ُپی ٹی آئی ضلع خوشاب کا صدر کون؟


پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی، شجاع بلوچ، عمراسلم اعوان و دیگر ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اور کور کمیٹی کے رُکن عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ شریف برادران کی ہٹ دھرمی نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور کیا اب پانامہ لیکس ایشو دفن نہیں ہو سکتا۔ کرپشن مافیا کی سرپرستی کرنیوالے حکمرانوں کو عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا۔ وہ اپنے دورہ جوہرآباد کے دوران قومی اسمبلی کے سابق رُکن سردار شجاع خان بلوچ کی رہائش گاہ پر منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس وقت سرزمین وطن پر کرپشن اور لاقانونیت انتہا کو پہنچ چکی ہے ‘ امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ہر میگا پراجیکٹ میں شریف برادران برابر کے حصہ دار ہیں۔ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ہر محب وطن شہری فیڈریشن بچانے کیلئے میدانِ عمل میں آئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکمرانوں نے اپنی نااہلیوں کی پردہ پوشی کیلئے عوام پر ٹیکسوں کی بارش کر دی جس کے نتیجہ میں مہنگائی کی نئی لہر نے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں ان حالات میں کوئی بھی محب وطن شہری حکمران جماعت پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ ظالم حکمرانوں نے عوام کا جینا دشوار بنا رکھا ہے اگر میاں نواز شریف اور اُن کی ٹیم کو مزید اقتدار میں رہنے کا موقع دیا گیا تو عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ممکن نہیں رہے گا۔ عامر کیانی کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس ایشو حکمران جماعت کیلئے ایک ڈرونا خواب بن چکا ہے اور اُن کی نجات اسی میں ہے نااہل حکمرانوں سے نجات ہی ملک و قوم کے درخشاں مستقبل کی ضمانت ہے اُنھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے جاری تحریک احتساب کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔ اُنھوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے انتخابات میں تحریک انصاف پوری قوت کیساتھ حصہ لے گی۔ کنونشن سے پی ٹی آئی پنجاب کے ڈپٹی آرگنائزر انجینئر گل اصغر بگھور کے علاوہ دیگر راہنماؤں ملک عمر اسلم اعوان ‘ سردار شجاع خان بلوچ‘ حامد محمود ودھل‘ ملک حسن اسلم اعوان‘ علی حسین بلوچ‘ غلام حسن سلہال‘ احسان قادر مجوکہ ‘ اظہر حیات گنجیال اور رضا خان بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مہر محمد انور آرائیں ایڈووکیٹ نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر ایک قرار داد بھی پاس کی گئی جس میں خوشاب کے صحافی طالب حسین بھٹی پر ہونیوالے حملہ کی پر زور مذمت کی گئی اور اس اہم کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما عامر محمود کیانی نے انجینئر گل اصغر بگھور کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں بھی شرکت کی جس میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بعد ازاں اُنھوں نے پی ٹی آئی کے ضلعی دفتر جوہرآباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ضلع خوشاب کے صدر کے عہدے پر نامزدگی کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے ابھی تک اس بارے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا البتہ آئیندہ چند دنوں تک اسکا باقاعدہ اعلان کردیا جائیگا۔

khushabnews
.......
;
ُپی ٹی آئی ضلع خوشاب کا صدر کون؟ ُپی ٹی آئی ضلع خوشاب کا صدر کون؟ Reviewed by Khushab News on 8:00:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.