بدھ 31 اگست 2016 کا اخبار



خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآبادمیں تجاوزات کی بھرمارسے سڑکیں سکڑ گئیں،مین بازار مال روڈ اور غلہ منڈی چوک میں پیدل چلنا بھی دشوارکمشنر نوٹس لیں شہری۔مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث تجاوزات کی بھرمارسے سڑکیں سکڑ گئیں۔ ریڑھی اور ٹھیلے والوں نے مین بازار ،مال روڈ اور غلہ منڈی چوک پر قبضہ جما لیا جس سے فٹ پاتھ اور کراسنگ ایریا کا نام و نشان مٹ گیا۔بازار میں ٹریفک کی روانی تو درکنار خریداروں کیلئے پیدل چلنا بھی انتہائی دشوار ہو چکاہے ۔ انتظامیہ کی طرف سے ایکشن نہ لینے کے باعث تجاوزات میں اضافہ ہونے لگا جبکہ شہریوں سے بدتمیزی بھی معمول بن گئی ہے ۔شہریوں نے کمشنر سرگودھا ندیم محبوب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نواحی گاؤں بجار میں زہریلی چائے پینے سے ایک ہی فیملی کے چھ افراد کی حالت غیر ہو گئی‘ اُنھیں فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُن کا معدہ واش کیا اور اب اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجار کے رہائشی عبدالرحمن ولد حبیب اﷲ اُس کے دو بھائیوں ثناء اﷲ ‘ محمد احسان‘ دو بہنوں مسماۃ عصمت ‘ علیشاہ اور والدہ نسرین نے ناشتہ کیساتھ چائے پی دیکھتے ہی دیکھتے اُن کی حالت بگڑ گئی جس پر اُنھیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ جس دودھ سے چائے تیار کی گئی تھی اُس میں چھپکلی گر گئی تھی اور چائے بنانے والوں کو اس کا علم نہیں تھا۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب کے نواحی علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو افراد زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ خوشاب منگور روڈ پر ہوا جہاں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے ایک راہگیر قمر عباس ولد محمد امیر کو ٹکر مار دی۔ دوسرا حادثہ ڈیرہ انگرانانوالہ کے نزدیک ہوا جہاں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے موٹر سائیکل سوار محمد رفیق شدید زخمی ہو گیا‘ دونوں زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)رحمن کالونی جوہرآباد کا رہائشی پلمبر شوکت حیات ولد مظہر حیات کام کے دوران الیکٹرک کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا‘ پلمبر شوکت حیات ڈونکی پمپ پر الیکٹرک موٹر فٹ کر رہا تھا کہ اُسے بجلی کا جھٹکا لگا جس کے نتیجہ میں وہ دم توڑ گیا۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)منڈی مویشیاں خوشاب میں ایک بپھرے ہوئے بیل نے ٹکر مار کر تنکی والا سے مویشیوں کی خریداری کیلئے آنیوالے ایک بیوپاری محمد خان ولد محمد حیات کی پسلیاں توڑ دیں‘ مضروب محمد حیات کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب پولیس نے بدلی والا کے رہائشی ایک شخص محمد نواز کے خلاف امانت میں خیانت کرنے کے الزام میں زیر دفعہ 406ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ چک نمبر59ایم بی کے رہائشی تنویر جٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق تنویر جٹ نے اپنے مویشی محمد نواز کے ڈیرہ پر امانتا باندھے تھے جو ملزم نے فروخت کر دیئے۔ جب اس سے مویشیوں کی واپسی کا تقاضہ کیا گیا تو ملزم نے نہ تو مویشی واپس کئے اور نہ ہی مویشیوں کی قیمت ادا کی۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خواجہ سراؤں کے لٹریسی پروگرام کے تحت نئے اساتذہ کی بھرتی کے امور کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت ڈی سی او آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر محترمہ نبیلہ ملک اور ڈی او لٹریسی آسیہ نیازی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب میں خواجہ سراؤں کیلئے تعلیمی مراکز کے قیام اور اُن میں تدریسی سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے تجاویز و سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ حکومت خواجہ سراؤں کو معاشرے میں باعزت مقام دلانے اور اُنھیں زیور تعلیم سے آراستہ کر کے مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتیں فراہم کرنے میں مخلص ہے۔ اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ خواجہ سراؤں کو ایجوکیٹ کرنے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ اُنھوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر اور محکمہ لٹریسی کو خواجہ سراؤں کے تعلیمی مرکز اور تدریسی سٹاف کے حوالے سے سمری تیار کرنے کی ہدایت کی۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)فلاحی تنظیم تانگھ وسیب ایڈووکیسی نیٹ ورک کا اہم اجلاس بلاک نمبر6 جوہرآباد میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر ارم شبیر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سماجی شخصیات ملک غضنفر وڈھل‘ ملک فخر ٹوانہ‘ پٹرولنگ پولیس کی ڈی ایس پی محترمہ نیلوفر‘ تانگھ وسیب کی ضلعی صدر عابدہ پروین اور سیکرٹری اطلاعات بابر مرتضیٰ سمیت دیگر عہدیداروں و اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری سطح پر تشکیل دی جانیوالی تمام ضلعی کمیٹیوں میں خواتین کو بھرپور نمائندگی دی جائے۔ ضلع کونسل سمیت تمام بلدیاتی اداروں میں خواتین کی مخصوص سیٹوں کا کوٹہ بڑھایا جائے اور خواتین پر ہونیوالے تشدد کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تانگھ وسیب کی ڈویژنل کوآرڈینیٹر ارم شبیر کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اُنھیں پابندیوں کی زد میں لا کر معاشرتی کردار ادا کرنے سے روکنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کو بھرپور نمائندگی ملنی چاہیے ۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)وزیراعلیٰ پنجاب کی معائنہ ٹیم کے رُکن احسن شبیر نے ضلع خوشاب کا ایک روزہ دورہ کیا‘ اس دوران اُنھوں نے ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ سے ملاقات کی ‘ ملاقات کے دوران تحصیل کونسل خوشاب کے ایڈمنسٹریٹر بہزاد عادل‘ تحصیل میونسپل آفیسر شاہد فاروق وڑائچ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران تحصیل کونسل اور اس کے ذیلی یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور صحت و صفائی کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ 

khushabnews
بدھ 31 اگست 2016 کا اخبار بدھ 31 اگست 2016 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 7:36:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.