ضلع خوشاب میں جشن میلاد عقیدت واحترام سے منایا گیا



خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع خوشاب میں بھی جشن عید میلاد النبیؐ انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کیساتھ منایا گیا۔ جوہرآباد میں میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام شوگر ملز گیٹ سے نکالا گیا جس کی قیادت میلاد کمیٹی کے صدر ڈاکٹر ممتاز احمد وڑائچ ‘ جنرل سیکرٹری مرزا عبدالرزاق طاہر‘ ممتاز علماء کرام صاحبزادہ محمد اسماعیل فقیر الحسنی‘ مولانا حافظ محمد احمد‘ مولانا صاحبزادہ حامد رضا‘ مولانا قاری عبدالرشید قادری اور دیگر اہلسنت کے علماء و مشائخ نے کی۔ جلوس شوگر ملز کالونی بلاک نمبر12‘ بلاک نمبر6‘ شوگر ملز رود‘ سہگل چوک‘ سول لائن‘ کالج چوک ‘ اقبال چوک اور سرور شہید چوک سے گزرتا ہوا مین بازار جوہرآباد میں انجمن غلامانِ مصطفی جوہرآباد کے دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے کو رنگ برنگی جھنڈیوں ‘ آرائشی بینروں اور خوبصورت محرابوں سے سجایا گیا تھا جلوس کے راستہ میں مختلف مقامات پر علماء کرام نے سیرت نبوی پر روشنی ڈالی اور میلاد مصطفی کی اہمیت و افادیت بیان کی۔ جلوس کے دوران جوہرآباد کی فضائیں سیدی

 مرشدی‘ یا نبی یا نبی کی صداؤں سے گونجتی رہیں۔ شہر کے مختلف چوکوں اور چوراہوں پر جلوس پر گلپاشی کی گئی جبکہ ڈی سی او ہاؤس کے سامنے ڈی سی او خوساب کنزہ مرتضیٰ نے شرکائے جلوس میں خود مٹھائی تقسیم کی۔ جلوس کے اختتام پر مین بازار جوہرآباد میں عظیم الشان میلاد کانفرنس منعقد کی گئی جس میں سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے خصوصی شرکت کی۔ میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین صاحبزادہ محمد اسماعیل فقیر الحسنی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سراپائے نور تھے

eid melad ul nabi jaloos jauharbad by khushabnews اﷲ تعالیٰ نے سب سے پہلے اُن کے نور کو ہی خلق کیا اور اسی نور کی بدولت آج پوری کائنات منور ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین صاحبزادہ محمد احمد نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی مدح سرائی کرنیوالے نعت خوانوں کی عظمت کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا پوری کائنات نبی کریم ﷺ کی نعتیں پڑھتی ہے کیونکہ میرا نبی وہ ہے جو اپنے غلاموں کی دلوں کی دھڑکنیں بھی سنتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد رضا چشتی نے کہا کہ ملت اسلامیہ نبی کریم ﷺ کے پرچم کے سائے میں جمع ہو کر ہی اتحادِ اُمت کا فقید المثال نمونہ پیش کر سکتی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اتحادِ بین المسلمین عصر حاضر کی بنیادی ضرورت ہے اس لئے ہمیں سیرت نبوی پر عمل پیرا ہو کر اخوت و بھائی چارے کی فضا پیدا کرنا ہوگی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ملک محبوب الرسول قادری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کو اﷲ تعالیٰ نے تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا حضور کی محبت ایمان کی پہچان ہے۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائص بزم علماء اہلسنت جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری قاری عبدالرشید قادری نے سرانجام دیئے۔ اختتام پر مین بازار جوہرآباد میں تبرک تقسیم کیا جبکہ جامع مسجد غوث الاعظم غلہ منڈی میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ قبل ازیں جامع مسجد غوث الاعظم غلہ منڈی میں 250 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ کیک کاٹنے کی تقریب میں قومی اسمبلی کے رُکن ملک شاکر بشیر اعوان سمیت علماء کرام اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دریں اثناء انجمن غلامانِ مصطفی جوہرآباد کے صدر مرزا عبدالرزاق طاہر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں زیر علاج مریضوں میں بھی مٹھائی تقسیم کی۔ جوہرآباد کے علاوہ دیگر مقامات خوشاب‘ قائدآباد ‘ نورپورتھل ‘ کٹھہ سگھرال ‘ کھوڑہ ‘ گروٹ‘ کھبیکی چک 47ایم بی‘ چک 50ایم بی ‘ روڈہ اور جمالی سمیت ضلع خوشاب کے 50سے زائد مواضعات سے عاشقانِ مصطفی نے جلوسِ میلاد النبیؐ نکالے جبکہ دو سو سے زائد مقامات پر میلاد کی ایمان افروز محافل کا انعقاد کیا گیا

ضلع خوشاب میں جشن میلاد عقیدت واحترام سے منایا گیا ضلع خوشاب میں جشن میلاد عقیدت واحترام سے منایا گیا Reviewed by Khushab News on 7:17:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.