بدھ 21 دسمبر 2016 کی اہم خبریں



گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھین لیا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر47ایم بی کے قریب تین نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر چک نمبر43ایم بی کے رہائشی ساجد ظفر اقبال سے گن پوائنٹ پر پچیس ہزار روپے مالیت کا موٹر سائیکل ‘ نقدی اور موبائل چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے ساجد ظفر اقبال کی رپورٹ پر ڈاکوؤں کیخلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک ملزمان کا سراغ نہیں ملا۔ 


اشیائے خورد نوش کی نئی قیمتوں کا تعین
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر جوہرآباد عاصمہ اعجاز چیمہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تاجروں‘ و صارفین کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کے بازاروں اور مارکیٹوں میں فروخت ہونیوالی اشیائے خورد و نوش کے نرخوں کا جائزہ لیا گیا اور نئے نرخوں کا تعین کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع خوشاب میں کرنل چاول باسمتی پرانا‘ 80روپے ‘ نیا 88روپے‘ چاول موٹا 38روپے‘ دال چنا باریک 145روپے‘ دال چنا موٹی 152روپے‘ دال مسور موٹی 102روپے‘ دال مسور باریک 135روپے ‘ دال مونگ دھلی ہوئی 95روپے‘ دال مونگ چھلکے والی 85روپے‘ دال ماش 175روپے‘ دال ماش چمن 190روپے‘ کالا چنا 125روپے‘ بیسن 150روپے‘ مرچ مارشل 210روپے ‘ گوشت چھوٹا 550روپے‘ گوشت بڑا 280روپے فی کلو فروخت ہوگا۔ اجلاس میں دودھ کی قیمت 70روپے فی لیٹر اور دہی کی قیمت 75روپے فی کلو مقرر کی گئی۔ جبکہ روٹی کا نرخ 6روپے مقرر کیا گیا۔ 



ٹریفک حادثات چھ افراد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک کے تین المناک حادثات میں 6افراد شدید زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ مظفر گڑھ روڈ پر یو کے ہوٹل کے نزدیک ہوا جہاں محلہ ورکانوالہ ہڈالی کا رہائشی 26سالہ محمد بلال ولد محمد نواز موٹر سائیکل کے پہیے میں چادر پھنس جانے کے باعث پختہ سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ دوسرا حادثہ خوشاب روڈ پر واپڈا کالونی کے نزدیک ہوا جہاں ایک تیز رفتار کیری ڈبے نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی حادثہ کے نتیجہ میں خوشاب کا رہائشی 45سالہ موٹر سائیکل سوار محمد رمضان ولد گل محمد زخمی ہوا۔ ریسکیو1122کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور اُنھیں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا۔ نور کالونی جوہرآباد میں دو موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئے‘ جس کے نتیجہ میں دو خواتین سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے‘ حادثہ میں زخمی ہونیوالی چالیس سالہ رحمت خاتون زوجہ محمد اشرف‘ 17سالہ غلام حسین ولد غلام محمد‘ 45سالہ زینب خاتون زوجہ صالح محمد اور اس کے 20سالہ بیٹے محمد حرمین کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثناء نیو لاری اڈا کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 35سالہ زاہد نذیر ولد محمد نذیر بھی زخمی ہو گیا۔ 



کتوں نے بچے اور نوجوان کو بھنبھوڑ ڈالا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ صحت اور ٹی ایم اے کی جانب سے ڈاگ شوٹنگ مہم شروع نہ ہونے کے باعث ضلع خوشاب میں گھومنے والے خونخوار اور آوارہ کتوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا گذشتہ روز مٹھہ ٹوانہ میں ایک 14سالہ لڑکا شاہ رُخ ولد شیر محمد آوارہ خونخوار کتے کا نشانہ بن گیا۔ شاہ رُخ کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں اسے ریبیز ویکسین دی گئی اور اس کی مرہم پٹی کی گئی۔ انجمن تحفظ حقوق شہریاں جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کو آوارہ کتے تلف کرنے کیلئے ڈاگ شوٹنگ مہم چلانے کا پابند بنائے۔ اُنھوں نے بتایا کہ آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث کمسن بچوں اور عورتوں کا گھروں سے باہر نکلنا دوبھر ہو چکا ہے اور صبح و شام کے اوقات میں نمازیوں کو مساجد تک جانے میں شدید دشواریاں حائل ہیں۔ علاوہ ازیں دامن مہاڑ کے گاؤن ڈھوکڑی میں خونخوار آوارہ کتے نے ایک 9سالہ بچے ناصر ولد محمد حیات کو کاٹ لیا‘ ناصر کو ویکسینیشن کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں اُسے ریبیز ویکسین دی گئی اب اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے



ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے محب پور کے رہائشی ایک شخص نذر حیات کو گرفتار کر کے اُس کے قبضہ سے 44بور رائفل برآمد کر لی ملزم نذر حیات کیخلاف ناجائزاسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔



قبضہ کی کوشش ناکام
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے ندیم محسن آہیر‘ محمد عمر اور اُن کے ساتھیوں کیخلاف چک نمبر45ایم بی میں صفدر عباس کے رقبہ پر قبضہ کرنے کی کوشش اور اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 440‘ 447‘ 511‘ 506اور34ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق صفدر عباس نے 45ایکڑ رقبہ راولپنڈی کے محمد اقبال وغیرہ کو فروخت کیا تھا اور اُن سے 20لاکھ روپے بیعانہ کی رقم وصول کی تھی بعد ازاں وراثتی انتقال کی تکمیل نہ ہونے کے باعث بیعانہ کی رقم واپس ہو گئی اور سودا منسوخ ہو گیا۔ گذشتہ روز ملزمان آتشیں اسلحہ سے مسلح ہو کر آئی اور اس رقبہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور وہاں پر موجود دو لاکھ روپے کے املاک کو نقصان پہنچایا منع کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ 
محترم قارئین اگرکلک کرنے پر اسطرح کا پیج نظر آئے اور آپ کو خبر کی تفصیلات پڑھنے میں دشواری کا سامنا ہے تو نیچے دیئے گئے طریقہ کار پر عمل کریں

بدھ 21 دسمبر 2016 کی اہم خبریں بدھ 21 دسمبر 2016 کی اہم خبریں Reviewed by Khushab News on 8:25:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.