مسلم لیگ ن کا وادی سون میں شو آف پاور


سمیرا ملک، شاکر بشیر، جاوید اعوان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی ریلی



نوشہرہ وادی سون، مردوال(فرحان فاروق اعوان، ملک عرفان سے)بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پانچ دسمبرکو ہونیوالی انتخابی معرکہ آرائی کے حوالے سے ضلع خوشاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدواروں کی انتخابی مہم نقطہ عروج پر پہنچ گئی‘ اتوار کے روز سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک کی زیر قیادت موضع
منارہ سے وادی سون کے گاؤں اوچھالی تک ایک عظیم الشان ریلی نکال کر مسلم لیگ ن کی سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ سینکڑوں کاروں ‘ ویگنوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی میں پنجاب اسمبلی کے رُکن ملک جاوید اقبال اعوان‘ ملک شکیل بشیر اعوان‘ ملک محمد شبیر اعوان‘ ملک حسن اعوان‘ ملک اصغر اعوان اور ملک عمران بشیر اعوان سمیت ہزاروں افراد شامل تھے۔ ریلی پدھراڑ‘ جابہ‘ مردوال‘ کورڈھی ‘ نوشہرہ ‘ شکر کوٹ‘ سرہال‘ کوٹلی اور اوگالی سے گزرتی ہوئی اوچھالی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ راستہ میں جگہ جگہ محترمہ سمیرا ملک کے استقبال کیلئے لوگوں کا جم غفیر اکٹھا ہو گیا اور استقبالیہ جلوسوں نے محترمہ سمیرا ملک پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی کے دوران مختلف مقامات پر استقبالیہ جلوسوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیر املک نے کہا کہ مسلم لیگ ن کیساتھ نظریاتی وابستگی رکھنے والے کارکن ہمارا سرمایہ ہیں اُن کے مفادات کا ہر صورت میں تحفظ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر بلدیاتی معرکہ آرائی میں حصہ لینے والے کسی بھی اُمیدوار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلہ میں ملنے والی شاندار
کامیابی کے نتیجہ میں مخالفین کے حوصلے پست ہو چکے ہیں انشاء اﷲ تیسرے مرحلہ میں ہماری جماعت خوشاب سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں کلین سویپ کرے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگی قائدین کے فیصلوں کو نظر انداز کر کے مسلم لیگ ن کے مد مقابل اُمیدواروں کی انتخابی مہم چلانے والے اپنا سیاسی قد بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ مسلم لیگ ن نہ صرف ضلع خوشاب کے تمام بلدیاتی حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی بلکہ ضلع کونسل خوشاب کی چیئرمین شپ بھی اسی جماعت کے حصہ میں آئے گی۔ قبل ازیں جب ریلی پدھراڑ سے روانہ ہوئی تو ڈھیری کے مقام پر محترمہ سمیرا ملک کے حامیوں نے مسلم لیگ ن اور محترمہ سمیرا ملک کے حق میں نعرے بازی کی اس موقع پر محترمہ سمیرا ملک نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ میری تمام تر توانائیاں علاقہ اور عوام کی خدمت کیلئے وقف ہیں انشاء اﷲ بلدیاتی انتخابات کے بعد ضلع خوشاب میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کر دیا جائے گا اس موقع پر علاقہ کی بااثر شخصیات ملک مرید حسین ‘ زوار شاہ ‘ ملک عابد اعوان‘ ظفر اقبال‘ ملک محمد صابر‘ حاجی منور اور ابرار حسین نے محترمہ سمیرا ملک کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے چیئرمین کے عہدہ کے اُمیدوار ملک عمران بشیر اعوان کی حمایت کا اعلان کیا اور اُن کو دُعائے خیر دی
;
مسلم لیگ ن کا وادی سون میں شو آف پاور مسلم لیگ ن کا وادی سون میں شو آف پاور Reviewed by Khushab News on 9:18:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.