آزاد کونسلرز کی خرید و فروخت کس کا کتنا ریٹ لگا



خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب مخصوص نشستوں پر کسان ، مزدور، خواتین اور اقلیتی ارکان کے انتخاب کا مرحلہ ہو گا جنہیں کونسلرز نے منتخب کرنا ہے اور اسکے بعد ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئر مین کے انتخاب کا مرحلہ ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں جہاں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کونسلرز کامیاب ہوئے ہیں وہیں پہ آزاد امیدواروں کی بھی ایک معقول تعداد منتخب ہو ئی ہوئی ہے۔کچھ میونسپل کمیٹیوں میں منتخب ہونے والے آزاد کونسلرز اہمیت اختیار کرگئے ہیں کیونکہ مسلم لیگ ن یا پی ٹی آئی کو چیئرمین کا انتخاب ان کے ووٹ بغیر ممکن نہیں ہے۔مختلف میونسپل کمیٹیوں میں آزاد کونسلرز مقامی حالات کے تحت مسلم لیگ ن یا پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیںاور بعض ستم ظریفوں نے تو باقاعدہ ریٹ اور رقم کا بھی لکھا ہوا ہے۔لیکن اسکے ساتھ ساتھ سینہ گزٹ اور سوشل میڈیا پر ان آزاد کونسلرز بارے بھاری رقوم لیکر شمولیت کرنے کی افواہوں کا ایک طوفان برپا ہے۔ اس سلسلہ میں خوشاب نیوز ڈاٹ کام نے ایسے ہی بعض آزاد امیدواروں سے الگ الگ انکا موقف جاننے کی کوشش کی ۔ میونسپل کمیٹی خوشاب کے ایک آزاد کونسلر کا کہنا تھا اسطرح کی باتیں محض مخالفین کی پروپگینڈا مہم ہے انہوں نے بتایا کہ میں نے مسلم لیگ ن کاٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور کامیابی کے بعد اپنی ہی پارٹی مسلم لیگ ن کی حمائت کا اعلان کردیا اس میں کیا غلط ہے۔ ایک اور آزاد کونسلر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے وارڈ کی تعمیر و ترقی کے وعدے کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا اور صاف ظاہر ہے یہ تبھی ممکن ہے کہ آپ برسراقتدار گروپ کے ساتھ ہوں تاکہ اپنے وارڈ کے لئے ترقیاتی فنڈز حاصل کرکے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرسکیں۔میونسپل کمیٹی نوشہرہ کے ایک ایسے ہی آزاد امیدوار سے براہ راست تو بات نہیں ہوسکی البتہ انکے ایک قریبی ساتھی کے توسط سے جو موقف پہنچا وہ کچھ یوں ہے کہ ہم نے کسی کے نظریات کے پرچار کے نعرے پر الیکشن نہیں لڑا بلکہ ہمارا نعرہ تو اپنے شہر کی بہتری ہے اسی نعرے کو پسند کرتے ہوئے عوام کی اکثریت اور دیگر پارٹیوں نے ہماری غیر مشروط حمائت کی ۔ اپنے نعرے کو عملی صورت میں دینے کا یہی واحد طریقہ ہے کہ ایسے گروپ یا پارٹی کی حمائت کردی جائے جو میونسپل کمیٹی نوشہرہ کی چیئرمین شپ کے ساتھ ساتھ صوبائی حکوت میں بھی ہو تاکہ کسی محض آرائی کی بجائے ہم اپنی مدت علاقے کی تعمیر و ترقی کیساتھ پوری کرسکیں۔ پیسے لینے کی بات کو انہوں نے شرپسند اور ترقی کے دشمنوں اور محاذ آرائی کے شوقین بیمار ذہنوں کی افواہ قرار دیا۔ میونسپل کمیٹی ہڈالی کے ایک آزاد کونسلر کی رائے بھی اس سے ملتی جلتی ہے انہوں نے کہا کہ میرا صرف اور صرف ایک ہی مقصد ہے ہمارہ شہر ہڈالی بھی ترقی سے مستفید ہو یہاں چونکہ پی ٹی آئی کی اکثریت ہے اسی لیے کسی کھینچا تانی اور محاذ آرائی کی کیفیت سے بچنے کے لیے میں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔متذکرہ آزاد امیدواروں کے موقف کو دیکھا جائے تو اس میں بہرحال وزن محسوس ہوتا ہے اور آزاد کونسلروں کی خرید و فروخت کا معاملہ محض افواہ سازی ہی نظر آتا ہے کیونکہ اس بارے سوشل میڈیا پر تبصرے تو نظر آتے ہیں لیکن کسی سنجیدہ حلقے کی جانب سے باقاعدہ کو ئی ثبوت یا شواہد ابھی تک سامنے نہیں آئے۔
;
آزاد کونسلرز کی خرید و فروخت کس کا کتنا ریٹ لگا آزاد کونسلرز کی خرید و فروخت کس کا کتنا ریٹ لگا Reviewed by Khushab News on 9:51:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.