اربوں کے میگا پراجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں، آصف بھا


خوشاب نیوز ڈاٹ کام) صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس مکمل کرا رہے ہیں۔ ضلع خوشاب میں اربوں روپے کے میگا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ان منصوبوں میں جوہرآباد کی واٹر سپلائی سکیم‘سفاری پارک کی تکمیل ‘ تعلیمی اداروں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کی اپ گریڈیشن جیسے پراجیکٹس شامل ہیں۔ وہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد میں مرکزی انجمن تاجران جوہرآباد کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں مختلف محکموں کے ضلعی سربراہوں‘ ارکانِ اسمبلی ‘ بلدیاتی نمائندوں ‘ وکلاء ‘ تاجروں ‘ ڈاکٹروں سمیت تمام مکاتب فکر کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ ملک محمدآصف بھا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جوہرآباد میں واٹر سپلائی کی گلیوں اور محلوں میں بچھی ہوئی بوسیدہ پائپ لائنیں تبدیل کرنے کیلئے 23کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی ہے جس پر ماہِ رواں میں کام شروع ہو جائے گا۔ اس منصوبہ کی تکمیل کے بعد جوہرآباد کی سیوریج کی بہتری اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبہ پر کام شروع ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ زیر تعمیر سفاری پارک اسی سال جون میں مکمل ہو جائے گا جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کریں گے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ مذکورہ سفاری پارک پاکستان کے بڑے سفاری پارکوں میں شامل ہوگا۔ اُنھوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جوہرآباد میں عجائب گھر کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے جس کیلئے ابتدائی طور پر 25کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی جا رہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ضلع خوشاب بالخصوص حلقہ پی پی 41کیلئے مزید کئی ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں گے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا کہ ملکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے پاک چین اقتصادی راہداری گیم چینجر ثابت ہو گی‘ ملکی اقتصادی ترقی میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور تاجروں کو ترقی کے بہتر مواقع ملیں گے۔ سینیٹر ڈاکٹر غوث نیازی نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کسی قسم کی افراتفری‘ جلاؤ‘گھیراؤ کے متحمل نہیں ہوسکتے سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مرکزی انجمن تاجران جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم اﷲ نے ملک محمد آصف بھا اور ڈاکٹر غوث محمد نیازی کی علاقائی اور عوامی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ علاقہ کے عوام کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید سہولیات مہیا کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ جوہرآباد کے بازاروں اور مارکیٹوں کی سڑکات جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں کی تعمیر کیلئے خصوصی توجہ دی جائے۔ تقریب سے عشر زکوٰۃ کمیٹی کے ضلعی چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ضلع خوشاب پنجاب کے اُن اضلاع میں شامل ہے جن کی تعمیر و ترقی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر آثارِ قدیمہ ملک محمد آصف بھا نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا ۔
khushabnews
;
اربوں کے میگا پراجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں، آصف بھا اربوں کے میگا پراجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں، آصف بھا Reviewed by Khushab News on 9:36:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.