حمزہ شہباز کی خواہش پر سمیرا ملک کا چھکا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک کی جدوجہد رنگ لائی اور یونین کونسل دئیوال میں مسلم لیگ ن کے نامزد اُمیدوار ملک امیر حیدر سنگھا غیر سرکاری طور پر بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ ملک امیر حیدر سنگھا کے حریف آزاد اُمیدوار ملک ناصر حسین پڑہال کے پینل نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا جبکہ پی ٹی آئی کے پینل میں شامل وائس چیئرمین کے اُمیدوار ملک جاوید اعوان اپنے پینل کے کاغذات نامزدگی پہلے ہی واپس لے چکے ہیں۔ آزاد اُمیدوار ملک ناصر پڑہال نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان ایم این اے ہاؤس جوہرآباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک کی موجودگی میں کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ میں محترمہ سمیرا ملک کے گروپ سے وابستہ ہوں اور اُن کی پالیسیوں پر عملدرآمد کرنا فرض سمجھتا ہوں۔ اس لئے مسلم لیگ ن کے اُمیدوار کے مد مقابل الیکشن نہیں لڑوں گا ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے کہا کہ یونین کونسل دئیوال میں ملک امیر حیدر سنگھا کی بلا مقابلہ کامیابی پاکستان مسلم لیگ ن کی انقلابی پالیسیوں کا ثمر ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما حمزہ شہباز شریف نے اُنھیں ذمہ داری سونپی تھی کہ یونین کونسل دئیوال میں مسلم لیگ ن کے حریف اُمیدواروں کو الیکشن سے دستبردار کرانے کیلئے کردار ادا کروں۔ الحمد اﷲ میں اس مقصد میں کامیاب ہوئی اور پی ٹی آئی سمیت مسلم لیگ ن کے مد مقابل الیکشن لڑنے والے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے دونوں پینلوں نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں اُنھوں نے کہا کہ بلدیاتی معرکہ آرائی میں ضلع خوشاب میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کا یہ پہلا قدم ہے انشاء اﷲ مسلم لیگ ن ضلع کے تمام بلدیاتی حلقوں میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگی اکابرین چوہدری عطاء اﷲ‘ ملک مسعود نذیر راجڑ‘ ملک ذیشان علی اسلم‘ ملک تیمور سلطان‘ ملک عارف نمبردار سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
;
حمزہ شہباز کی خواہش پر سمیرا ملک کا چھکا حمزہ شہباز کی خواہش پر سمیرا ملک کا چھکا Reviewed by Khushab News on 7:14:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.