Urdu Local Newspaper



پیلووینس کی چودہ سالہ لڑکی اغوا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر51ایم بی میں پیلووینس کے رہائشی ایک شخص محمد آصف نے غلام محمد کی چودہ سالہ بیٹی کو اغواء کر لیا سٹی پولیس جوہرآباد نے مغویہ کے والد کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 365-B مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق ملزم آصف کا غلام محمد کے گھر آنا جانا تھا اس دوران اس نے غلام محمد کی چودہ سالہ بیٹی ثمینہ کیساتھ ناجائز تعلقات استوار کر لیے اور گذشتہ روز اُسے بہلا پھسلا کر اپنے ہمراہ لے گیا۔ مغویہ ثمینہ کے پاس دو تولے سونا اور پچاس ہزار روپے کی نقدی بھی موجود تھی۔

جوہرآباد ، اہل خانہ کی عدم موجودگی میں چور گھر کا صفایا کرگئے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)شبیر کالونی جوہرآباد میں نامعلوم چوروں نے امیر حمزہ کے گھر کا صفایا کر دیا‘ سٹی پولیس جوہرآباد نے امیر حمزہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق امیر حمزہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنی ہمشیرہ کے گھر نسیم کالونی گیا ہوا تھا جب واپس آیا تو گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے سامان بکھرا پڑا تھا اور ایک لاکھ 30ہزار روپے مالیت کا گھریلو سامان غائب تھا۔

قائد آباد،شادی شدہ خاتون اغوا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد میں خدا بخش ‘ احمد خان اور محمد احمد وغیرہ پانچ افرا دنے محمد کامران کی بیوی مسماۃ شاہین کو اغواء کر لیا‘ پولیس نے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 496-Aت پ مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مسماۃ شاہین گھر میں اکیلی تھی اس دوران ملزم اُسے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

غیر قانونی سڑک بنانے پر مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نوشہرہ پولیس نے ایکسویٹر آپریٹروں عتیق اور اقبال کیخلاف سرکاری رقبہ پر غیر قانونی سڑک بنانے کے الزام میں زیر دفعات 447اور 427
ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ رینج فاریسٹ آفیسر نوشہرہ نور عالم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

چار افراد سے ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران چار افراد کو گرفتار کر کے اُن کے قبضہ سے ایک بتیس بور ریوالور اور تین تیس بور پسٹل برآمد کئے ہیں۔ ملزمان ساجد حیات ‘ جاوید اقبال ‘ محمد عمران اور سرفراز دیسی کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق قائدآباد پولیس نے وڑچھہ کے رہائشی ملزم جاوید اقبال سے تیس بور پسٹل ‘ جوہرآباد پولیس نے دورانِ گشت چک نمبر53ایم بی کے ملزم محمد عمران سے تیس بور پسٹل اور سرفراز دیسی سے تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے جبکہ اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم ساجد حیات سے عبوری ضمانت کے دوران بتیس بور ریوالور برآمد کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ بار جوہرآباد کا الیکشن شیڈول جاری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کے صدر ملک عنصر حیات نائچ ایڈووکیٹ نے بار کے سالانہ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا شیڈول کے مطابق 31دسمبر کو اُمیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے جن کی جانچ پڑتال یکم جنوری کو ہو گی۔ دو جنوری کو اُمیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے اور اسی روز اُمیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ بار کے تمام عہدوں کیلئے پولنگ 9جنوری کو ڈسٹرکٹ بار روم میں صبح 9تا 4بجے سہہ پہر ہو گی۔ انتخابات کی نگرانی ملک سرفراز اعوان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں نذر حیات لغاری ایڈووکیٹ اور فضل الٰہی ایڈووکیٹ پر مشتمل الیکشن بورڈ کرے گا۔

سمیرا ملک کی نومنتخب یوسی چیئرمین سے ملاقات
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے ضلع خوشاب کی مختلف یونین کونسلوں سے منتخب ہونیوالے چیئرمینوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ گذشتہ روز اُنھوں نے یو سی وہیر کے نو منتخب چیئرمین ملک اﷲ دتہ سے ملاقات کی اور اُنھیں آزاد حیثیت سے کامیاب یحاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران ضلع خوشاب کی بلدیاتی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محترمہ سمیرا ملک نے یونین کونسل 50 ایم بی کے نو منتخب چیئرمین لیاقت علی سے بھی ملاقات کر کے اُنھیں مبارکباد دی۔محترمہ سمیرا ملک کا کہنا تھا کہ ضلع خوشاب میں بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کی واضح اکثریت سے کامیابی اس علاقہ کے مکینوں کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین سے والہانہ محبت کا نتیجہ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے اور اُنھیں مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے انشاء اﷲ بلدیاتی اداروں کی فعالیت کے بعد علاقائی ڈویلپمنٹ کے عمل میں مزید تیزی آئے گی۔ اُنھوں نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیں علاقہ اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کر دیں۔ بعد ازاں محترمہ سمیرا ملک نے تینوں جا کر یونین کونسل پیلووینس کے نو منتخب چیئرمین عظمت اﷲ جوئیہ کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ محترمہ سمیرا ملک نے آدھی کوٹ کے نو منتخب چیئرمین ملک وارث بگھور کے سسر کے انتقال پر بھی اُن کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کی مغفرت و سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی۔

مٹھہ ٹوانہ، بھتیجے کے قاتل کو سزائے موت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایڈیشنل سیشن جج جوہرآباد یار محمد گوندل نے تھانہ مٹھہ ٹوانہ کی قتل کے مشہور مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عبدالحمید کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانہ کا حکم سنایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم عبدالحمید نے کچھ عرصہ قبل اپنے بھتیجے عبدالرحمن کو اراضی کے تنازعہ پر موت کی نیند سلا دیا تھا مٹھہ ٹوانہ پولیس نے ملزم کی خلاف زیر دفعہ 302ت پ مقدمہ درج کر کے بعد از تفتیش چالان فاضل عدالت میں پیش کیا تھا۔ 

ڈی پی او آفس میں اے ٹی ایم مشین کی تنصیب
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی پی او خوشاب فیصل گلزار نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ ضلعی دفتر پولیس جوہرآباد میں حبیب بینک کی اے ٹی ایم مشین کا افتتاح اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ اب پولیس ملازمین کو رقوم نکلوانے یا جمع کرانے کیلئے اپنے دفتر کے چھت کے نیچے ہی سہولت مہیا ہو چکی ہے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی پی او آفس میں اے ٹی ایم مشین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر حبیب بینک کے ریجنل چیف محمد عرفان کے خلاف دیگر افسران عبدالسمیع ‘ شہزاد حنیف‘ ایریا منیجر وقار عظیم اور برانچ منیجر آصف آہیر بھی موجود تھے۔ ڈی پی او خوشاب نے کہا کہ حبیب بینک کی جانب سے پولیس ملازمین کی سہولت کیلئے اٹھایا جانیوالا یہ اقدام انتہائی مستحسن ہے۔ اب پولیس کو تنخواہوں کے حصول میں بھی کوئی مشکل درپیش نہیں ہو گی۔

جشن میلاد النبی کے موقع پر فول پروف انتظامات مکمل، ڈی پی او
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی پی او خوشاب فیصل گلزار نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرا ررکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ضلعی پولیس کی جانب سے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں انشاء اﷲ کسی بھی شدت پسند کو ضلع خوشاب کی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔ ڈی پی او آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ سیکورٹی پلان کے تحت تمام ملزمان کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور تمام سرکل افسران و ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاسوں کا انعقاد کریں اور پولیس ملازمین کو فول پروف سیکورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی جائے۔

ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، قاری عبدالرشید
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بزم علماء اہلسنت جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری قاری عبدالرشید قادری عطاری نے کہا ہے کہ اﷲ رب العزت اور حضور اکرم ﷺ کی عملی اتباع اور پیروی کیساتھ میلاد مصطفی شان و شوکت اور پیار و محبت کیساتھ منانا ہماری مغفرت اور بخشش کا ذریعہ ہے۔ ہم پر لازم ہے کہ میلاد مصطفی کو امن اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کیساتھ منائیں تاکہ میلاد کی بابرکت اور ایمان افروز محافل کے اجر و ثواب سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔ وہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اس ماہِ مقدس میں معلم انسانیت کی آمد سے پوری کائنات میں بہاریں آ گئیں اور جہالت کا خاتمہ ہوا۔ ان پر مسرت ایام میں ہمیں اپنی زندگیاں اُسوۂ رسول ﷺ کے مطابق گزارنے کا عہد کرنا ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں اتحاد اُمت وقت کا اولین تقاضہ ہے اس لئے ہمیں سنت رسول پر چلتے ہوئے اتحاد‘ اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

محسن انسانیت ﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہو گئے،حافظ احمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) جامع مسجد غوثیہ بلاک نمبر14کے خطیب اور ممتاز عالم دین مولانا حافظ محمد احمد نے کہا ہے کہ محسن انسانیت ﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہو گئے‘ آج ملک میں حالات کی خرابی صرف دین سے دوری کے نتیجہ میں ہے۔ ہم سب کو اﷲ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہم اپنی دُنیا و آخرت ٹھیک کر سکتے ہیں۔ جامع مسجد غوثیہ میں منعقدہ میلادِ مصطفی کی ایمان افروز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ آج دہشت گردی اور بربریت بھی جہالت کا نتیجہ ہے۔ پشاور کے واقعہ کی ہر مسلمان مذمت کر رہا ہے ایسے ظالمانہ اقدامات اٹھانے والے نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی اُنھیں انسان کہنا چاہیے۔

عید میلاد النبی کے مرکزی جلوس کے انتظامات مکمل
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)انجمن غلامانِ مصطفی جوہرآباد کا اجلاس انجمن کے صدر مرزا عبدالرزاق طاہر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں جشن عید میلاد النبی کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے نکالے جانیوالے عظیم الشان جلوس میلاد النبی میں انجمن غلامانِ مصطفی کے عہدیداران و کارکن بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس میلاد مصطفی جوہرآباد شوگر ملز روڈ سے شروع ہوگا اور اپنے روایتی راستوں بلاک نمبر12،بلاک نمبر6،سہگل چوک،سول لائنز،کالج چوک، حبیب بینک چوک،اور سرور شہید چوک سے ہوتا ہوا دفتر انجمن غلامانِ مصطفےٰ مین بازار پہنچ کر صلوۃ و سلام کیساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس منعقد ہو گی جس میں اہلسنت کے ممتاز علماءِ کرام سیرت طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے بعد ازاں شرکاء میں تبرک تقسیم کیا جائے گا۔ 

ماڈل ہائی سکول جوہرآباد میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول جوہرآباد میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا‘ سیمینار میں سکول کے تدریسی سٹاف اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکول کے ہیڈ ماسٹر ملک شاہد اقبال اور ٹریفک ایجوکیشن ونگ کے اے ایس آئی اظہر ممتاز خان اور اکرام اﷲ نے طلباء کو تفصیلی لیکچرز دیئے۔ اس دوران مقررین کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے عوام الناس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ زیادہ تر روڈ حادثات ٹریفک قوانین سے عدم واقفیت کی بنا پر ہوتے ہیں اس لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام الناس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا شعور اُجاگر کرنے کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔

بلدیاتی اداروں سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے، غوث نیازی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے صدر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگی قائدین نے بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کا عزم کر رکھا ہے انشاء اﷲ ضلع خوشاب کے بلدیاتی اداروں کی سربراہی پاکستان مسلم لیگ ن کے ہی حصے میں آئے گی۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹریٹ جوہرآباد میں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ضلع خوشاب کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی توانائیاں عوامی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ بلدیاتی نمائندگان پر لازم ہے کہ وہ اپنی توانائیاں ذاتی مفادات کی بجائے عوام کو مسائل سے نکالنے اور اُن کا معیارِ زندگی بلند کرنے کیلئے وقف کر دیں۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گذشتہ تین سالوں میں ملک و قوم کو درپیش معاشی و اقتصادی بحرانوں سے نجات دلانے اور وطن عزیز کا بین الاقوامی سطح پر وقار بلند کرنے کیلئے ٹھوس کردار ادا کیا جس کے نتیجہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کی
توجہ پاکستان کی جانب مبذول ہوئی۔ اُنھوں نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے حکومت کی بہترین حکمت عملی اور مدبرانہ پالیسیوں کا ثمر ہیں۔اُنھوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں پر تسلسل کیساتھ عملدرآمد جاری رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

جوہرآباد، قتل میں ملوث کامران کو 26سال قید 5لاکھ جرمانہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب سجاد حسین سندھڑ نے تھانہ صدر جوہرآباد کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد کامران کو 26سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے ملزم کامران نے 27جولائی 2014ء کو اراضی کے تنازعہ پر شیر افضل کو قتل کر دیا تھا۔ صدر پولیس جوہرآباد نے ملزم کی 
خلاف زیر دفعہ 302ت پ مقدمہ درج کر کے بعد از تفتیش چالان فاضل عدالت کو بھجوایا تھا۔ 

بلدیاتی الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیدیا، وارث کلو
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پنجاب اسمبلی کے رُکن ملک محمد وارث کلو نے کہا ہے کہ ضلع خوشاب کے عوام نے بلدیاتی معرکہ آرائی میں پاکستان مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ دے کر کامیابی سے ہمکنار کیا انشاء اﷲ ضلع کونسل سمیت خوشاب کے تمام بلدیاتی اداروں کی سربراہی مسلم لیگ ن کے ہی حصے میں آئے گی۔جوہرآباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ حکومت مخالف قوتوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود اور علاقائی ڈویلپمنٹ کا کوئی ایجنڈا نہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ایک مربوط حکمت عملی کے تحت عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے اور ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔بلدیاتی اداروں کی فعالیت کے بعد اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہوگا اور تمام ترقیاتی کام عوام کی ترجیحات اور تجاویز کی روشنی میں ہونگے۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت نے تمام ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے اور انشاء اﷲ اپنی آئینی مدت کے دوران ہی عوام کیساتھ کیا جانیوالا ہر وعدہ پورا کرے گی۔ 
تلاش گمشدہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نیشنل کالونی جوہرآباد سے نوجوان سید محسن علی شاہ المعروف کاکا شاہ پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا۔ محسن علی شاہ کے والد سید ریاض حسین شاہ کے مطابق اس کا دماغی توازن درست نہیں ہے وہ 13 دسمبر کو گھر سے نکلا اور ابھی تک واپس نہیں آیا اس کی گمشدگی کے حوالے سے تھانہ سٹی جوہرآباد میں باقاعدہ رپورٹ درج کرا دی گئی ہے اگر کسی کو اس کے بارے میں معلوم ہو تو وہ تھانہ سٹی جوہرآباد سے رابطہ کریں۔

نوشہرہ ، قتل کے ایک مجرم کو سزائے موت، ایک عمر قید ، پانچ بری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایڈیشنل سیشن جج جوہرآباد ضیاء الطارق نے تھانہ نوشہرہ کے مشہور مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم عنصر لطیف کو سزائے موت ‘ دس لاکھ روپے جرمانہ اور ملزم امیر سلطان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے مقدمہ کے پانچ دیگر ملزمان محمد سعید ‘ محمد اشرف ‘ عزیز احمد ‘ مسماۃ منظوراں خاتون اور شہادت خاتو کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 16مئی 2012ء کو دیرینہ عداوت کی بنا پر ایک شخص نور محمد کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جب وہ تاریخ پیشی بھگتنے کیلئے عدالتوں میں جا رہا تھا نوشہرہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے بعد از تفتیش چالان فاضل عدالت میں پیش کیا تھا۔ 
;
Urdu Local Newspaper Urdu Local Newspaper Reviewed by Khushab News on 11:20:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.