آج کا اخبار (6 نومبر 2015


ٹریفک کے دو المناک حادثات میں خاتوں سمیت 5افراد شدید زخمی ایک جاں بحق

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد کے نواحی علاقوں میں ٹریفک کے دو المناک حادثات میں خاتوں سمیت 5افراد شدید زخمی ایک جاں بحق ،پہلاحادثہ جوہر آباد راولپنڈی روڈ پرسندرال موڑ کے نزدیک ہوا جہاں ایک مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں کوچ میں سوارالف دین ساکن نسیم کالونی جوہر آباد،محمد اسلم ساکن پدھراڑ اور مسماۃ غلام فاطمہ سمیت 6مسافر زخمی ہو گئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ، خوشاب پولیس نے کوسٹر کے نامعلوم8 ڈرائیور کے خلاف زیر دفعات 279اور 337Gت پ مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، حادثے کا شکار ہونیوالی مسافر کوچ راولپنڈی سے جوہرآباد آ رہی تھی کہ سندرال موڑ کے نزدیک ڈرائیور تیز رفتاری کے سبب سٹیرنگ کو کنٹرول نہ کر سکا اور کوچ قلابازیاں کھاتے ہوئے کھائی میں جا گری۔دوسرا حادثہ میانوالی روڈ پر ہوا جہاں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے دو موٹر سائیکل سوار محمد فاروق اور محمد زبیر سکنائے جبی شدید زخمی ہو گئے ، دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے محمد فاروق کو تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد منتقل کر دیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فاروق جاں بحق ہو گیا۔

تعطیلات کیلئے عدلیہ کے افسران کی ڈیوٹیوں کا شیڈول جاری کر دیا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد سجاد حسین سندھڑ نے تعطیلات کیلئے عدلیہ کے افسران کی ڈیوٹیوں کا شیڈول جاری کر دیا ، شیڈول کے مطابق جوہرآباد کی عدالتوں میں سول جج مسعود اختر گیلانی ہر ماہ کو ایک تا چار، سول جج اظہر محمود پانچ تا آٹھ، سول جج غلام شبیرنو تا بارہ،سول جج شگفتہ جبین تیرہ تا سولہ ، سول جج سلمان آصف سترہ تااکیس،سوک جج ابوذر ظفربائیس تا چھبیس اور سول جج طلال ارشد ستائیس تا اکتیس تاریخوں کو تعطیلات کے دوران ڈیوٹی دیں گے ، تحصیل کورٹس نور پور تھل میں سول جج مختار عباس خان یکم تا پندرہ اور سول جج شیخ ثنا اللہ سولہ تا اکتیس ڈیوٹی پر ہوں گے ۔ 

بلدیاتی انتخابات کے بعد ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائیگا،سمیراملک

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی پالیسیاں عوام کی ترقی خوشحالی اور دور افتادہ و دیہی علاقوں کی پسماندگی کے خاتمہ کی ضمانت ہیں حکومت اپنی تمام توانائیاں عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کیلئے بروئے کار لا رہی ہے انشاء اﷲ بلدیاتی انتخابات کے بعد نہ صرف ڈویلپمنٹ کا عمل تیز ہوگا بلکہ عوامی خوشحالی کے دیگر پروگراموں پر عملدرآمد میں بھی تیزی آئے گی۔ وہ ایم این اے ہاؤس جوہرآباد میں مسلم لیگ ن کے بلدیاتی اُمیدواوں کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے رُکن ملک محمد عزیر خان اور مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین شپ کا الیکشن لڑنے والے مسلم لیگ ن کے نامزد اُمیدوار ملک مسعود نذیر راجڑ‘ ملک طارق پنجہ‘ اﷲ دتہ‘ راجہ صابر حسین‘ ملک صاحب خان اور ظفر اُتراء بھی موجود تھے۔ محترمہ سمیر املک نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں اور اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کا زینہ ہیں مسلم لیگی قائدین نے ان اداروں کو منظم اور فعال بنانے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کا خواب پورا ہو سکے۔ اُنھوں نے کہا کہ اُمیدواروں کی نامزدگی کے وقت انتہائی احتیاط سے کام لیا گیا ہے اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مخلص اور عوام دوست اُمیدواروں کو ہی ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ انشاء اﷲ تمام بلدیاتی اُمیدواروں کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی تاکہ مسلم لیگ ن کو ملنے والی شاندار کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔

الیکشن میں کامیابی مسلم لیگ ن کا مقدر ہے ، جہانگیر ٹوانہ

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے سینئر نائب صدر ملک جہانگیر حسن ٹوانہ نے کہا ہے کہ انتخابات خواہ قومی ہوں یا بلدیاتی شاندار کامیابی پاکستان مسلم لیگ ن کا مقدر ہے‘ پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں ملکر بھی مسلم لیگ ن کے اُمیدواروں کو شکست سے دو چار نہیں کر سکتیں وہ مسلم لیگ ن کے بلدیاتی اُمیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی گذشتہ تین سالہ کارکردگی روزِ روشن کی طرح عیاں ہے جس کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں اس نظریاتی جماعت کو ملنے والی شاندار کامیابی دراصل پاکستان کے غیور اور محب وطن عوام کا مسلم لیگی قائدین کیساتھ والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ عوام باشعور ہیں اُنھیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے ‘ دہشت گردی کے عفریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنے‘ برقی توانائی کے بحرانوں پر قابو پانے اور ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے مسلم لیگ ن کا اقتدار میں رہنا ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کو کسی بھی نازک موڑ پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔ عوام کیساتھ کیا جانیوالا ہر انتخابی وعدہ پورا کیا جائے گا اُنھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مخالفین کے منفی پروپیگنڈہ کی پرواء کئے بغیر مسلم لیگی اُمیدواروں کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ملک و قوم کے خلاف سازشیں کرنیوالے عناصر کو ناکام بنایا جا سکے۔ 

ضلع خوشاب مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے، ڈاکٹر غوث نیازی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے صدر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا ہے کہ ضلع خوشاب کی 48یونین کونسلوں اور 7میونسپل کمیٹیوں کی تمام نشستوں کیلئے مضبوط ‘ موثر اور ناقابل شکست اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں انشاء اﷲ بلدیاتی معرکہ آرائی میں کامیابی مسلم لیگ ن کے ہی حصے میں آئے گی۔ خوشاب مسلم لیگ ن کا مضبوط قلع ہے اور رہے گا۔ مسلم لیگی عہدیداروں اور اراکین اسمبلی میں انتشار کی دراڑیں تلاش کرنیوالوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ وہ مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹریٹ جوہرآباد میں پارٹی کارکنوں و عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ اُمیدواروں کو ٹکٹوں کے اجراء کا فیصلہ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور پارٹی عہدیداروں کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے اور اس ضمن میں کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اُمیدوار ہمارا سرمایہ ہیں اور مسلم لیگ ن اُنھیں کسی بھی سطح پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیدار ڈور ٹو ڈور جا کر اُن کی کامیابی کیلئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین نے اپنی عوام دوست پالیسیوں اور انقلابی پروگراموں سے ثابت کیا کہ ان کے دل پاکستانی عوام کیساتھ دھڑکتے ہیں انشاء اﷲ مسلم لیگی اکابرین کا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود اور ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے ہی اٹھے گا۔ 

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی نیندیں اڑادیں ، حسن اسلم اعوان

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان تحریک انصاف ضلع خوشاب کے آرگنائزر ملک حسن اسلم اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ضلع خوشاب کے تمام بلدیاتی حلقوں میں مضبوط اور موثر اُمیدوار منظر عام پر آنے کے بعد لیگی اکابرین کی نیندیں اُڑ چکی ہیں۔ انشاء اﷲ تحریک انصاف نہ صرف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی بلکہ ضلعی چیئرمین شپ بھی اسی جماعت کے حصے میں آئے گی۔ وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر بلدیاتی اُمیدواروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاست سے کرپشن کے خاتمہ اور موروثی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ضلع خوشاب میں تحریک انصاف پوری طرح منظم اور متحد ہے اور ہر بلدیاتی حلقے میں عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مخلص اُمیدواروں کو میدان میں اُتارا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ انتخابات کا صاف اور شفاف انعقاد ہمارا نصب العین ہے اور اس ضمن میں ہر پولنگ اسٹیشن پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تاکہ کسی بھی گلو بٹ کو عوامی مینڈیٹ چرانے اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کرنے کا موقع نہ ملے۔

جوہرآباد کے مکینوں کو ناانصافیوں کی دلدل سے نکالنے کیلئے میدان میں آیا ہوں، ملک نذیراعوان

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر20میں جنرل کونسلر کی نشست پر تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار ملک محمد نذیر اعوان نے کہا ہے کہ وہ جوہرآباد کے مکینوں کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور اُن کیساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کے ازالہ کا مشن لیکر انتخابی میدان میں اُترے ہیں وار انشاء اﷲ کرپٹ اور بدعنوان جماعت کے اُمیدواروں کو میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کر دیں گے۔ پانچ دسمبر کا سورج تحریک انصاف کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ وہ انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ تحریک انصاف مثبت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتی ہے جبکہ حکمران جماعت نے فریب ‘ منافقت اور وعدہ خلافیوں کی پٹاری کھول رکھی ہے اب ان کا کھیل ختم ہو چکاہے۔حکمرانوں کی فریب کاریوں‘ ناانصافیوں اور بد اعمالیوں کے ڈسے ہوئے مفلوک الحال عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے حکمران جماعت سے انتقام لیں گے۔

جرم ثابت ہونے پر قاتل کو سزائے موت 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد سجاد حسین سندھڑ نے تھانہ قائدآباد کے مشہور مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم راشد عمران کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم راشد عمران نے 25نومبر2013ء کو لین دین کے تنازعہ پر آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے ایک شخص پیر سعادت علی شاہ کو قتل کر دیا تھا۔ قائدآباد پولیس نے ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302ت پ مقدمہ درج کر کے بعد از تفتیش چالان فاضل عدالت کو بھجوایا تھا۔ 

منشیات فروش کو سات سال قید کی سزا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد سجاد حسین سندھڑ نے تھانہ خوشاب کے منشیات کے ملزم نصر اﷲ ماچھی ساکن محلہ بادشاہانوالہ کو سات سال قید بامشقت اور تیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ خوشاب پولیس نے 27اپریل 2015ء کو ملزم کے قبضہ سے 1105گرام ہیروئن برآمد کی تھی اور اس کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان فاضل عدالت میں پیش کیا تھا۔ 
;
آج کا اخبار (6 نومبر 2015 آج کا اخبار (6 نومبر 2015 Reviewed by Khushab News on 9:29:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.