ضلع خوشاب کی تازہ ترین خبریں


مقتول چوہدری بہزاد اشرف قریبی عزیز اغوا

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)دوہرے قتل کے مقدمہ کے اشتہاری ملزمان کے رشتہ داروں نے مدعی فریق سے صلح نہ ہونے پر ایک نوجوان ثاقب محمود کو اغواء کر لیا‘ سٹی پولیس جوہرآباد نے مغوی کے چچا حاجی محمد اشرف آرائیں کی رپورٹ پر ملزمان رفاقت علی ‘ نزاکت علی ‘ ثناء اﷲ‘ احمد حیات اور محمد قدیر وغیرہ چودہ افراد کے خلاف زیر دفعات 365‘ 148اور149ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان رفاقت علی اور نزاکت علی کے والد عظمت بھوڈ اور دو بھائیوں لیاقت علی اور شوکت علی نے تین ہفتے قبل دو افراد کو قتل کیا تھا۔ مقدمہ قتل میں لیاقت علی اور شوکت علی اشتہاری ہیں۔ گذشتہ روز ملزم فریق کے چودہ افراد چار کاروں پر سوار ہو کر حاجی محمد اشرف آرائیں کے گھر گئے اور اس پر صلح کرنے کیلئے دباؤ ڈالا صلح نہ کرنے پر اس کے بھتیجے ثاقب محمود کو اسلحہ کی نوک پر اغواء کر کے لے گئے۔ 

موٹر سائیکلوں ٹکر ایک جاں بحق،ایک زخمی

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)نواحی چک 41ایم بی کے کے قریب دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں 35سالہ محمد ارشد ولد محمد سرور جاں بحق جبکہ محمد رضا ساکن 40ایم بی شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد پہنچا دیا گیا ۔ متوفی محمد ارشد مٹھہ ٹوانہ سے 41ایم بی اپنے گھر کی جانب آ رہا تھا کہ اسے سامنے سے آنیوالے موٹر سائیکل نے ٹکر مار دی۔ 

ضلع خوشاب دفاتر کی تالہ بندی

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے زیر اہتمام ضلع بھر میں دفاتر میں مکمل ہڑتال اور تالہ بندی کی گئی ‘ تمام محکموں کے ملازمین نے ای ڈی او ایجوکیشن آفس جوہرآباد میں ہڑتالی کیمپ لگایا۔ کلرکوں نے ای ڈی او ایجوکیشن آفس سے سرور شہید چوک جوہرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی سے ٹیکنیکل سٹاف کے جنرل سیکرٹری محبوب امتیاز ‘ ملک مجید امتیاز اعوان‘ چیئرمین ایپکا ملک دوست محمد‘ ضلعی صدر ملک شفیع اعوان نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے منظور کردہ مطالبات کا جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت دیگر 15دسمبر سے ایپکا پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے دھرنا دے گی اور ضلع بھر میں مکمل تالہ بندی بھی رہے گی۔ احتجاجی ریلی میں حکومت پنجاب سے اکاؤٹنٹ جنرل پنجاب کو فی الفور تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ 

عوام کو صحت کی سولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ڈی سی او

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام )ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کے وژن کے تحت عوام الناس کو سرکاری سطح پر علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنا محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے اس لئے محکمہ صحت کی زیر نگرانی چلنے والے تمام ہسپتالوں کو فعال اور موثر بنادیا گیا ہے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کے معائنہ کے دوران ہسپتال انتظامیہ سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود ‘ ڈاکٹر راجہ غنی مسعود عالم سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کنزہ مرتضیٰ نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سمیت ہسپتال کے تمام شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ اُنھوں نے علاج معالجہ کی غرض سے ہسپتال آنیوالے مریضوں کو صحت کی تمام ممکنہ سہولیات مہیا کرنے اور اُنھیں ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود نے اُنھیں بتایا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ہسپتال میں بیڈز کی قلت کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 

زیر حراست ملزم کی موت

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں پولیس کی حراست میں زیر علاج اُتراء کا رہائشی ایک قیدی غلام محمد انتقال کر گیا‘ متوفی غلام محمد ولد اﷲ ڈوایا نے کچھ عرصہ قبل اپنی بیوی کو قتل کیا تھا اور اُس کے خلاف تھانہ قائدآباد میں زیر دفعہ 302 ت پ مقدمہ درج ہوا پولیس نے اُسے گرفتار کر کے شاہپور جیل بھجوایا تھا جہاں وہ بیمار ہو گیا اور اُسے علالت کے پیش نظر پولیس کی نگرانی میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں وہ گذشتہ رات دم توڑ گیا۔ پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد متوفی کی میت تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ 

مقامی تاجر سے لاکھوں روپے چھین لیے گئے

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)الاعوان ٹاؤن کے نزدیک تین مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر مقامی تاجر محمد ذاکر سے اڑھائی لاکھ روپے کی نقدی اور موبائل چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ محمد ذاکر الاعوان ٹاؤن میں اپنے ملازم کو چھوڑ کر واپس آ رہا تھا کہ ریلوے لائن کے نزدیک اُسے ڈاکوؤں نے روکا اور اس پر اسلحہ تان کر اس سے نقدی اور موبائل چھین لیا۔ پولیس نے ڈکیتی کی سنگین واردات کا ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا۔ 

عیدمیلادالنبی جلوس کے سلسلہ میں امن کمیٹی کا اجلاس

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)جلوس عید میلاد النبیؐ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرا ر رکھنے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈسٹرکٹ آفیسر کوآرڈینیشن عبدالحمید سنبل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی اسد اﷲ خان کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید میلاد النبی کے جلوس کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور امن کمیٹی کے اراکین کی تجاویز و سفارشات کی روشنی میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او سی عبدالحمید سنبل نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ عالمین کیلئے رحمت بن کر آئے اس لئے اُن کی ولادت باسعادت کے موقع پر ضروری ہے کہ تمام مسالک کے پیروکار حسن اخلاق کا مظاہرہ کریں اور بین المسالک اختلافات کو پس پشت ڈال کر جذبہ اخوت کے تحت میلادِ مصطفی منائیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بین المسالک ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ 

موٹر سائیکل چوری

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)بلاک نمبر6 جوہرآباد کی رہائشی قدیر حیدر بھٹی کا ہزاروں روپے مالیت کا موٹر سائیکل چوری ہو گیا‘ قدیر حیدرنیو لاری اڈا جوہرآباد پر بسم اﷲ ہوٹل میں کام کرتا ہے گذشتہ روز اس نے اپنا موٹر سائیکل ہوٹل کے سامنے کھڑا کیا اور خود کام کاج میں مصروف ہو گیا تھوڑی دیر بعد موٹر سائیکل غائب تھا سٹی پولیس جوہرآباد نے قدیر حیدر بھٹی کی جانب سے قوی شبہ کے اظہار پر مٹھہ ٹوانہ کے رہائشی ایک شخص فتح خان کے خلاف موٹر سائیکل چوری کے الزام میں زیر دفعہ 381ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔

گھرمیں گھس کر دھمکیاں دینے کا الزام

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے ہڈالی کے رہائشی محبوب ڈھانگہ کے خلاف ایک شخص محمد رمضان کے گھر مسلح ہو کر داخل ہونے اور اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات452اور506ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم محبوب ڈھانگہ نے محمد رمضان کے کزن میر باز کی بیوی کو قتل کیا تھا اور سزا بھگتنے کے بعد واپس آ کر صلح کرنا چاہتا تھا۔ گذشتہ روز وہ صلح کیلئے دباؤ ڈالنے کی خاطر کاربین سے مسلح ہو کر محمد رمضان کے گھر میں داخل ہوا اور اسے قتل کی دھمکیاں دیں۔

غریب خواتین کو مفت جانوروں کی تقسیم کا نیا شیڈول جاری 

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام) محکمہ لائیو سٹاک خوشا ب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا غریب دیہی خواتین کی بہبود کے منصوبہ کے تحت غریب دیہی خواتین میں مفت جانوروں کی تقسیم کے تیسرے مرحلے میں ضلع خوشاب میں 520 بھیٹر اور بکریا ں تقسیم کرنے کا نیا شیڈول جاری کیا ہے ۔نئے شیڈول کے مطابق تحصیل نوشہرہ اور خوشاب سے تعلق رکھنے وا لی مستحق غریب خواتین جن کی درخواستیں حکومت کے مقرر کردہ معیا ر کے مطابق جانچ پٹرتال کے بعد قرعہ اندازی کے مرحلہ میں داخل ہو چکی ہیں ان کو قرعہ اندازی کے ذریعے بھیٹربکریوں کی تقسیم مورخہ13دسمبر بمقام فاطمہ جناح ہال جوہر آباد میں کی جائے گی جبکہ تحصیل نور پور تھل میں بھیٹر بکریوں کی تقسیم مورخہ 15دسمبر بمقام آدھی کوٹ میں ہوگی۔قرعہ اندازی کی تقریب میں ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ اور پارلیمینٹرین شریک ہونگے۔

پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی او (سی ) عبدالحمید سنبل کے زیر صدارت ڈی سی او کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں ڈی او لائیو سٹاک عارف سلطان ، ڈی او لیبر شاہد ، سیکرٹری ایم سی قائدآباد ،ڈی ایف سی خوشاب،ایم سی جوہرآباد محمد آصف ،ڈی او انڈسٹریز محمد ظہیر ،انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری محمد عثمان جنجوعہ ،صارفین ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر تابندہ امجد ،سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔جن اشیاء خوردونوش کے نرخ مقرر کیئے گئے ۔وہ اسطرح ہیں ۔آٹا 20 کلو کا تھیلہ 720/- روپے جبکہ چکی پر کھلا آٹا 40 روپے فی کلو ،گھی نوٹیفکیشن کے مطابق ،چاول سپر باسبتی 85 تا 90 روپے ،موٹا چاول اری 38 روپے فی کلو ،دال چنا موٹی 158 روپے فی کلو ،دال چنا باریک 150 روپے کلو،دال مسور موٹی 110 روپے فی کلو ،دال مسورباریک 139 روپے فی کلو ،دال مونگ 95 روپے فی کلو ،دال ماش 180 روپے فی کلو ،چمن دال ماش 200 روپے فی کلو ،سفید چنا 150 روپے فی کلو ،کالاچنا 130 روپے فی کلو ،سرخ مرچ 220 روپے فی کلو ،چینی ایکس مل ریٹ بمعہ 2 روپے اضافہ کے ساتھ ،نان 7 روپے فی ،روٹی 6 روپے فی ،دودھ کھلا 70 روپے فی کلو دہی 75 روپے فی کلو ،مقرر کی گئیں ۔


دینی مدارس فروغ دین کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، قاری امین ربانی

خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)جامع مسجد تقویٰ جوہرآباد میں جامعہ ربانیہ فیض العلوم میں تکمیل قرآن مجید کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت مہتمم قاری محمد امین ربانی نے کی۔ جبکہ مہمانِ خصوصی سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا کہ مساجد اور مدارس اﷲ تعالیٰ کا ہم پر خصوصی انعام ہیں جن سے ہمیں اپنے فرائض کا پتہ چلتا ہے۔ ہمیں دین اسلام سے دین اور دُنیا کی راہنمائی ملتی ہے۔ دینی مدارس دین کے تحفظ اور دین کی تعلیمات کی اشاعت ہو رہی ہے۔ تمام مسلمانوں کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ ان کی بھرپور سرپرستی اور ان سے تعاون کریں۔ جامعہ کے مہتمم قاری محمد امین ربانی نے کہا کہ اولاد اﷲ کی عظیم نعمت ہے اور اُن کی تربیت والدین کی ذمہ داری ہے ۔ ان کے عقائد ‘ اعمال ‘ اخلاق قرآن و سنت کے مطابق ہوں تاکہ ملک و ملت کی صحیح طور پر خدمت کر سکیں۔ اُن کی تربیت کیلئے دینی مدارس دن رات اپنے کام میں مصروفِ عمل ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن جوہرآباد سٹی کے جنرل سیکرٹری قاری عبدالباسط ‘ میونسپل کمیٹی جوہرآباد کے کونسلر ملک ربنواز اعوان‘ قاری عبدالقادر امین‘ چوہدری نصیر وڑائچ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے اختتام پر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے حافظ محمد انس کی دستار بندی کی۔

بزم سانجھ کے زیر اہتمام محفل مشاعرہ


خوشاب نیوز ڈا ٹ کام)بزم سانجھ ہڈالی کے زیر اہتمام محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا مشاعرہ میں ضلع خوشاب کے معروف اردو و سرائیکی شاعر عطا محمد عباسی نے شرکت کی۔ محفل کی صدارت ملک طاہر اعوان ایڈووکیٹ نے کی جبکہ نظامت کے فرائض غلام عباس تسکین نے سرانجام دیئے۔ مشاعرہ میں ملک حامد محمود وڈھل سمیت ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ محفل مشاعرہ میں شمس الحق ‘ عمر حیات محسن‘ محمد علی اسد بھٹی‘ کامران کشور‘ اسلام اصغر ‘ احمد نواز خالد‘ سید فضل عباس شاہ‘ ممتاز ساجد‘ ربنواز واصف آف جھنگ‘ مظہر زاہد‘ اظہر شلولی ‘ کمال الدین خاکی‘ حسن جعفری نے اپنا اپنا کلام پیش کیا 
;
ضلع خوشاب کی تازہ ترین خبریں ضلع خوشاب کی تازہ ترین خبریں Reviewed by Khushab News on 7:54:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.