ہفتہ،26 نومبر 2016 کا اخبار



باپ اور ماں کے قاتل کو سزائے موت


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد طارق جاوید نے تھانہ صدر جوہرآباد کے دوہرے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے سرفراز کالونی کے رہائشی مجرم محمد اسماعیل لوہار کو دو بار سزائے موت اور تیس لاکھ روپے جرمانہ کا حکم سنایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق اسماعیل لوہار نے 7جون 2015ء کو اراضی کے تنازعہ پر پسٹل اور تیز دھار آلے کے وار کر کے اپنے والد غوث محمد اور سوتیلی ماں یاسمین کو موت کی نیند سلا دیا تھا۔ صدر پولیس جوہرآباد نے ملزم کے خلاف دوہرے قتل کے الزام میں زیر دفعہ 302ت پ مقدمہ درج کر کے بعد از تفتیش چالان فاضل عدالت میں پیش کیا تھا۔ 

بہنوئی کے قاتل کو سزائے موت

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایڈیشنل سیشن جج قاضی نوید الرحمن نے تھانہ خوشاب کے دوہرے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر دو مجرموں محمد حسین اور امیر حسین کو سزائے موت اور تیس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ مقدمہ کے دیگر دو ملزمان ربنواز اور عمران کو شک کا فائدہ دیکر بری کر دیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 17دسمبر 2012ء کو اپنی بہن کو طلاق دینے کی پاداش میں سابق بہنوئی شوکت اور اُس کے دوست محمد اشرف کو قتل کر دیا تھا۔ خوشاب پولیس نے چاروں ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302ت پ مقدمہ درج کیا اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد چالان فاضل عدالت میں پیش کیا۔ 

ایپکا کا ہنگامی اجلاس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کا ہنگامی اجلاس ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تنظیم کے ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی اجلاس میں کلرکوں کے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ایپکا کی صوبائی قیادت کی کال پر 29نومبر کو ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجاً دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان نے کہا کہ حکومت کلرکوں کے مطالبات کو یکسر نظر انداز کر رہی ہے اور اُن کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ اس صورتحال میں غریب کلرکوں کے پاس احتجاج کے سوا کوئی اور راستہ نہیں۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت 28نومبر تک ایپکا کے مرکزی و صوبائی قائدین کی جانب سے دیئے گئے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کے تحت تمام مطالبات تسلیم کرے۔ بصورت دیگر 29 نومبر کو بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ 

بچے سے زیادتی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خالق آباد میں ایک اوباش نوجوان امیر یار موچی نے پانچویں جماعت کے گیارہ سالہ طالبعلم محمد صادق کو بدفعلی کا نشانہ بنا دیا۔ صدر پولیس جوہرآباد نے صابر کے بہنوئی کاشف جاوید کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعات 377اور 367-A ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد صابر سکول سے چھٹی کر کے گھر جا رہا تھا کہ راستہ میں ملزم اُسے ورغلا کر جھاڑیوں میں لے گیا اور اُسے زبردستی بدفعلی کا نشانہ بنایا۔

ترقیاتی فنڈز میں عوام نظر انداز 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی خوشاب نے ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کے مکینوں کے مسائل کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے لاکھوں روپے کے فنڈز ضلعی انتظامیہ کے دفاتر اور ضلع کونسل کی تزئین و آرائش پر خرچ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی سی او آفس کے لئے 32لاکھ 79ہزار روپے ‘ سرکٹ ہاؤس کیلئے 60لاکھ روپے جبکہ ضلع کونسل کے دفتر کی چار دیواری کیلئے 40لاکھ روپے کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ جوہرآباد اور خوشاب کی اندرونِ شہر سڑکات کی تعمیر و مرمت ‘ بوسیدہ سیوریج اور فراہمی آب کی پائپ لائنوں کی بحالی ‘ گرین بیلٹس اور تفریحی پارکوں کی زبوں حالی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ دونوں جڑواں شہروں کے مکینوں نے اس صورتحال پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اُسے عوام کی حق تلفی قرار دیا ہے۔ انجمن تحفظ حقوق شہریاں جوہرآباد کے صدر ملک محمد نذیر اعوان نے کہا ہے کہ شریف برادران کی حکومت میں غریب عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں تمام سہولیات اور ترقیاتی پروگرام افسر شاہی اور اُمراء کیلئے وقف ہو چکے ہیں جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں صحت و صفائی کی ابتر صورتحال‘ اُبلتے ہوئے گٹروں اور پینے کے پانی کی قلت کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری عمارات اور دفاتر کی تزئین وآرائش کیساتھ ساتھ جوہرآباد اور خوشاب جیسے شہروں کی حالت زار بہتر بنانے اور اِن دونوں شہروں کے مکینوں کو مسائل کے گرداب سے نکالنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ملک محمد نذیر اعوان نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کا ذمہ دار ادارہ تحصیل میونسپل انتظامیہ مالی بحران کا شکار ہے اور اُس کے پاس ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کیلئے بھی فنڈز نہیں اس لئے ضلعی انتظامیہ کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا ہوگا۔ 


میلاد کمیٹی کا اجلاس

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مرکزی میلاد کمیٹی جوہرآباد کا مشاورتی اجلاس انجمن غلامانِ مصطفی جوہرآباد کے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت میلاد کمیٹی جوہرآباد کے صدر ڈاکٹر ممتاز احمد وڑائچ نے کی۔ اس اہم اجلاس میں صاحبزادہ حافظ محمد احمد ‘ مولانا قاری احمد خان‘ مولانا قاری محمد امین الحسنی ‘ صاحبزادہ حامد رضا چشتی‘ مولانا عبدالرشید قادری اور مولانا محمد یونس سمیت جماعت اہلسنت کے چالیس سے زائد علماء و عائمہ کرام اور میلاد کمیٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس ‘ جلسوں اور محافل میلاد کے انتظامات کو آخری شکل دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر مرکزی میلاد کمیٹی کے جنرل سیکرٹری مرزا عبدالرزاق طاہر نے بتایا کہ 12ربیع الاول کو ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں جشن عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس حسب روایت کوہِ نور شوگر ملز سے نکالا جائے گا جلوس شوگر ملز روڈ بلاک نمبر12‘ بلاک نمبر6‘ صدیق اکبر چوک‘ جامع مسجد ایس ٹائپ روڈ‘ مشرقی ریلوے پھاٹک‘ کالج چوک ‘ پرانا ڈاکخانہ چوک‘ اُردو بازار اور سرور شہید پارک سے ہوتا ہوا مین بازار میں انجمن غلامانِ مصطفی کے دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی قیادت جماعت اہلسنت کے مشائخ عزائم و علمائے کرام کریں گے۔ جلوس کے راستہ کو رنگ برنگی جھنڈیوں‘ پینافلیکسوں اور آرائشی محرابوں سے سجایا جائے گا۔ راستہ میں مختلف مقامات پر جماعت اہلسنت کے علمائے کرام سیرت النبی اور میلاد مصطفی کے موضوع پر خطاب کریں گے۔ جلوس کے اختتام پر مین بازار جوہرآباد میں ایک عظیم الشان میلاد کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں علمائے اہلسنت کا ایمان افروز خطاب ہوگا اور مختلف نعت خوان ثناء خوانی کریں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر مین بازار جوہرآباد میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی جبکہ جامع مسجد غوث الاعظم غلہ منڈی میں لنگر تقسیم ہوگا۔ مرزا عبدالرزاق طاہر نے بتایا کہ بزم علماء اہلسنت جوہرآباد کے زیر اہتمام ماہِ ربیع الاول کے دوران شہر کی مختلف مساجد اور مقامات پر پچاس سے زائد محافل میلاد منعقد کی جائیں گی۔ جن میں علماء کرام سیرت طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ 



کرشنگ سیزن کا افتتاح

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد شوگر ملز جوہرآباد میں گنے کا کریشنگ سیزن شروع ہو گیا‘ کریشنگ سیزن کی افتتاحی تقریب میں سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کونسل خوشاب کے ارکان خالد محمود ‘ شیر عالم گنجیال‘ ملک سمیع الحق اعوان اور ملک غلام رسول گھنجیرا بھی موجود تھے۔ سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے کریشنگ سیزن کا حسب ضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر جوہرآباد شوگر ملز کے منیجنگ ڈائریکٹر احسن لطیف شیخ اور جنرل منیجر امجد شیخ نے کریشنگ سیزن کے دوران ملز انتظامیہ کی جانب سے رکھے گئے چینی کی پیداوار کے ہدف کی تفصیلات بتائیں اُنھوں نے بتایا کہ ملز انتظامیہ کی جانب سے کسانوں سے خریدے گئے گنے کی قیمتوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی اور چینی تیار ہوتے ہی اس کی مارکیٹ میں ترسیل شروع کر دی جائے گی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر محترمہ سمیرا ملک نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام میں صنعتی اداروں کو کلیدی حیثیت حاصل ہے اس لئے صنعت کاروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی توانائیاں ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور محنت کشوں کو اُن کی محنت کا صلہ ان کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کریں۔ اُنھوں نے کہا کہ جوہرآباد شوگر ملز کا شمار پنجاب کے بہترین صنعتی اداروں میں ہوتا ہے اور ہمیں فخر ہے یہ کہ ادارہ ہمارے ضلع خوشاب میں موجود ہے۔ 


khushabnews
;
ہفتہ،26 نومبر 2016 کا اخبار ہفتہ،26 نومبر 2016 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 7:53:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.