تنقید سے گھبرانے والی نہیں، کنزہ مرتضیٰ


press club jauharabad

ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضی ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی ہیں

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی سی او خوشاب محترمہ کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ تنقید سے نہیں گھبراتی ، عورت ہونا میرے فرائض کی ادائیگی میں کبھی حائل نہیں ہوا،اثر و رسوخ دکھانے یا رعب جمانے نہیں بلکہ ضلع خوشاب میں بطور پبلک سرونٹ عوام کی خدمت کا فرض ادا کرنے آئی ہوں ۔ وہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں صحافیوں کے تعارفی تقریب کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جوہرآباد عاصمہ اعجاز چیمہ‘ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ نبیلہ ملک اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر تابندہ امجد اور ڈسٹرکٹ پریس کلب و ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب کے عہدیدار اور ممبران موجود تھے ۔محترمہ کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ صحافی اپنے قلم کی طاقت سے معاشرے کی اصلاح اور سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اس لئے قلم کی حرمت برقرار رکھتے ہوئے صحافی عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے اور عوام الناس کو حقائق سے باخبر رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ضلعی انتظامیہ مثبت اور تحقیقی رپورٹنگ کرنیوالے صحافیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی اور اُن کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ ڈی سی او نے مزید کہا کہ مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد کے عہدیداران و اراکین تحقیقی رپورٹنگ کے فروغ کیساتھ ساتھ زرد صحافت اور بلیک میلنگ کا راستہ روکنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ۔ کنزہ مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ زرد صحافت معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے اس کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اس لئے اپنی توانائیاں سماجی برائیوں کے خاتمہ اور عوامی مسائل کی نشاندہی کیلئے بروئے کار لائیں۔ ضلعی انتظامیہ معاشرے کی اصلاح کیلئے صحافیوں کی جانب سے آنیوالی تجاویز کا بھرپور خیر مقدم کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر الطاف چغتائی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد 1984ء سے اعلیٰ صحافتی اقدار کے فروغ ‘ زرد صحافت اور بلیک میلنگ کا راستہ روکنے کیساتھ ساتھ نئے صحافیوں کی کردار سازی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ صحافیوں کے اس باوقار ادارے کو گذشتہ تین دہائیوں سے آل پاکستان محفل نعت منعقد کرانے کا اعزاز بھی حاصل ہے جس میں بین الاقوامی شہرت کے حامل ثناء خوانِ مصطفی اور ملک بھر سے ہزاروں عاشقانِ رسول شرکت کرتے ہیں۔ اُنھوں نے پریس کلب کے عہدیداروں و اراکین کی جانب سے یقین دہانی کرائی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب کے صدر رانا ظہیر ساجد نے کہا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ اراکین ایک ٹیم ورک کے تحت معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمہ اور اصلاحِ معاشرہ کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور انشاء اﷲ میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے مابین مثالی تعاون کی فضا برقرا ررہے گی۔ اجلاس میں نظامت کے فرائض چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے۔ بعد ازاں ڈی سی او خوشاب نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد کے ریسٹ ہاؤس اور لائبریری کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر اُنھوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے صحافیوں کے مسائل اور مشکلات کے ازالہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ قبل ازیں جب محترمہ کنزہ مرتضیٰ دیگر افسران کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد پہنچیں تو پریس کلب کے عہدیداروں و اراکین نے اُن کا والہانہ استقبال کیا اور اُن پر گلپاشی کی۔ 
khushabnews;
تنقید سے گھبرانے والی نہیں، کنزہ مرتضیٰ تنقید سے گھبرانے والی نہیں، کنزہ مرتضیٰ Reviewed by Khushab News on 4:15:00 PM Rating: 5

1 تبصرہ:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.