متاثرین کا احتجاج


 محمد رمضان بگھور‘ حبیب اﷲ بگھور ‘ عمر حیات اولکھ کی قیادت میں ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہر ین



خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چشمہ جہلم لنک کینال سے متاثرہ آدھی کوٹ کے مکینوں نے محمد رمضان بگھور‘ حبیب اﷲ بگھور ‘ عمر حیات اولکھ کی قیادت میں ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ مظاہرہ میں آدھی کوٹ کے مقامی سیاستدان گل اصغر بگھور کے بھائی شاہد بگھور ایڈوکیٹ نے بھی شرکت کی ۔مظاہرین تھل کے مواضعات آدھی کوٹ ‘ رنگپور بگھور ‘ چن اور دیگر ملحقہ چکوک کو سی جے لنک کینال سے رسنے والے پانی کی تباہ کاریوں سے نجات دلانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ 
مظاہرین کا کہنا تھا کہ صحرائے تھل کا سینہ چیر کر دو دریاؤں کو ملانے والی چشمہ جہلم لنک کینال کے کنارے کچے اور علاقہ صحرائی ہونے کے باعث وہاں سے رسنے والا پانی علاقہ کے مکینوں کیلئے عذاب بنا ہوا ہے اس وقت آدھی کوٹ کے گرد و نواح میں آٹھ ‘ آٹھ فٹ سیم کا گندہ پانی کھڑا ہے اور اس گاؤں کے مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ گندے اور بدبودار پانی کے جوہڑ مکھیوں اور مچھروں کے افزائش گاہ بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ میں وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے اس لئے ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ سیم و تھور کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ دریں اثناء آدھی کوٹ کے کسانوں کے ایک نمائندہ وفد نے ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ سے ملاقات کی اور اُنھیں علاقہ میں سیم کے باعث بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ چشمہ جہلم لنک کینال کی تباہ کاریوں کے باعث بنجر اور ویران ہونیوالی 4150ایکڑ اراضی کے مالکان کو متبادل رقبہ فراہم کیا جائے۔ سیم کے باعث آدھی کوٹ میں جن مکانات کو نقصان پہنچا ہے اُن کا معاوضہ ادا کیا جائے اور گندے پانی کے جوہڑ ختم کرنے کیلئے محکمہ ایریگیشن کو ٹیوب ویل لگا کر پانی نکالنے کا پابند بنایا جائے۔ ڈی سی او خوشاب نے کالونی آفیسر عمر فاروق کو موقع پر جا کر معائنہ کرنے اور تفصیلی رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
khushabnews
متاثرین کا احتجاج متاثرین کا احتجاج Reviewed by Khushab News on 7:53:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.