ہفتہ،24 ستمبر 2016 کی خبریں


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے ہڈالی کے رہائشی چار افراد محمد اکبر وڈھل‘ شیر خان ‘ اﷲ بخش وغیرہ کیخلاف خان محمد بھٹی کے گھر میں داخل ہو کر اُسے زدو کوب کرنے اور اُسے قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 341اور 506ت پ مقدمہ درج کیاہے۔ ایف آئی آر کے مطابق فریقین کے مابین دو ماہ قبل جھگڑا ہوا تھا جس کا ملزمان کو رنج تھا گذشتہ روز ملزمان مسلح ہو کر اُس کے گھر میں آئے اور اُسے زدو کوب کیا۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے چک نمبر45ایم بی کے رہائشی عدیل ‘ شکیل اور عبدالرزاق وغیرہ چار افراد کے خلاف دلاور خان کے گھر میں داخل ہونے‘اُس کی بیٹی رُخسانہ کوثر کی عفت میں خلل ڈالنے اور اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 452‘ 354اور 506ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان دلاور خان کے مکان پر قبضہ کرنا چاہتے تھے گذشتہ روز وہ مسلح ہو کر مکان میں گھس آئے اور گھر میں موجود دلاور کی بیٹی کو زدو کوب کیا جس کے نتیجہ میں اُس کے کپڑے پھٹ گئے۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)آفیسرز کالونی جوہرآباد میں ایک شخص فضل عباس نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ ایک خاتون ارشاد بی بی زوجہ شیر محمد پر کلہاڑی سے حملہ کر کے اُسے شدید زخمی کر دیا۔ ارشاد بی بی کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے ارشاد بی بی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مسماۃ ارشاد بی بی کی پانچ‘ چھ ماہ قبل ملزم فضل عباس کیساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی جس کا ملزمان کو رنج تھا۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سرگودھا میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کے وکلاء نے مکمل ہڑتال کی ‘ جمعہ کے روز ضلع خوشاب کا کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں سے مقدمات کی پیروی کیلئے آنیوالے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈسٹرکٹ بار جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری سید مزمل رضا زیدی نے کہا ہے کہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع خوشاب‘ بھکر ‘ میانوالی اور سرگودھا کے ایک کروڑ مکینوں کو اعلیٰ عدالتوں سے مقامی سطح پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سرگودھا میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام ضروری ہے جب تک یہ بینچ قائم نہیں کیا جاتا اس وقت تک وکلاء کا احتجاج جاری رہے گا۔ 


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے کلرکوں کے مسائل حل نہ ہونے پر ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا‘ ایپکا ضلع خوشاب کی جانب سے جاری کردہ احتجاجی شیڈول کے مطابق 27ستمبر کو ضلع بھر کے کلرک ای ڈی او ایجوکیشن آفس سے کالج چوک تک احتجاجی ریلی نکالیں گے ۔ ریلی کی قیادت ایپکا کے ضلعی چیئرمین دوست محمد‘ ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان ‘ جنرل سیکرٹری ملک مجید امتیاز اعوان اور دیگر عہدیدار کریں گے۔ ریلی کے اختتام پر احتجاجی جلسہ ہوگا جس میں کلرکوں کے مطالبات دہرائے جائیں گے۔ ایپکا ضلع خوشاب کے صدر ملک محمد شفیع اعوان نے بتایا کہ اگر حکومت پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کی منظور کردہ سمری کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا تو اکتوبر میں ایپکا پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گی اور کلرکوں کا یہ ملک گیر احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا

khushabnews
ہفتہ،24 ستمبر 2016 کی خبریں ہفتہ،24 ستمبر 2016 کی خبریں Reviewed by Khushab News on 6:11:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.