمیشن ووٹر لسٹوں کی فوٹو کاپیاں کرارہا ہے اس فوٹو سٹیٹ مشین مالک کے قریبی ساتھی نے خوشاب نیوز کو بتایا کہ مشین مالک کو محض ڈیڑھ روپے فی کاپی دیا جارہا ہے کیونکہ کاپیاں بہت زیادہ تعداد میں ہیں اس لیے یہ کم نرخ پر کی جارہی ہیں اور ووٹر لسٹوں کی فوٹو کاپیوں کے لیے مشین گھر پر رکھ کر فوٹو کاپیاں کی جارہی ہیں۔
;
ضلع خوشاب کے بلدیاتی امیدوار الیکشن آفس سے ہوشیار رہیں ضلع خوشاب کے بلدیاتی امیدوار الیکشن آفس سے ہوشیار رہیں Reviewed by Khushab News on 2:10:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.