یوم قائد پر ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں سیمینار




خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں ایک عظےم الشان سیمینار کا اہتمام کیاگیا۔ سیمینار کی صدارت پریس کلب کے صدر الطاف چغتائی نے کی جبکہ ادارہ صوت القرآن کے بانی چیئرمین اور صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری پروفیسر محمد مشتاق انور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں صحافیوں‘ تاجروں اور وکلاءسمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نقابت کے فرائض صاحبزادہ ممتاز جاوید نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ادارہ صوت القرآن کے بانی چیئرمین پروفیسر قاری محمد مشتاق انور نے کہا کہ ایک سچا قائد اس قوم کی آواز ہوتا ہے جو قوم کی تمناﺅں اور امنگوں کی علامت بن کر اس کی تقدیر بدلنے کی جدوجہد کرتا ہے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے انہی سنہری اصولوں کے تحت مسلمانانِ بر صغیر کو ہندوﺅں اور انگریزوں کی غلامی سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جو قوم کے روشن اور درخشاں مستقبل کی ضمانت بن گیا۔ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر الطاف چغتائی نے کہا کہ بانی پاکستان نے اس دور میں مسلمانانِ بر صغیر کے حقوق کے تحفظ اور انھیں آزادی کی نعمت سے سرفراز کرنے کیلئے جدوجہد کی جب منافقوں اور ملت فروشوں کی سرگرمیاں عروج پر تھیںلیکن بانی پاکستان کے پائے استقلال میں ذرہ برابر لرزش پیدا نہ ہوئی اور انھوں نے اپنا مشن پورا کر کے ہی دم لیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی زکوٰة و عشر کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ہمارا ملک تاریخ کے نازک موڑ پر کھڑا ہے اس صورتحال میں بانی پاکستان کے ولولہ انگیز افکار اور جراتمندانہ کردار سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے نہ صرف ہمیں منزل کا راستہ دکھایا بلکہ ہمیں اس مقام پر پہنچایا جس کا مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبالؒ نے خواب دیکھا تھا آج قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے افکار و نظریات کی روشنی میں ملک و قوم کے روشن مستقبل کی راہیں تلاش کریں۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سینئر نائب صدر محمد ارشد بھٹہ نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی کہانی انسانی جدوجہد‘ عزم و استقبال اور فتح و کامرانی کی بہترین مثال ہے یہ ایک ایسے انسان کی کہانی ہے جو عالم انسانیت پر اپنے انمٹ نقوش ثبت کر گیا جو رہتی دنیا تک روشن اور منور رہے گا انھوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ملت اسلامیہ کے ان اہل فکر و نظر اکابرین میں سے تھے جو مسلمانوں کی حیات اجتماعی کی بہتری اور برتری کو بالا تر سمجھتے تھے۔سینئر صحافی شوکت بھٹی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح درحقیقت وہ دانائے راز تھا جس نے انتہائی قلیل عرصہ میں بر صغیر کے بت کدے میں ایک عظےم اسلامی ریاست کے قیام کا معجزہ برپا کیا 25دسمبر کو ہم اس عظےم دیدہ وار کا یوم ولادت مناتے ہیں اور یہ دن ہمیں ان کی انتھک جدوجہد ‘ لگن‘ محنت اور خلوص کی یاد دلاتا ہے جس کے ذریعے بانی پاکستان نے ایک منتشر اور ٹکڑوں میں بٹی ہوئی قوم کو ایک امت واحدہ میں تبدیل کیا اور فرنگی حکمران اور ان کے کاسہ لیس ہندو اپنی تمام تر عیاریوں اور مکاریوں کے باوجود آزادی کی راہ میں حائل نہ ہو سکے۔سیمینار سے عبدالجبار شاکر ‘ محمد خورشید انور سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ 

;
یوم قائد پر ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں سیمینار یوم قائد پر ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں سیمینار Reviewed by Khushab News on 7:09:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.