ضلع خوشاب ماضی کے جاگیرداروں نے تعلیم کا بیڑہ غرق کیا


asif bha
صوبائی وزیرجنگلات ملک آصف بھا پرئیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے عہدیداروں سے حلف لے رہے ہیں

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صوبائی وزیر جنگلات ملک محمد آصف بھا نے پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسو سی ایشن ضلع خوشاب کی ایک منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے قبل ضلع میں جاگیر دارانہ اور وڈیرہ شاہی کی سوچ رکھنے والوں نے تعلیمی میدان میں ضلع کو پست رکھا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت منتخب ہوتے ہی خادم اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں معاشرتی اور ملکی ترقی کیلئے تعلیم کے حصول کو پہلی ترجیح دی یہی وجہ ہے کہ ہماراصوبہ اب تعلیم کے میدان میں بتدریج ترقی کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں تعلیم کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سکول اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس لئے ان کے تمام مسائل کو حل کروایا جائے گا۔ صوبائی وزیر فاطمہ جناح ہال جوہرآباد میں پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے انشاء اﷲ 2018ء تک کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ۔اُنھوں نے تعلیم کے فروغ میں نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکولز سرکاری تعلیمی اداروں کے شانہ بشانہ شرح خواندگی کا گراف بلند کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں حکومت نو نہالانِ قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے ان تعلیمی اداروں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انشاء اﷲ پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنھوں نے پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے صدر رضا علی خان نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے محدود وسائل اور انتہائی کم فیسوں کے باوجود طلباء و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے اِن اداروں کی نہ ہی تو سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور نہ ہی ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ضلع خوشاب میں فروغِ تعلیم کیلئے سرگرم عمل 147 پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن کے منتظر ہیں لیکن اُن کے کیسز سرخ فیتے کا شکار ہیں۔ تقریب سے ملک تنظیر الحسن اعوان ‘ وسیم رضا‘ ملک عصمت نواز‘ سلیم ساجد اور دیگر راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر جنگلات ملک محمد آصف بھا نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ حلف اُٹھانے والے عہدیداروں میں سرپرست اعلیٰ ملک عصمت نواز‘ صدر رضا علی خان‘ سینئر نائب صدر مظفر اقبال خٹک‘ نائب صدر محمد خلیل‘ جنرل سیکرٹری حافظ محمد مختار‘ جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عبدائروف‘ فنانس سیکرٹری سکندر حیات ‘ سیکرٹری اطلاعات محمد خورشید انور ‘ نمائندہ ایف اے ایس محمد وسیم رضا ‘ تحصیل نوشہرہ کے صدر محمد نعیم ظفر‘ قائدآباد کے صدر اقبال احمد‘ نورپورتھل کے صدر محمد صابر وڈھل‘ نمائندہ ای وی ایس شرجیل ریاض‘ نمائندہ ہائی سکولز محمد سبطین اور ڈی آر اے ممبر سلیم ساجد شامل ہیں۔ بعد ازاں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر رضا علی خان کی قیادت میں فاطمہ جناح ہال سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور شرکائے ریلی نے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے زیر التواء کیسز کو جلد نمٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔

;
ضلع خوشاب ماضی کے جاگیرداروں نے تعلیم کا بیڑہ غرق کیا ضلع خوشاب ماضی کے جاگیرداروں نے تعلیم کا بیڑہ غرق کیا Reviewed by Khushab News on 8:48:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.