ضلع خوشاب کی خبریں

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کے پوسٹ آفس میں سٹاف کی قلت کے باعث عوام الناس کو پوسٹل سروسز کے حصول میں شدید
 دشواریاں حائل ہیں۔ اس اہم پوسٹ آفس میں پوسٹ ماسٹر سمیت منظور شدہ گیارہ آسامیوں میں سے پانچ خالی پڑی ہیں جس کے باعث ڈاک کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ پوسٹ ماسٹر جنرل اس اہم مسئلہ پر فوری توجہ مبذول کرتے ہوئے سٹاف کی کمی پوری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تحفظ حقوق شہریاں جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ ڈاکخانہ جوہرآباد میں پوسٹ مینوں کی چار میں سے ایک ‘ کلرکوں کی چار میں سے دو آسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ سٹمپ وینڈر اور میل پیکر کی اکلوتی آسامیوں پر کوئی تعیناتی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے نہ صرف ڈاکخانہ میں تعینات گنتی کے سٹاف پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے بلکہ شہریوں کو بھی کئی‘ کئی گھنٹے لائنوں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ڈاکخانہ جوہرآباد ضلعی ہیڈ کوارٹر میں ہونے کے باعث ہر خاص و عام کی توجہ کا مرکز ہے اس لئے اس کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے یہاں 100فیصد سٹاف کی تعیناتی ضروری ہے۔ 


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)شاہین شیر ربانی حضرت سیدنا طاہر حسین شاہ ؒ کے دو روزہ عرس مبارک کی تقریبات 23مارچ بروز جمعرات شروع ہونگی‘ تقریبات میں ملک بھر سے پیر سید طاہر حسین شاہ ؒ کے معتقدین ‘ مریدین ‘ علماءِ کرام ‘ مشائخ اور جلیل القدر شخصیات شریک ہونگی۔ تقریب کے پہلے روز مزار مبارک کو غسل دیا جائے گا اور چادر پوشی ہو گی۔ اختتامی تقریب 24مارچ بروز جمعۃ المبارک منعقد ہو گی جس میں ملک کے ممتاز علماءِ کرام کا ایمان افروز خطاب ہوگا۔ 


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں ‘ تحصیلداروں اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کی ریونیو ریکوری پوزیشن کا جائزہ لیا گیا اور ریکوری کا سو فیصد ہدف پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں چاروں تحصیلوں کے ریونیو افسران نے ریکوری کے حوالے سے اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی ریونیو افسران کی ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآ ہونے کیلئے وہ اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ریونیو ریکوری کے حوالے سے کسی بھی سطح پر غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 





خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ایک زیر حراست ملزم حسن رضا سے دورانِ تفتیش اُس کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونیوالا ناجائز اسلحہ تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے۔ ملزم کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بائی پاس روڈ پر نصب پبلک ہیلتھ اربن سکیم جوہرآباد کا 13لاکھ روپے مالیت کا الیکٹرک ٹرانسفارمر چوری ہو گیا‘ سٹی پولیس جوہرآباد نے ایس ڈی او واپڈا حافظ محمد مبین کی رپورٹ پر نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ 

ضلع خوشاب کی خبریں ضلع خوشاب کی خبریں Reviewed by Khushab News on 9:20:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.