ضلع خوشاب : جرائم کی خبریں


خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسرڈاکٹر نیز عالم خان نے بتایا ہے کہ گذشتہ ماہ کے دوران 109 متاثرہ لوگوں کو بہتر علاج معالجے کے لیے لوگوں کو مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ۔قبل ازیں انہیں بنیادی طبی امداد بھی فراہم کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کی مطابق ریسکیو 1122 خوشاب نے پچھلے ماہ کے دوران پیشنٹ ریفرل سروس کے تحت 109 کیسز ڈیل کیئے اور ان متاثرہ لوگوں کو ایک سرکاری ہسپتال سے دوسرے سرکاری ہسپتالوں میں شفٹ کیا ۔ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹر نیز عالم نے اپنے پیغام میں لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت تیز رفتاری سے گریز کریں ،دوران ڈرائیونگ سپیٹ بیلٹ کا استعمال کریں اور موٹر سائیکل کی ڈرائیونگ کے دوران ہیلمنٹ ضرور پہنیں۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے غیر ملکیوں کیخلاف کئے گئے آپریشن کے دوران خالق آباد میں اچانک چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر مقیم دو افعانیوں سید گل ولد معصوم اور اختر ولد عزیز اﷲ خان کو گرفتار کر لیا‘ ملزمان کے خلاف 14فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق دونوں افغانی پولیس کو پاکستان میں داخل ہونے کی کوئی قانونی دستاویز پیش کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے جوہر کالج برائے خواتین جوہرآباد کے چوکیدار اعجاز احمد ساکن اعوان ٹاؤن کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں زیر دفعہ 337-H2 ت پ اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق چوکیدار اعجاز نے کالج گیٹ کے سامنے ہوائی فائرنگ کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قاسم کالونی جوہرآباد میں 28سالہ خاتون مسماۃ عائشہ زوجہ محمد حسین نے جوئیں مار دوائی کھا کر خود کشی کی کوشش کی‘ حالت بگڑ جانے پر اُسے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں بروقت طبی امداد ملنے سے اُس کی جان بچ گئی۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے مرکز قومی بچت کے قریب ہوائی فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے بولہ کے رہائشی محمد مظہر کے خلاف ہوائی فائرنگ کرنے اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں زیر دفعہ 337-H2 اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے‘ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے گذشتہ روز مرکز قومی بچت کے قریب تیس بور پسٹل سے فائر کیا جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم حسن عرف پتیلا سے دورانِ تفتیش اُس کی نشاندہی پر 1875گرام چرس برآمد کر لی ہے ملزم کیخلاف منشیات فروشی کے الزام میں نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے شاہرائے عام پر گاڑیاں کھڑی کر کے روڈ بلاک کرنے پر رحمن موٹرز کے مالکان اﷲ دتہ اور جاوید کیخلاف زیر دفعات 290 اور 341ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے شو روم پر شو روم کی گاڑیاں سڑک پر کھڑی کر کے روڈ بلاک کر رکھی تھی جس کے باعث حادثات کا اندیشہ تھا۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام) قائدآباد پولیس نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیخلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران دو افغانیوں سمیع اﷲ پٹھان اور مٹھو خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف 14فارنر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے جلال آباد افغانستان کے رہائشی ملزم سمیع اﷲ کو اُتراء موڑ سے جبکہ سلیمان خیل افغانستان کے رہائشی مٹھو خان کو وڑچھہ ریلوے کراسنگ سے گرفتار کیا۔ دونوں ملزمان پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو پاکستان داخل ہونے کی کوئی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکے۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد پولیس نے بندیال میں جوئے کے اڈہ پر چھاپہ مار کر تین جواریوں نیاز گل پٹھان‘ محمد منیر اور حبیب اﷲ کو گرفتار کر لیا جبکہ دو جواری پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف 5/7/78قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ بندیال میں جوئے کا اڈا چل رہا ہے جس پر پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو تاش کے ذریعے جواء کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ پولیس نے تاش کے پتے اور داؤ پر لگی ہوئی ایک لاکھ تین ہزار 210روپے کی رقم قبضہ میں لے لی ہے۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع اُتراء میں نامعلوم چوروں نے دو گھروں میں نقب لگا کر ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی نقدی اور آٹھ تولے طلائی زیورات چرا لئے‘ قائدآباد پولیس نے نعمت اﷲ اُتراء کی رپورٹ پر نامعلوم چوروں کیخلاف زیر دفعات 380اور 454ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک اُن کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے رات کی تاریکی میں نعمت اﷲ اُتراء اور شوکت حیات کے گھروں میں نقب لگائی ‘ نعمت اﷲ اُتراء کے گھر سے اڑھائی لاکھ روپے اور پانچ تولے سونا جبکہ شوکت حیات کے گھر سے تین لاکھ روپے اور آٹھ تولے سونا چوری کر لیا اور فرار ہو گئے۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر37ڈی بی میں ایک اوباش نوجوان عامر مسیح کی جانب سے ایک شادی شدہ خاتون حمیرا شہباز مسیح کو بے آبرو کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی‘ قائدآباد پولیس نے ملزم کے خلاف زیر دفعات 376اور511ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق ملزم عامر مسیح رات کے وقت مسلح ہو کر حمیرا شہباز کے گھر میں داخل ہوا اور اسلحہ کی نوک پر اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔ خاتون کے شور مچانے پر لوگ اکٹھے ہو گئے اور ملزم فرار ہو گیا۔ 
;
ضلع خوشاب : جرائم کی خبریں ضلع خوشاب : جرائم کی خبریں Reviewed by Khushab News on 8:49:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.