جمعرات 18 اگست 2016 کا اخبار

کرنٹ لگنے سے لڑکی جاں بحق

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گروٹ کے نواحی گاؤں شاہ اجمل میں محمد طفیل کی جواں سال بیٹی الیکٹرک کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئی‘ متوفیہ گھریلو کام کاج میں مصروف تھی کہ اس دوران اس کا ہاتھ بجلی کی ننگی تاروں سے چھو گیا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

سیوریج کی تباہی، رپورٹ طلب

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سیوریج تباہ ڈی سی او خوشاب نے رپورٹ طلب کر لی ۔نکاسی آب کیلئے تعمیر کیا گیا نالہ کچرے سے بھر چکا صفائی کرائی جائے سماجی حلقے۔ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ نے خوشاب میں نکاسی آب کے ناقص نظام کا نوٹس لیتے ہوئے ایکسئن ایریگیشن اور ایڈیشنل کلکٹر خوشاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے یہ کاروائی میونسپل کمیٹی خوشاب کے کونسلر سرفراز میکن سماجی شخصیات ڈاکٹر محمد باقر اور محمد یونس کی جانب سے جانے والی درخواست کی روشنی میں کی گئی۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ خوشاب شہر کے مشرق کی جانب موجود نکاسی آب کا نالہ گندگی غلاظت اور کچرے کے باعث بھر چکا ہے جس سے علاقہ میں بدبو اور تعفن پھیلی ہوئی ہے اور وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔ درخواست میں نالے کی فوری صفائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

بارشی پانی کے جوہڑ، ڈینگی پھیلنے کا خطرہ

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مون سون کی بارشوں کے دوران جوہرآباد کے نشیبی علاقوں میں کھڑا ہونیوالا پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کر گیا‘ اگر گندے پانی کے ان جوہڑوں کو ختم نہ کیا گیا تو پورے علاقہ میں وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تحفظ حقوقِ شہریاں جوہرآباد کے صدر ملک محمد نذیر اعوان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں نکاسی آب کا موثر نظام نہ ہونے کے باعث بارشی پانی نشیبی علاقوں میں جمع ہو گیا اور ٹی ایم اے نے شہریوں کی جانب سے بار بار کئے جانیوالے مطالبہ کے باوجود نکاسی آب کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے یہ گندہ اور بدبودار پانی مکھیوں اور مچھروں کی افزائش گاہ بنا ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت ایک جانب تو ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مہم چلا رہی ہے اور دوسری جانب شہر کے نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو کر وبائی امراض پھیلنے کا سبب بن رہا ہے ملک نذیر اعوان نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹی ایم اے کو گندے پانی کے یہ جوہڑ ختم کرنے کا پابند بنائے تاکہ علاقہ کے مکینوں کو مہلک وبائی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ناجائز اسلحہ برآمد

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد پولیس نے لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں ملوث زیر حراست ملزم محمد ندیم ساکن گروٹ سے دورانِ تفتیش اس کی نشاندہی پر ناجائز اسلحہ تیس بور پسٹل برآمد کر کے ملزم کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دو موٹر سائیکل چوری

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں ایک ہی روز ہزاروں روپے مالیت کے دو موٹر سائیکل چوری ہو گئے‘ موٹر سائیکل چوری کی پہلی واردات افتخار ٹاؤن میں ہوئی جہاں نامعلوم چوروں نے چک نمبر53ایم بی کے رہائشی محمد فیاض کا ہنڈا 125موٹر سائیکل چوری کر لیا دوسری واردات بلاک نمبر1میں ہوئی جہاں محمد بلال کا موٹر سائیکل چوری ہو گیا۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہو سکی۔

زراعت ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)زراعت ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی او کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت ڈی سی او آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں ای ڈی او زراعت سمیت محکمہ زراعت کے تمام افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کے کسانوں کو درپیش مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا گیا اور اُن کے ازالہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے محکمہ زراعت کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے ثمرات چھوٹے کاشتکاروں تک منتقل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

تین گرداور تبدیل

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ نے محکمہ مال کے تین گرداوروں کو تبدیل کر دیا ‘ تفصیلات کے مطابق گرداور عبدالغفور کو ریونیو سرکل نوشہرہ سے تبدیل کر کے رنگپور بگھور ‘ گرداور محمد اشرف کو ریونیو سرکل رنگپور بگھور سے تبدیل کر کے آدھی کوٹ اور گرداور راجہ عبدالرحمن کو ریونیو سرکل آدھی کوٹ سے تبدیل کر کے نوشہرہ تعینات کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈی سی او خوشاب نے جونیئر کلرک محمد ناصر کا تبادلہ منسوخ کر دیا ہے۔

حادثہ ایک زخمی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قاسم کالونی کے نزدیک دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں ایک شخص سدھو خان ولد بیگ خان شدید زخمی ہوگیا‘ مضروب سدھو خان کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

تھیلسیمیا فری کیمپ آج لگے گا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارر ہسپتال جوہرآباد میں مخیر حضرات کے تعاون سے قائم کئے جانیوالے تھیلیسیمیا سنٹر میں تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کو خون دینے کیلئے دو روزہ فری کیمپ شروع کر دیا گیا جمعرات کے روز تھیلسیمیا سنٹر کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال لائے جانیوالے متعدد متاثرہ بچوں میں خون کی کمی دور کرنے کیلئے خون لگایا تھیلیسمیا سنٹر کے انچارج ڈسٹرکٹ بلڈ ٹرانسفیوژن آفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا ہے کہ تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کو کیمپ کے دوسرے روز بھی بلڈ لگایا جائے گا۔ اُنھوں نے بلڈ ڈونر سے اپیل کی کہ وہ تھیلسیمیا کے متاثرہ بچوں میں خون کی کمی دور کرنے کیلئے بڑھ چڑھ کر عطیہ دیں۔

راؤ گلزار کو اضافی چارج

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ای ڈی او ہیلتھ خوشاب ڈاکٹر نذر حیات مجوکہ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر قائدآباد ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف کو ڈپٹی ڈی او ہیلتھ خوشاب کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے۔

پوسٹ گریجویٹ کالج میں سیمینار

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جوہرآباد کے شعبہ اُردو کے زیر اہتمام بابائے اُردو مولانا عبدالحق کی برسی کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت شعبہ اُردو کے انچارج پروفیسر ملک حق نواز نے کی جبکہ تقریب کالج کے طلباء اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حق نواز ملک اور دیگر مقررین نے بابائے اُردو مولوی عبدالحق کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اُردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ملی جوش و خروش کیساتھ اپنا کردار ادا کریں اُنھوں نے کہا کہ اُردو زبان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے مولوی عبدالحق کی شخصیت ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قومی ہیروز کی خدمات کو اُجاگر کریں تاکہ آئندہ آنیوالی نسلیں اُن کی تقلید کرتے ہوئے مستقبل کی راہیں تلاش کر سکیں۔ تقریب کے اختتام پر مولوی عبدالحق مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

ایپکا کا ہنگامی اجلاس

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایپکا ضلع خوشاب کا ہنگامی اجلاس ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایپکا کی ضلعی جنرل سیکرٹری کی نامزدگی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ اجلاس میں تنویر حسین شاہ کو ضلعی جنرل سیکرٹری کے عہدہ کیلئے نامزد کیا گی تھا لیکن اُنھوں نے بعض گھریلو مجبوریوں کی بنا پر معذرت کر لی ہے اس لئے اب ضلعی جنرل سیکرٹری کا انتخاب جنرل کونسلر کی بجائے ایگزیکٹو باڈی کرے گی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو باڈی میں رد و بدل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ ملک محمد شفیع اعوان صدر ‘ ملک محمد الیاس سینئر نائب صدر‘ سید تنویر حسین شاہ سینئر نائب صدر دوئم‘ مختار عباس جونیئر نائب صدر اول ‘ امتیاز احمد چغتائی جونیئر نائب صدر دوئم‘ ملک امتیاز اعوان جنرل سیکرٹری‘ محمد بشیر ڈپٹی جنرل سیکرٹری‘ چوہدری واصف جمیل فنانس سیکرٹری ‘ شبیر حسین بھٹی پریس سیکرٹری ‘ اسد عباس شاہ ایڈیشنل پریس سیکرٹری اور رانا محمد وکیل آفس سیکرٹری ہونگے۔

ڈکیتی کی دو واردتیں

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے ڈکیتی کی دو سنگین وارداتوں میں ملوث تین نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کیا ہے‘ ایف آئی آر کے مطابق ڈاکوؤں نے ایک دوکاندار محمد اسلم اعوان سے اسلحہ کی نوک پر 35ہزار روپے کی نقدی جبکہ اسلم کالونی کے رہائشی ایک شخص احمد یار سے 28ہزار روپے کی نقدی چھین لی تھی۔

پلاٹ پر قبضے کی کوشش ناکام

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)رمضان کالونی جوہرآباد میں محمد ناصر اوڈ ‘ محمد عمران ‘ منیر احمد ‘ محمد اسلم اور اُن کے چھ نامعلوم ساتھیوں کی جانب سے چک نمبر47ایم بی کے رہائشی فیض محمد کھوکھر کے پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام ہو گئی۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے فیض محمد کھوکھر کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 447‘ 511 اور 506ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان ڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح ہو کر آئے اور پلاٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جب فیض محمد کھوکھر نے اُنھیں روکا تو ملزمان نے اُسے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ 

  khushabnews

;
جمعرات 18 اگست 2016 کا اخبار جمعرات 18 اگست 2016 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 6:38:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.