بدھ 10 اگست 2016 کا اخبار


موٹر سائیکل سور جاں بحق
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نورپورتھل، کھڑی ٹرالی سے ٹکر ا کر موٹر سائیکل سوار جاں بحق۔محمد رفیق خان سول ہسپتال کے قریب حادثہ کا شکار ہوا، طبی امداد ملنے سے قبل ہی چل بساسڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر اکر موٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیل کے مطابق نور پور تھل کا رہائشی محمد رفیق خان شہر سے موٹر سائیکل سوار ہو کر اپنے ڈیرہ پٹھانانوالہ پر جا رہا تھا کہ سول ہسپتال کے قریب سڑک کے کنارے کھڑی ٹرالی کیساتھ ٹکرا گیا۔ مرحوم کسی بھی کسی طبی امداد ملنے سے قبل ہی چل بسا۔ مرحوم محمد رفیق خان کی لاش گھرپہنچی تو علاقہ میں کہرام مچ گیا

کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محلہ دربار محمد سلطان جمالی گروٹ میں ایک اوباش نوجوان جاوید سعید کی جانب سے ایک آٹھ سالہ بچی کو بے آبرو کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی‘ سٹی پولیس جوہرآباد نے کمسن بچی کے والد کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 376 اور 511ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی اپنی اہلیہ کے ہمراہ مونجی کی پنیری لگانے کیلئے کھیتوں میں گیا ہوا تھا اس کی عدم موجودگی میں ملزم جاوید سعید اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس کی آٹھ سالہ بچی کو زبردستی اٹھا کر کمرے میں لے گیا اور اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی لڑکی کے شور مچانے پر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے اور ملزم فرار ہو گیا۔

اوباش نے شادی شدہ خاتون کو بے آبرو کردیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)رمضان کالونی جوہرآباد میں تلہ گنگ کے رہائشی ایک شخص یار محمد پٹھان نے ایک شادی شدہ خاتون مسماۃ (ع) کو بے آبرو کر دیا‘ سٹی پولیس جوہرآباد نے ملزم کے خلاف زیر دفعہ 376ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کا خاوند ندیم عباس محنت مزدوری کرنے کیلئے گیا ہوا تھا اس کی عدم موجودگی میں ملزم یار محمد اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس کیساتھ زبردستی زیادتی کی۔

کسانوں سے واجبات وصولی مہم تیز کی جائے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے افسران کا اہم اجلاس ایڈیشنل کلکٹر بہزاد عادل کی زیر صدارت ڈی سی او آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کی ریونیو ریکوری پوزیشن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر بہزاد عادل نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں سے واجبات کی ادائیگی کا ہدف پورا کرنے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اُنھوں نے ریونیو ریکوری پوزیشن پر عدم تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے ریونیو وصولی کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

ماڈل بازار کی تعمیر التوا کا شکار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ملک محمد افضل کھوکھر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے بنائے جانیوالے نئے ماڈل بازار کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اس موقع پر ڈی سی او کنزہ مرتضیٰ ‘ ایکسئن بلڈنگ‘ تحصیل میونسپل آفیسر کے علاوہ ملک رضوان بھا اورنذر حیات بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملک محمد افضل کھوکھر نے ماڈل بازار کے تعمیراتی کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنھوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ماڈل بازار کے اوور لیپس ہونیوالے ڈیڑھ کروڑ روپے کے فنڈز کا ریوائز تخمینہ بنوا کر فی الفور بھجوائیں تاکہ فنڈز کا دوبارہ اجراء یقینی بنایا جا سکے۔ یاد رہے کہ جوہرآباد میں قائم کیا جانیوالا یہ ماڈل بازار جولائی 2016ء میں مکمل ہونا تھا لیکن فنڈز لیپس ہونے کے باعث تعمیراتی کام زیر التواء چلا گیا۔ 

عطا محمد تلہ کا تبادلہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی پی او خوشاب نے وقاص حسن نتھوکہ نے سب انسپکٹر ملک عطا محمد تلہ کو ڈی پی او آفس کی سی ایم او برانچ میں تعینات کر دیا ہے قبل ازیں وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن جوہرآباد میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

موٹر سائیکل سوار زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)کدھی کے گاؤں دھپ سڑی میں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کمسن بچی کو بچاتے ہوئے کھائی میں جا گرا ‘ حادثہ کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار نسیم عباس شدید زخمی ہو گیا‘ مضروب نسیم عباس کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 

پولیس اہلکاروں کے تبادلے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی پی او خوشاب وقاص حسن جوئیہ نے ضلع خوشاب کے تھانوں اور ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں پولیس کی نفری پوری کرنے کیلئے ڈی پی او آفس میں تعینات 42پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ پولیس لائن بھیج دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس لائن بھجوائے جانیوالے ان اہلکاروں کو مختلف تھانوں اور چیک پوسٹوں پر تعینات کیا جائے گا۔ ڈی پی او خوشاب نے پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور پولیس ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے روزانہ کی سطح پر پچاس ملازمین سے اُن کے مسائل اور شکایات سننے کا شیڈول سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ منگل کے روز اُنھوں نے مختلف تھانوں میں تعینات پچاس ملازمین کے مسائل سنے اور اُن کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ 

سانحہ کوئٹہ پر تعزیتی ریفرنس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان بار کونسل کی کال پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کے وکلاء نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے سنگین واقعہ کے دوران وکلاء ‘ میڈیا نمائندوں اور پبلک کمیونٹی کے 93 افراد کی المناک اموات کے خلاف یوم سوگ منایا اس دوران وکلاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں اور ارکان نے کوئٹہ کے شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی اور ڈسٹرکٹ بار روم میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب طارق جاوید نے سانحہ کوئٹہ کو دہشت گردی اور لاقانونیت کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گرد کسی بھی حوالے سے انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ اس المناک سانحہ نے پوری قوم کو افسردہ کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب بار کونسل کے رُکن ملک حبیب نواز ٹوانہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے قانون کے محافظوں پر ہونیوالا یہ وحشیانہ حملہ دراصل عوام کو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے مترادف ہے۔ ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے انصاف کی راہیں مسدود نہیں کی جا سکتیں ڈسٹرکٹ بار کے صدر ملک محمد یوسف اعوان نے کہا کہ آج وکلاء برادری سمیت پوری قوم 93افراد کی المناک اموات پر سراپائے احتجاج ہے۔ اس سانحہ میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری سید مزمل زیدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس المناک واقعہ کے باوجود وکلاء کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی توانائیاں عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے پر مرکوز رکھیں گے۔ 
khushabnews
بدھ 10 اگست 2016 کا اخبار بدھ 10 اگست 2016 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 8:56:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.