اتوار 18 دسمبر 2016 کا اخبار


خاتون نے خاندان سمیت اسلام قبول کرلیا


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)عیسائی خاتون نے اپنی چار بیٹیوں کے ہمراہ اسلام قبول کر لیا ‘ دائرہ اسلام میں داخل ہونیوالی خاتون شکیلہ نے اپنی بیٹیوں مصباح‘ مہرین‘ زویا اور سوئیا کے ہمراہ مسجد نمرہ سیٹلائٹ ٹاؤن نمبر2جوہرآباد میں مفتی حسین احمد کے ہاتھوں پر اسلام قبول کیا۔ حلقہ بگوش اسلام ہونے کے بعد مفتی حسین احمد نے خاتون شکیلہ کا اسلامی نام خدیجہ اسکی بیٹی مصباح کا نام اُم کلثوم‘ مہرین کا نام زینب ‘ زویا کا نام رقیہ اور سوئیا کا نام فاطمہ رکھا۔ اسلام قبول کرنے والے کنبہ کا سربراہ عارف مسیح گذشتہ برس مفتی حسین احمد کے ہاتھوں اسلام قبول کر چکا ہے۔ جس کا اسلامی نام محمد عارف رکھا گیا تھا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی حسین احمد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسلام جس تیزی سے پھیل رہا ہے وہ اس کی آفاقیت اور ہمہ گیری کی زندہ مثال ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یورپ میں اسلام قبول کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے کفار کے اندر لرزہ طاری ہو چکا ہے اُنھوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پوری دنیا میں اﷲ کا دین غالب ہوگا۔ لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اندر فروعی اختلافات کو ختم کر کے ایک آیت واحدہ کے طور پر خود کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔ 


نوسالہ بچی چھت سے گر کر زخمی


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)الاعوان ٹاؤن جوہرآباد میں ایک 9سالہ بچی ایمان فاطمہ دختر عصمت اﷲ مکان کی چھت سے گر کر شدید زخمی ہو گئی‘ نو سالہ ایمان فاطمہ اپنے گھر کی چھت پر کھیل رہی تھی کہ چکرا کر نیچے آ گری اُسے شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے 


آج سیرت کانفرنس ہوگی


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے یر اہتمام 18دسمبر بروز اتوار بعد از نمازِ ظہر فاطمہ جناح ہال جوہرآباد میں ایک عظیم الشان جلسہ سیرت مصطفی منعقد کیا جائے گا۔ جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر راشد نسیم سیرت نبوی کے عنوان پر ایمان افروز خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی حلقہ پی پی 41کے امیر چوہدری عبدالرؤف نے بتایا ہے کہ جلسہ سیرت المصطفی کانفرنس کے دوران خواتین کیلئے پردے کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ 


آواز فورم کا ماہانہ اجلاس


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)آواز ضلعی فورم کا ماہانہ اجلاس ضلعی چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آواز فورم کے پروگرام کوآرڈینیٹر شاہ نواز خان سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے امور کا جائزہ لیا گیا اور بلدیاتی اداروں میں کونسلروں کی نشستوں پر آواز فورم سے وابستہ چوبیس ممبران کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُنھیں مبارکباد دی گئی۔ آواز فورم کے ضلعی چیئرمین چوہدری ارشد محمود نے بتایا کہ ضلع خوشاب کی 10یونین کونسلوں میں آواز پروگرام کے تحت 4500ممبران کام کر رہے ہیں گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں آواز فورم سے وابستہ 24افراد نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی جن میں ضلع کونسل خوشاب کی یوتھ نشست پر ملک سمیع الحق اعوان‘ ٹیکنوکریٹ نشست پر عزیز احمد جاڑہ‘ میونسپل کمیٹی ہڈالی میں وائس چیئرمین کی سیٹ پر احمد امیر‘ یوتھ کی نشست پر ثریا اقبال‘ چک 50ایم بی میں چیئرمین کی نشست پر نمبردار لیاقت علی ‘ اقلیت کی نشست پر یعقوب مسیح‘ ہڈالی میں اقلیت کی نشست پر انور مسیح جبکہ یونین کونسل کی سطح پر بوتالہ میں بانو بی بی ‘ رنگپور میں یوتھ نشست پر قمر عباس نے کامیابی حاصل کی۔ اُنھوں نے کہا کہ چوبیس ممبران کی کامیابی ضلع خوشاب میں آواز فورم کی مقبولیت کی دلیل ہے۔ 


تین ہوٹل مالکان کیخلاف کارروائی


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے کاروباری اداروں کی چیکنگ کے دوران سیکورٹی کے موثر انتظامات نہ ہونے پر تین ہوٹلوں کے مالکان اُسامہ سلطان ‘ جہانگیر اور اظہر اقبال کیخلاف چودہ پنجاب سیکورٹی آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے ہیں ایف آئی آر کے مطابق اُسامہ سلطان نے سون ویلی ہوٹل کنڈ میں ‘ جہانگیر نے بسم اﷲ ہوٹل کھٹوائی اور اظہر اقبال نے مدینہ ہوٹل کھٹوائی میں پولیس کی جانب سے بار بار انتباہ کرنے کے باوجود سیکورٹی انتظامات نہیں کئے تھے۔ 


کار چوری ہوگئی


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بلاک نمبر4جوہرآباد میں اسد عمران جنجوعہ کی ملکیتی ساڑھے آٹھ لاکھ روپے مالیت کی کار چوری ہو گئی‘ اسد عمران جنجوعہ نے اپنی کار شام کے وقت گھر کے سامنے گلی میں کھڑی کی تھی صبح جب بیدار ہوا تو کار غائب تھی سٹی پولیس جوہرآباد نے نامعلوم چوروں کیخلاف زیر دفعہ 381ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک مسروقہ کار بازیافت نہیں ہوئی۔


غیر محتاط ڈروائیوروں کیخلاف کارروائی


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے تین وزنی ٹرالروں کے ڈرائیوروں صدیق شاہ پٹھان‘ حیات اﷲ پٹھان اور عمال خان پٹھان کیخلاف غیر محتاط ڈرائیورنگ کرنے ‘ راستہ روکنے اور کارِ سرکار میں مداخلت کے الزام میں زیر دفعات279‘ 186‘ 341‘ 149 اور 147ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق تینوں ڈرائیوروں کو پٹرولنگ پولیس جہلم برج کے انچارج ناصر حیدر نے روکنے کی کوشش کی جس پر وہ اپنے ٹرالر بھگا لے گئے اور اُنھیں ریلوے کراسنگ کالج روڈ جوہرآباد پر پولیس نے پکڑا جہاں اُنھوں نے مزاہمت کی اور ٹرالر کھڑے کر کے روڈ بلاک کر دی۔ خوشاب میں ٹریفک کی خلاف ورزی اور غیر محتاط ڈرائیونگ کرنیوالے دو اے سی بسوں کے ڈرائیور خوشی محمد اور محمد منیر قانون کی گرفت میں آ گئے‘ خوشاب پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 279ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈرائیور خوشی محمد نے اے سی بس نمبری 592 LEF جبکہ ڈرائیور محمد منیر نے اے سی بس نمبری 2513 SGFپر لاری اڈا خوشاب کے نزدیک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا


خاتون سمیت چار افراد زخمی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ مظفر گڑھ روڈ پر ڈسٹرکٹ پولیس لائن کے نزدیک ہوا جہاں دو موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئے حادثہ میں پچاس سالہ محمد اعجاز ولد محمد صادق اور اُس کی والدہ عمر بی بی شدید زخمی ہوئیں۔ دوسرا حادثہ خوشاب روڈ پر پرنس میرج ہال کے نزدیک ہوا جہاں دو رکشوں کے تصادم میں 26سالہ راجہ محمد وقاص ولد غلام حسین زخمی ہوا۔ جبکہ ہڈالی میں ایک 17سالہ نوجوان محمد تیمور ولد رانا جلیل موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوا۔ تمام زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


شہدا کا خون قرض ہے


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے صدر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان کے غیور عوام سانحہ آرمی پبلک سکول کے دوران جامِ شہادت نوش کرنیوالے کمسن شہداء کو نہیں بھولے۔ شہداء کا مقدس خون ہم پر قرض ہے جسے چکانے کیلئے ارض وطن سے دہشت گردوں کی جڑوں کو ختم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور آواز فورم کے زیر اہتمام فاطمہ جناح ہال جوہرآباد میں منعقدہ شہدائے اے پی ایس کی دوسری برسی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ دیکر سرزمین وطن پر امن کی شمعیں روشن کیں۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد ہی آپریشن ضرب عضب شروع ہوا اور دہشت گردوں کا عرصہ حیات تنگ ہو گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے رُکن ملک محمد عزیر خان نے کہا کہ آج شہدائے اے پی ایس کی برسی مناتے ہوئے ہمیں بحیثیت قوم یہ عہد کرنا ہوگا کہ دہشت گردوں کیساتھ ساتھ اُن کی تربیت گاہوں اور سہولت کاروں کوبھی ختم کریں۔ ہمیں افراد ‘ معاشرے ‘ مذہب اور سیاست کے درمیان متوازن اور پر امن تعلق کی روایت قائم کرنا ہو گی۔ اُنھوں نے کہا کہ اس المناک سانحہ کے بعد ہر محب وطن پاکستانی کی روح تڑپ رہی ہے اور پوری قوم سرزمین وطن کو دہشت گردی ‘ لاقانونیت اور قتل و غارت سے پاک دیکھنا چاہتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی زکوٰۃ و عشر کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ عظیم ہیں وہ کمسن شہداء جو اپنے خون کا نذرانہ دیکر امن کے چراغ روشن کر گئے۔ آج پاکستان کا ہر شہری اُن کی یاد میں شمعیں جلا کر یہ عزم دہرا رہا ہے اُن معصوم کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اس موقع پر سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور اُن کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دُعا کی گئی۔


دارالامان کا اچانک دورہ


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب چوہدری محمد طارق جاوید نے دارالامان جوہرآباد کا اچانک معائنہ کیا‘ اس دوران اُنھوں نے خواتین کی رہائشی کمروں کا تفصیلی جائزہ لیا اور سپریٹنڈنٹ دارالامان آمنہ حیات کو اُن کی حالت زار بہتر بنانے اور صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کئے۔ دارالامان کے احاطہ کے معائنہ کے دوران اُنھوں نے عمارت کی وائٹ واشنگ کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور دارالامان کے امور کو بطریق احسن چلانے کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سوشل ویلفیئر کی افسران نبیلہ ملک ‘ صائمہ سلیم ‘ امتیاز مانگٹ کے علاوہ منیجر صنعت زار ثمینہ راجہ اور دارالامان کا دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔  


تین جیولرز کیخلاف نامناسب سیکورٹی پر مقدمات


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب پولیس نے کاروباری اداروں میں سیکورٹی کے مناسب انتظام نہ کرنے پر تین دوکانداروں جاوید حسن ‘ راشد منہاس جوڑا اور مسعود احمد کیخلاف چودہ پنجاب سیکورٹی آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔ پولیس چیکنگ کے دوران جاوید حسن کی دوکان ساجد جیولرز ‘ راشد منہاس جوڑا کی دبئی گولڈ اور مسعود احمد کی دوکان اقبال جیولرز پر سیکورٹی کے نامناسب انتظامات پائے گئے۔


منشیات برآمد


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب پولیس نے منشیات کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش محمد سلیم بلوچ ساکن محلہ گاجڑیانوالہ کو گرفتار کر لیا ملزم کے قبضہ سے 1300گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم سلیم بلوچ کیخلاف منشیات فروشی کے الزام میں نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔


موٹر سائیکل چوری


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محلہ خضر آباد خوشاب میں ایک شہری محمد رمضان کا 63ہزار روپے مالیت کا موٹر سائیکل چوری ہو گیا‘ خوشاب پولیس نے محمد رمضان کی رپورٹ پر نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک مسروقہ موٹر سائیکل بازیافت نہیں ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد رمضان نے اپنا موٹر سائیکل نمبری 352 KPK اپنے گھر کے سامنے کھڑا کیا اور خود اندر چلا گیا۔ تھوڑی دیر جب واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھا۔صدر پولیس جوہرآباد نے سرفراز کالونی کے نزدیک سیم پل پر اچانک چھاپہ مار کر ایک منشیات فروش محمد اویس ساکن گروٹ کو گرفتار کر لیا‘ ملزم کے قبضہ سے 1565گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم اویس کیخلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 


راہزنی کی واردات


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بجار کے نزدیک دو ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر ڈھوکڑی کے رہائشی ایک شخص محمد جاوید سے 35ہزار روپے مالیت کا موٹر سائیکل اور 2050روپے کی نقدی چھین لی اورفرار ہو گئے۔ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے محمد جاوید کی رپورٹ پر نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق محمد جاوید اپنے موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے اُس کا راستہ 

روکا اور اس پر اسلحہ تان کر موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر بھاگ گئے۔


حامد وڈھل بلامقابلہ چیئرمین ہڈالی منتخب


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)میونسپل کمیٹی ہڈالی میں پاکستان تحریک انصاف کے حامد محمود وڈھل کو بلا مقابلہ چیئرمین اور اُن کے پینل میں شامل احمدامیر بوچھال کو وائس چیئرمین منتخب قرار دے دیا گیا۔ اس بلدیاتی حلقہ میں دوسرے پینل خنجر زمان نے اپنے کاغذات واپس لے لئے جس کے بعد حامد محمود وڈھل کے پینل کو بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا۔ 



قاتل کو سزائے موت و جرمانہ


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد چوہدری محمد طارق جاوید نے تھانہ مٹھہ ٹوانہ کے مشہور مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر چک نمبر44ایم بی کے رہائشی ملزم محمد پرویز کو سزائے موت اور 10لاکھ روپے معاوضہ کا حکم سنا دیا۔ اعانت جرم کے ملزم الطاف حسین کو بری کر دیا گیا‘ ملزم پرویز نے الطاف حسین کے ایماء پر ایک شخص محمد پرویز کو 16اپریل 2015میں قتل کیا تھا مٹھہ ٹوانہ پولیس نے مقتول پرویز کے بھائی خرم کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 302اور 109ت پ مقدمہ درج کر کے بعد از تفتیش چالان فاضل عدالت کو بھجوایا تھا۔ استغاثہ کے مطابق مقتول ذوالفقار کی بیٹی آسیہ نے ملزم پرویز کے ایک رشتہ دار ناظم سے طلاق لی تھی جس کا ملزم کورنج تھا۔ فاضل عدالت نے مقدمہ کی تفصیلی سماعت کے بعد استغاثہ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم محمد پرویز کو سزائے موت سنا دی جبکہ الطاف کو بری کر دیا۔ 



عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنا وجود ثابت کردے گی ، ندیم افضل چن


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی ایک بھرپور سیاسی قوت بن کر اُبھری ہے انشاء اﷲ آئندہ عام انتخابات میں اپنا وجود تسلیم کرائے گی۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رُکن اور جوہرآباد سٹی کے صدر حاجی مرزا نیاز بیگ کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں و عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر تسنیم احمد قریشی بھی موجود تھے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری بھٹو کی ہدایات کی روشنی میں پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کا عمل تیز کر دیا گیا ہے انشاء اﷲ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار و نظریات کی امین اس نظریاتی جماعت کی یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی محافظ ہے اور جمہوری روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے سرزمین وطن پر اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر تسنیم قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں آمریت کی گود میں پرورش پانے والے حکمران اپنی تمام انتقامی کاروائیوں اور منفی پروپیگنڈہ کے باوجود اس نظریاتی جماعت کو سیاسی عمل سے آؤٹ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ اُنھوں نے کہا کہ مخلص اور نظریاتی کارکن ہمارا سرمایہ ہیں انشاء اﷲ تنظیم نو کے دوران پارٹی کے ساتھ نظریاتی وابستگی رکھنے والے کارکنوں کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ کسی بھی مخلص کارکن کی حق تلفی نہیں ہو گی۔ 



پولیس اہلکار ہی منشیات فروش نکلے


خوشاب نیوز ڈاٹ کام )سٹی پولیس جوہرآباد نے ناجائز اسلحہ کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران خوشاب روڈ پر واقع ایک پٹرول پمپ پر اچانک چھاپہ مار کر اپنے ہی پیٹی بھائیوں کانسٹیبل رانا اظہر اور کانسٹیبل اکرام اﷲ کو چرس بیچتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضہ سے 3کلو سے زائد چرس اور 4630روپے کی رقم برآمد کی گئی ہے۔ پولیس نے دونوں منشیات فروش پولیس کانسٹیبلوں کیخلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق گلشن ٹاؤن کا رہائشی پولیس کانسٹیبل رانا اظہر سے 1427گرام چرس ‘ 4630روپے کی نقدی جبکہ پولیس کانسٹیبل اکرام اﷲ سے 1646گرام چرس برآمد ہوئی ہے دونوں پولیس کانسٹیبل تھانہ سٹی جوہرآباد میں ہی تعینات تھے اور ڈیوٹی سے فارغ ہونے کے بعد منشیات فروشی کا دھندہ کرتے تھے۔ 

اتوار 18 دسمبر 2016 کا اخبار اتوار 18 دسمبر 2016 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 8:07:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.