جمہوریت کے بغیر ترقی ممکن نہیں






خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مضبوط اور مستحکم جمہوریت کے بغیر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں‘ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ وزراء کی فوج ظفر موج کی شہ خرچیاں قومی خزانے پر بوجھ ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام کے حصہ میں کچھ نہیں آتا۔ وہ ڈسٹرکٹ بار کے ارکان سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست اور اداروں میں کرپشن پوری طرح سرائت کر چکی ہے اور آٹھ ارب روپے سالانہ کرپشن ہو رہی ہے۔ ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے کہ کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے آواز بلند کرے۔ اُنھوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے عدالتی کمیشن کا قیام ضروری ہے پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں لیکن کرپشن کا عفریت ہمارے وسائل کو نگل رہا ہے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اس وقت اسلام اور عالم اسلام طاغوتی قوتوں کی سازشوں کی زد میں ہے جب تک عالم اسلام متحد نہیں ہوگا اُس وقت تک ان سازشوں کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ طاغوتی قوتیں ہمیں آپس میں لڑانا چاہتی ہیں اسلئے ہمیں متحد ہو کر ایک پلیٹ فارم پر کھڑا ہونا ہوگا۔ کشمیر کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اہمیت دی اور کشمیری بھائیوں کی اخلاقی مدد کا سلسلہ جاری رکھا ‘ اب وادی کشمیر میں بھارتی درندوں کے مظالم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام ناقابل برداشت ہو چکا ہے جماعت اسلامی چوبیس جولائی کو لیاقت باغ راولپنڈی اور اکتیس جولائی کو لاہور میں کشمیری مسلمانوں کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ ہمارا ملک پہلے ہی بحرانوں میں گھرا ہوا تھا اب وزیراعظم کی بیماری کے باعث معاشی و اقتصادی بحرانوں کیساتھ ساتھ سیاسی بحران بھی پاکستان کا مقدر بن چکا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں اس لئے ہم وکلاء کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اُنھوں نے سرگودھا میں لاہور ہائی کورٹ کا بینچ قائم نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کو مقامی سطح پر اعلیٰ عدالتوں سے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہائی کورٹ بینچ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ قبل ازیں اُنھوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کے صدر ملک محمد یونس اعوان او رجنرل سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی راہنما لیاقت بلوچ نے پنجاب بار کونسل کے رُکن ملک حبیب نواز ٹوانہ کے جواں سال بیٹے بلال حبیب ٹوانہ کے انتقال پر اُن کے ہڈالی جا کر تعزیت کی۔ بعد ازاں تحصیل کونسل خوشاب کے ہال میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے کرپشن کے خاتمہ کے حوالے سے شروع کی جانیوالی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اُنھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت ہے جو نظریہ پاکستان کے تحفظ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے میدانِ عمل میں ہے ۔ انشاء اﷲ کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنی جراتمندانہ جدوجہد جاری رکھے گی۔
khushabnews
جمہوریت کے بغیر ترقی ممکن نہیں جمہوریت کے بغیر ترقی ممکن نہیں Reviewed by Khushab News on 6:41:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.