جوہرآباد ماڈل سٹی کے بلند و بانگ دعوے ٹھُس


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کو ماڈل سٹی کا درجہ دینے کے اعلانات دم توڑ گئے۔ گذشتہ آٹھ برسوں میں جوہرآباد شہر کی اندرونی سڑکات کی تعمیر و مرمت پر ایک پائی تک خرچ نہیں کی گئی عوام کی تفریح کیلئے بنائے جانیوالے پارک اُجڑ چکے ہیں اور گرین بیلٹس مویشیوں کی چراگاہیں بنی ہوئی ہیں۔ ان حالات میں جوہرآباد کو ماڈل سٹی بنانے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تحفظ حقوق شہریاں جوہرآباد کے صدر ملک محمد نذیر اعوان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں نے جوہرآباد کا کھویا ہوا حسن لوٹانے کے خوشنما اعلانات کر کے اس شہر کے مکینوں کو محض ایک لولی پاپ دیا اور شہر کی تزئین و آرائش ‘ خوبصورتی تو کجا عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی ایک پائی تک خرچ نہیں کی گئی۔ شہر کی تمام سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کر گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ تفریحی پارکوں میں جا بجا کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں ‘ گرین بیلٹوں کا بیشتر حصہ تجاوزات کی زد میں ہے جبکہ باقی ماندہ گرین بیلٹیں مویشیوں کی چراگاہیں بنی ہوئی ہیں۔ سیوریج اور فراہمی آب کی بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی کیلئے بھی کوئی کردار ادا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے جوہرآباد کے مکین سیوریج ملا گندہ اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ اگر جوہرآباد کی خوبصورتی کو لوٹانا ممکن نہیں تو کم از کم شہریوں کی مشکلات کے تدارک کیلئے سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور گرین بیلٹوں و تفریحی پارکوں کی بحالی پر ہی توجہ دی جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت افسر شاہی اور پسندیدہ افراد کو نوازنے کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کر رہی ہے لیکن جوہرآباد کے مکینوں کو یکسر نظر انداز کر کے اُن کی حق تلفی کی جا رہی ہے۔

khushabnews
جوہرآباد ماڈل سٹی کے بلند و بانگ دعوے ٹھُس جوہرآباد ماڈل سٹی کے بلند و بانگ دعوے ٹھُس Reviewed by Khushab News on 7:58:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.