خیمے ووٹ کھا گئے



خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پانچ دسمبر کو ضلع خوشاب کے سیلاب سے متاثر ہونیوالے علاقوں کے ایک ہزار سے زائد متاثرین قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے سبب ووٹ ڈالنے سے محروم رہیں گے۔ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے دوران محکمہ مال کی جانب سے متاثرین سے ان کے قومی شناختی کارڈ حاصل کر کے اُنھیں خیمے الاٹ کئے تھے اور ابھی تک اُنھیں شناختی کارڈ واپس نہیں کئے گئے۔ انتخابی قواعد و ضوابط کے مطابق کسی بھی ووٹر کو قومی شناختی کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں جس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد افراد جن کے کارڈ محکمہ مال کے افسران کے پاس ہیں وہ اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اس ضمن میں جب محکمہ مال کے افسران سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے کہا کہ جب تک امدادی سرگرمیوں کے دوران متاثرین کو دیئے گئے خیمے واپس نہیں کئے جاتے اُس وقت تک شناختی کارڈ ہماری ہی تحویل میں رہیں گے۔ دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پوسٹل بیلٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے والے ہزاروں سرکاری ملازمین بھی ووٹ کے حق سے محروم ہو گئے ہیں۔
;
خیمے ووٹ کھا گئے خیمے ووٹ کھا گئے Reviewed by Khushab News on 8:02:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.