آج کا اخبار۔ جمعہ 22 جولائی







جگہ جگہ کھلے پٹرول کی غیر قانونی فروخت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد شہر اور گردونواح کے علاقوں میں دوکانداروں نے جگہ جگہ کھلے عام غیر قانونی پیٹرول ایجنسیاں کھولی ہوئی ہیں بغیر کسی اجازت نامے اور حفاظتی انتظامات کے بغیر پٹرول فروخت کیا جارہا ہے ور اس پر مستزادکہ نہ صرف غیر قانونی پٹرول فروخت کیا جارہا بلکہ حکومت کے مقرر کردہ نرخ سے زائد من مانے خود ساختہ ریٹ وصول کیے جارہے ہیں رہائشی علاقوں اور گلی محلوں میں قائم یہ غیر قانونی پٹرول کی فروخت کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ میاں سعید ساجد، امتیاز الحسن گجر،ملک طارق اعوان و دیگر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے واضح احکامات کے باجود پولیس اور سول ڈیفنس کے حکام کی اس بارے کئی بار توجہ مبذول کرائی گئی ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی شہریوں نے ڈی سی او خوشاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا کہ جگہ جگہ پٹرول فروخت کیخلاف کارروائی کی جائے اور گلی محلوں میں قائم اس موت کے کاروبار کو بند کرایا جائے۔

پرائمری اساتذہ کی تین روزہ ورکشاپ یکم اگست سے شروعخوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ضلع خوشاب کے تمام مردانہ وزنانہ پرائمری سکولز اساتذہ کی تین روزہ تربیت یکم اگست سے شروع ہو رہی ہے۔ یہ تربیت جماعت دوم او رسوئم کے مضامین اردو ،انگلش اورریاضی کیلئے بنائے گئے مواد کی تدریس بارے کرائی جائے گی۔ ضلع میں تین روزہ تربیت ہائی سکولوں میں قائم کلسٹر سنٹرز میں منعقد ہوگی۔ ڈسٹر کٹ ٹیچر ایجوکیٹر ملک اصغر علی اعوان نے بتا یا کہ پہلے مرحلہ میں تربیتی پروگرام یکم اگست سے تین اگست ،دوسرے مرحلہ میں چار اگست سے 6اگست تک جبکہ تیسرے اورآخری مرحلہ میں تربیت 8اگست سے 10اگست تک کرائی جائے گی۔

چوک چوراہے فلتھ ڈپو بن گئے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ٹی ایم اے کی مجرمانہ غفلت اورلا پرواہی کے سبب ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کے چوک اور چوراہے فلتھ ڈپو بن گئے۔ گلیوں اور بازار میں کوڑہ کرکٹ بکھرا ہوا ہے جسے اٹھانے والا کوئی نہیں۔ ٹی ایم اے کے عملہ صفائی کی غیر حاضری کے بعد گٹر اْبل رہے ہیں ار وہاں سے نکلنے والی گندگی و غلاظت شہریوں کیلئے وبالِ جان بنی ہوئی ہے ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور ٹی ایم اے کو صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کا پابند بنائے۔ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف جوہرآباد کے رہنما ملک نذیر اعوان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اْنھوں نے بتایا کہ ٹی ایم اے کے کسی ایک سینٹری ورکر نے بھی صحت و صفائی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ جس کی وجہ سے گلیوں ‘ بازاروں ‘ چوکوں وار چوراہوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اکٹھے ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون کا موسم شروع ہو چکا ہے اگر کوڑے کرکٹ اور گندگی و غلاظت کے ان ڈھیروں کو نہ اٹھایا گیا تو بارش کے دوران شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا اْنھوں نے ضلعی انتظامیہ سے استدعا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹی ایم اے سٹاف کو ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنایا جائے۔

پتنگ بازوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صوبائی حکومت کی جانب سے پتنگ بازی اور پتنگ فروشی پر عائد پابندی کے احکامات کی روشنی میں ڈی پی او خوشاب غلام جیلانی نے تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں پتنگ بازوں کے خلاف قانون کو حرکت میں لائیں۔ ڈی پی او آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہ پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ پتنگ بازی کے نتیجہ میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اس لئے اس مشغلہ کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں موجود پتنگ فروشوں اور پتنگ اڑانوں کے خلاف حسب ضابطہ کاروائی عمل میں لائیں۔ اگرکسی بھی تھانے کی حدود میں پتنگ بازی کے باعث کوئی سنگین واقعہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ ایس ایچ او پر ہو گی۔ 

خودکشی کی کوششیں ناکامخوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں ایک شادی شدہ خاتون سمیت دو افراد کی جانب سے کی جانیوالی خود کشی کی کوشش ناکام ہو گئی‘ ہڈالی میں چوبیس سالہ خاتون آسیہ زوجہ محمد رمضان نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر نیلا تھوتھا کھا لیا جبکہ چک نمبر32ایم بی میں اورنگزیب ولد احمد یار نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر چوہے مار گولیاں نگل لیں۔ خود کشی کی کوشش کرنیوالے دونوں افراد کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُن کا معدہ واش کیا اور بروقت طبی امداد ملنے کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں۔

خاتون سمیت چار زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ خوشاب روڈ پر ہوا جہاں ایک تیز رفتار ویگن نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں اعوان پورہ خوشاب کا رہائشی موٹر سائیکل سوار محمد یعقوب ولد متاع اور اس کی بیوی فوزیہ زخمی ہو گئی۔ دوسرا حادثہ جبی میں ہوا جہاں موٹر سائیکل اور وین کے تصادم میں ایک شخص حبیب اﷲ ولد میاں محمد زخمی ہوا‘ تیسرا حادثہ مظفر گڑھ روڈ پر شیل پٹرولیم کے نزدیک جہاں ایک وزنی ٹرالر نے مژدے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں پشاور کا رہائشی عامر خان ولد نعمت اﷲ زخمی ہو گیا۔ چاروں زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں مضروب عالم خان اور مسماۃ فوزیہ کی حالت تشویشناک ہے۔ 

راستہ روکنے پر مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے ایک شخص عثمان احمد خان اور اس کے نامعلوم ساتھی کیخلاف سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی نعمان اجمیری کا راستہ روکنے اور اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 506اور 341ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق فریقین کے مابین گھریلو رنجش چلی آ رہی تھی گذشتہ روز جب نعمان اجمیری خوشاب سے واپس جوہرآباد آ رہا تھا کہ راستہ میں ملزمان نے اس کی کار کو روکا اور اُسے خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔

گروٹ میں ڈکیتی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گروٹ روڈ پر ہائی سکول سے ملحقہ پینٹ کی دوکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران تین ڈاکوؤں ذیشان عرف شانی ‘ معراج اور ہنی شاہ نے اسلحہ کی نوک پر دوکان کے مالک سے دس ہزار روپے کی نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے خوشاب پولیس نے ڈاکوؤں کیخلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 

ایک شخص اغوا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے دو افراد علی شیراز اور ایاز کے خلاف 26سالہ علی حسین کو اغواء کرنے کے الزام میں زیر دفعہ 365ت پ مقدمہ درج کیاہے۔ یہ مقدمہ علی حسین کے والد منور حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان 20یوم قبل سیر کے بہانے گاڑی پر بٹھا کر لے گئے اور ابھی تک نہ ہی علی حسین کا سراغ ملا او رنہ ہی ملزمان واپس آئے۔ ایف آئی آر میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ملزمان نے علی حسین کو اغواء کیا ہے۔ 

وکلا کی ہڑتالجوہرآباد(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ بار جوہرآباد کے وکلاء نے لاہور ہائی کورٹ کے ریجنل بینچز قائم نہ کرنے کے فیصلہ کے خلاف دوسرے روز بھی ہڑتال کی جمعرات کے روز بھی ضلع خوشاب کا کوئی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا اور مقدمات کی پیروی کیلئے دور دراز کے علاقوں سے آنیوالے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے صدر ملک محمد یونس اعوان اور جنرل سیکرٹری سید مزمل رضا زیدی نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے ریجنل بینچز قائم نہ کرنا دور افتادہ علاقوں کے مکینوں کو اعلیٰ عدالتوں سے انصاف سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے وکلاء سرگودھا میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کے قیام کیلئے گذشتہ چار سالوں سے آواز بلند کر رہے ہیں اور اب نئے ریجنل بینچز قائم نہ کرنے کا فیصلہ کر کے چاروں اضلاع کو عوام کو انصاف سے محروم رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

khushabnews
آج کا اخبار۔ جمعہ 22 جولائی آج کا اخبار۔ جمعہ 22 جولائی Reviewed by Khushab News on 11:02:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.