ہفتہ 13 اگست 2016 کا اخبار


خوشاب میں ڈکیتی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈاکوؤں نے بیکری مالک سے ساڑھے 25ہزار روپے چھین لئے،کٹھہ چوک خوشاب کے نزدیک مسلح تین افراد نے بیکری مالک شوکت سلیم سے ساڑھے 25ہزار روپے چھین لئے اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے شوکت کی رپورٹ پرنامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ضلع کچہری کی سیکورٹی سخت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کے تناظر کے سبب عدالتوں اور دیگر اہم مقامات پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے ضلع خوشاب کا دورہ کیا۔ انسپکشن ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر او پی ایس ڈی او ایم شہزاد خرم ‘ شفقت اﷲ ریجنل آفیسر ایس پی سرگودھا ‘غلام جیلانی ٹوانہ ا یس پی رینج کرائم غلام فرید ڈائریکٹر آئی بی سرگوودھا شامل تھے ٹیم نے سیشن کورٹ جوہرآباد ‘ نادرہ آفس اور ڈی پی او آفس کا معائنہ کیا اور سیکورٹی کے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اس موقع پر انسپکشن ٹیم نے سیکورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔

کلرک تبدیل
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق نے لائیو سٹاک آفس خوشاب کے جونیئر کلرک محمد بابر کو لائیو سٹاک آفس بھکر تبدیل کر دیا ہے تاہم ان کی جگہ پر ابھی تک کوئی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی۔

ڈسٹرکٹ بار میں ہڑتال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کے وکلاء نے سانحہ کوئٹہ کے خلاف مکمل ہڑتال کی جس کی وجہ سے کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہواجبکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پولیس تھانہ قائدآباد نے ناجائز اسلحہ کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران تین افراد جہان خان ‘ منصب خان اور خدا بخش سکنائے گولیوالی کے قبضہ سے تین پسٹل تیس بور برآمد کئے ہیں پولیس نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ 

تین افراد زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نواحی کالونی جناح آبادی میں ڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح بختاور ‘ محمد رمضان ‘ محمد سہیل وغیرہ آٹھ افراد نے تین افراد محمد صدیق ‘ فرہان اور فخر کو زخمی کر دیا پولیس تھانہ سٹی جوہرآباد نے محمد امیر کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 337‘ 148وار 149ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

جشن آزادی کی تقریب
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب میں 14 اگست کو جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد دفتر ضلع کونسل ہال جوہرآباد میں ہو گا۔پروگرام کے مطابق پرچم کشائی اور و قومی ترانہ صبح 9بجے، تلاوت کلام پاک و نعت 9-05 پر،ملی نغمے ،ٹیبلواور تقاریر -15 9 منٹ پر شروع ہو نگی آخر میں خطاب گیارہ بجے ہو گا ۔بعد ازاں ساڑھے گیارہ بجے شجر کاری کی سلسلے میں پودا لگایا جائے گا ۔ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ امسال جشن آزادی کی تقریبات سادہ اور پروقار طریقے سے منعقد ہونگی ۔ 

حادثات چار افراد زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں چار افراد زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچا دیا گیا ہے۔ پہلا حادثہ مٹھہ ٹوانہ جبی روڈ پر ہوا جہاں دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں محمد لیاقت اور محمد الیاس زخمی ہوئے‘ ٹریفک کا دوسرا حادثہ نورپورتھل کے قریب ہوا جہاں ٹریکٹر کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار محمد شیر اور اس کی والدہ نیک بی بی زخمی ہو گئے۔

کانگووائرس بارے سیمینار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں محکمہ لائیو سٹاک خوشاب کے زیر اہتمام فاطمہ جناح ہال جوہرآباد میں کانگو وائرس کی علامات اور اس سے بچاؤ کیلئے ایک سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک سرگودہا اللہ دوایا ای ڈی او ایگر یکلچر خوشاب ،ڈی اولائیو سٹاک عارف حسین ،ڈی او ہیلتھ ویٹرنری آفیسرزاور محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کے فیلڈ عملہ کی علاوہ زمینداروں اور کاشتکاروں نے شرکت کی ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ازخوداور اپنے قریبی محلہ ،شہر اور دیہات میں ہمارا پیغام پہنچائیں ای ڈی او زراعت نے کہا کہ کانگو وائرس انسانی جان کے لئے بہت بٹرا خطرہ ہے یہ جانوروں کی چچڑیوں کی بیماری ہے اس کا وائرس ،وائرس زدہ جانوروں میں پایا جاتا ہے جو ایک خاص قسم کی چچڑی (ہائی لوما) کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے بیوپاری مویشی پال حضرات قصاب اورویٹرنیر ی ڈاکٹرز اس کی زد میں آسکتے ہیں لہذا ماہرین کی رائے پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی آگا ہی کو یونین کونسل سطح تک بڑھایا جائیگا ۔ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آصف محمود قاضی نے کہا کہ کانگو خطرنک مرض اس وقت ہوتا ہے جب ہم اس سی بچاؤ کا طریقہ اختیار نہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، اس سے بچنے کے
لئے صفائی ستھرائی ضروری ہے لہذا جانوروں کی صفائی اور انکی رہائش گا ہ کو صاف ستھرا رکھیں ۔اگر اس کا وائرس کسی انسان میں منتقل ہو جائے تو اس کی علامات تیز بخار ،غنودگی ،آنکھوں کا سوجنا ،متلی آنا ،پیٹ میں درد اور جگر کا بڑھنا ہے لہذا ایسی صورت میں اپنے قریبی مرکز صحت سے فوری رابطہ کریں تا کہ اس کا علاج معالجہ بر وقت ہو سکے ۔قبل ازیں اے ڈی آئی او مختار احمد نے ایک ٹریننگ سیشن منعقد کیا ۔سیشن میں انہوں نے کانگو وائرس کی تحقیق،متاثرہ مریض کا پتہ چلانا ،اسکے خطرناک اثرات اور اس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ 

کسان پیکج میں میرٹ پر عمل ہوگا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ حکومت کے اناؤنس کردہ کسان پیکج سے کاشتکاروں کو مستفید 
کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کسانوں کی فہرستیں میرٹ کی بنیاد پر مرتب کی جائیں تاکہ کسی بھی کسان کی حق تلفی نہ ہو۔ وہ دورہ جوہرآباد کے دوران ڈی سی او کمپلیکس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈی سی اوکنزہ مرتضیٰ ‘ ای ڈی او زراعت محمد یوسف‘ ڈی او زراعت خان بہادر جاوید سمیت محکمہ زراعت کے دیگر اسران شریک تھے۔ سیکرٹری زراعت کا کہنا تھا کہ لوکل سطح پر منعقد ہونیوالے اجلاسوں میں کسانوں کو بھرپور نمائندگی دی جائے اور کسان نمائندوں کی تجاویز و آراء کو اہمیت دی جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شعبہ زراعت کے فروغ اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ نے سیکرٹری زراعت کو مقامی سطح پر کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع خوشاب میں کسان پیکج کے تحت زمینداروں بالخصوص چھوٹے کاستکاروں وکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
khushabnews
;
ہفتہ 13 اگست 2016 کا اخبار ہفتہ 13 اگست 2016 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 6:52:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.