ہفتہ 23 جولائی 2016 کی خبریں




سبزیوں‘ پھلوں کی مصنوعی قلت ‘قیمتوں میں اضافہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) رمضان المبارک کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیکنگ نہ کرنے کے باعث باعث پھلوں و سبزیوں کی قلت عروج پر اور ان کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، سبزیوں کی ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مڈل مین اور مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ ملی بھگت سے دو رو ز کے دوران قیمتوں میں100فیصد اضافہ کے باعث سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں ،جبکہ پھلوں کی صورتحال بھی اسی طرح ہے ، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازار میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیکنگ اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مربوط نظام تشکیل دیکر مصنوعی مہنگائی سے عوام کو بچایا جائے۔ دوسری طرف آڑھتیو ں اور کسانوں کا کہناہے کہ بارشی پانی کھیتوں میں کھڑا ہے جس سے پہلے ہی لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے اور پیدوار انتہائی متاثر ہوئی ہے ،اور سینکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب ہونے پر اب مزید ایک ڈیڑھ ماہ تک متاثرہ اراضی پر کوئی کاشت نہیں ہو سکتی،موجودہ صورتحال اور پھلوں و سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی ردوبدل کسان اور منڈیوں کے بیوپاری بھی پریشان ہیں کیونکہ پیدوار میں کمی جبکہ طلب بڑھی ہے۔

نورپور تھل ٹوٹی سڑکیں حادثات کا باعث بن رہی ہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جھرکل روڈ ‘ بمبول روڈ ویگر روڈ ز پر گڑھے پڑ گئے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب نوٹس لیں‘ شہری بروقت مرمت نہ ہونے اور فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث تحصیل نور پور تھل کو درجنوں دیہات سے ملانے والی تمام رابطہ سڑکیں تباہی کی وجہ سے حادثات کا سبب بننے لگیں۔سڑکوں کی تباہی کے باعث آمد و رفت محال ہو گئی۔درجنوں دیہات جھرکل روڈ،بمبول روڈ،شاہ والہ، راہداری، پیلو وینس،جاڑا،سمیت تمام رابطہ سڑکیں مکمل تباہ ہو چکی ہیں جن پر سفر دشوارہو چکا ہے ،جگہ جگہ پڑنے والے گڑھے اور بارش کی وجہ سے کناروں کی تباہی سے گاڑیاں کھٹارہ ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ تھل کی تمام رابطہ سڑکیں نئے سرے سے تعمیر کرنے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں۔

موٹر سائیکل کی ٹکر سے راہگیر زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بلاک نمبر29میں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے ایک راہگیر حسنین حیدر ولد قلب حسین کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا‘ مضروب حسنین حیدر کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 

ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے سہگل پل بولہ کے نزدیک مشکوک حالت میں گھومنے والے ایک شخص محمد نواز وڈھل کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے۔ ملزم نواز وڈھل کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

اشتہاری گرفتار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے منگور روڈ پر چھاپہ مار کر اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث دو ملزمان عمر دراز شہبازی اور محمد رفیق کو گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضہ سے بالترتیب بندوق بارہ بور اور رائفل سیون ایم ایم برآمد ہوئی ہے دونوں ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

سرکاری رقبہ بااثر افراد کو اونے پونے الاٹ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر26ایم بی کے مکینوں نے گاؤں سے ملحقہ چراگاہ کا 9ایکڑ رقبہ بااثر افراد کو آلاٹ کرنے پر ڈی سی او کمپلیکس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بااثر افراد کو الاٹ کیا جانیوالا چراگاہ کا رقبہ شاملات دیہہ میں شامل ہے جس پر گاؤں کے مکینوں کا مساوی حق ہے اسسٹنٹ کمشنر قائدآباد نے بااثر افراد کیساتھ ملی بھگت کر کے 2600روپے فی ایکڑ کے حساب سے الات کر دیا ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چراگاہ کے اس رقبہ کی غیر قانونی الاٹمنٹ ختم کی جائے۔ 

ڈی ایچ کیو ہسپتال ، ایک بیڈ پر تین تین مریض
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں موسم برسات کے دوران پیدا ہونیوالی بیماریوں کے باعث مریضوں کیلئے جگہ کم پڑ گئی‘ ہسپتال کے مختلف وارڈوں میں ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض زیر علاج ہیں اور مزید مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش باقی نہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں ادویات کی کمی نہیں اور علاج کیلئے آنیوالے تمام مریضوں کو سرکاری سطح پر علاج کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں لیکن جگہ کی کمی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ضلع خوشاب میں محکمہ صحت کے سب سے بڑے ادارہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے اُنھوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد غالبا پنجاب کا وہ واحد ہسپتال ہے جو محکمہ صحت کے کیریٹیریا پر پورا نہیں اُترتا محکمہ صحت کے کیریٹیریا کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال 225بستروں پر مشتمل ہوتے ہیں لیکن اس ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 125ہے۔ اُنھوں نے ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے مزید 100بیڈز کے اضافہ کا مطالبہ کیا۔ اس ضمن میں جب ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نذر حیات مجوکہ سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے بتایا کہ بیڈز میں اضافہ کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کو بارہا یاددہانی کرائی گئی ہے لیکن ابھی تک اس ضمن میں کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔

شہری بدبو دار پانی پینے پر مجبور
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نیو سیٹلائٹ ٹاؤن جوہرآباد میں واٹر سپلائی اور سیوریج پائپ لائن ٹوٹ جانے کے باعث شہری سیوریج ملا گندہ اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے پورا علاقہ پیٹ کی بیماریوں کی لپیٹ میں ہے ضلعی انتظامیہ اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے انجمن تحفظ حقوق شہریاں جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن نے بتایا کہ سیوریج پائپ لائن دو ہفتے قبل ٹوٹی تھی اور اس کا پانی واٹر سپلائی کی پائپ لائن میں مکس ہو رہا ہے ٹی ایم اے کے پاس بار بار شکایت درج کرانے کے باوجود ابھی تک پائپ لائن درست کرنے کیلئے کوئی عملی تحرک نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں جب تحصیل میونسپل آفیسر شاہد فاروق وڑائچ سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے بتایا کہ ٹی ایم ا ے کا سٹاف سیٹلائٹ ٹاؤن میں تمام پائپ لائنوں کا جائزہ لے رہا ہے تاہم ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ سیوریج کا پانی کہاں سے واٹر سپلائی پائپ لائن میں مکس ہو رہا ہے۔ ابھی تک فالٹ ٹریس نہیں ہو سکا انشاء اﷲ بہت جلد یہ مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔ 
khushabnews
ہفتہ 23 جولائی 2016 کی خبریں ہفتہ 23 جولائی 2016 کی خبریں Reviewed by Khushab News on 7:27:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.