بدھ 22 مارچ 2017 کا اخبار


خبروں کی اشاعت کے بعد کتا مار مہم شروع
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر نے میڈیا میں کتوں کے کاٹنے کی خبرون کی اشاعت پر نوٹس لیتے ہی محکمہ صحت کی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں‘ ڈپٹی کمشنر خوشاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خوشاب قاضی امان اﷲ نے ضلع بھر میں ڈاگ کلنگ کی مہم کے حوالے سے محکمہ صحت کی 12رُکنی ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ جو ضلع بھر میں آوارہ اور خارش زدہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے کام کرے گی۔ جوہرآباد میں محمد حسن سینٹری پٹرول اور مشتاق احمد سینٹری سپروائزر‘ خوشاب میں احسان الحق اور جاوید اختر سینٹری پٹرول‘ عبدالواحد اور رانا رضوان سینٹری پٹرول‘ مٹھہ ٹوانہ میں صفدر اقبال ‘ محمد حیات سینٹری پٹرول‘ قائدآباد میں ابسار حیات سینٹری پٹرول اور محمد خان سینٹری انسپکٹر‘ نورپورتھل میں نوشیروان سینٹری پٹرول اور محمد افضل سینٹری انسپکٹر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

گھریلو حالات سے تنگ 2 خواتین کا اقدام خود کشی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں گھریلو حالات کی ستائی ہوئی دو خواتین نے زہریلی گولیاں کھا کر موت کو گلے لگانے کی کوشش کی تاہم بروقت طبی امداد ملنے سے اُن کی جان بچ گئی۔ اقدام خود کشی کا پہلا واقعہ نواحی گاؤں چک نمبر 2میں ہوا جہاں اٹھارہ سالہ قیصر بی بی زوجہ ملازم نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر چوہے مار گولیاں نگل لیں اُسے تشویشناک حالت کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں شعبہ ایمرجنسی میں اُس کا معدہ واش کیا گیا ‘ ڈاکٹروں کے مطابق اب اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اقدام خود کشی کا دوسرا واقعہ وادی سون کے گاؤں سبھرال میں ہوا جہاں اکیس سالہ خاتون شمائلہ بی بی زوجہ پرویز احمد نے ‘ گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ اُسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا جہاں اُس کا معدہ واش ہوا اور اُسے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

لاکھوں کے مسروقہ مویشی برآمد

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے منگور سے چوری ہونیوالے ساڑھے چار لاکھ روپے مالیت کے مویشی برآمد کر کے رسہ گیروں محمد ابراہیم‘ شاہد حسین اور اُن کے تین ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے تین مسروقہ بکریاں اور دو کٹیاں برآمد ہوئی ہیں۔ یہ مسروقہ مویشی نسیم کالونی کی رہائشی محسن عباس کی ملکیت تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 380ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 


ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پولیس نے ناجائز اسلحہ کیخلاف چلائی جانیوالی مہم کی دوران شوالہ کے رہائشی دو افراد لال خان بلوچ اور رستم خان بلوچ کو گرفتار کر کے اُن کے قبضہ سے دو بارہ بور بندوقیں‘ ایک رائفل سیون ایم ایم اور ایک بتیس بور ریوالور برآمد کیا ہے۔ دونوں ملزمان کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزم لعل خان بلوچ کو گرفتار کر کے اُس سے بندوق بارہ بور برآمد کی بعد ازاں دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر ایک بتیس بور ریوالور اور ایک سیون ایم ایم برآمد کی گئی۔ جبکہ رستم خان بلوچ سے بندوق بارہ بور برآمد کی گئی ہے۔


انتقال پر ملال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر حسن بلال کی والدہ ماجدہ وفات پا گئیں مرحومہ کا جسد خاکی مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں پی ایم اے کے عہدیداروں و ارکان سمیت محکمہ صحت کے افسران و ملازمین ‘ تاجروں‘ دوکانداروں ‘ وکلاء اور صحافیوں سمیت عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 


سمیرا گروپ کے یوتھ کونسلروں کا اجتماع
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ضلع خوشاب کے بلدیاتی اداروں کے سمیرا گروپ سے تعلق رکنے والے یوتھ ممبران کا ایک اجتماع یوتھ ممبر ضلع کونسل سمیع الحق اعوان کی دعوت پر ضلع کونسل کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں ضلع کونسل کے وائس چیئرمین ملک مسعود نذیر راجڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کی تمام یونین کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں کے یوتھ ممبران شریک تھے۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کے نوجوانوں کے مسائل زیر بحث لائے گئے اور اُنھیں حل کرنے کیلئے تجاویز وسفارشات مرتب کی گئیں۔ قوم کے روشن ‘ تابناک مستقبل کیلئے نوجوانوں کو تعلیم و صحت کی سہولیات مہیا کرنے کیساتھ ساتھ اُنھیں روزگار کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کونسل خوشاب کے وائس چیئرمین ملک مسعود نذیر راجڑ نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں جنھوں نے ملک و قوم کی اہم ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں۔ اس لئے اُنھیں مسائل کے گرداب سے نکالنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ضلع کونسل خوشاب کے یوتھ ممبر ملک سمیع الحق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنے اور اُن کی کردار سازی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ اُنھوں نے بلدیاتی اداروں کے یوتھ ممبران کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں اور اپنی توجہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے اور تعلیم و صحت کی سہولیات مہیا کرنے پر مرکوز کریں تاکہ ملک و قوم کے مستقبل کو روشن ‘ تابناک اور محفوظ بنایا جا سکے۔ 


ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سالانہ میڈیکولیگل ورکشاپ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں سالانہ میڈیکو لیگل تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیاگیا‘ جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری محمد طارق جاوید اور ڈی پی او خوشاب وقاص حسن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ میں چیف ایگزیکٹو ہیلتھ ڈاکٹر نذر حیات مجوکہ ‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود ‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر امان اﷲ قاضی‘ پی ایم اے ضلع خوشاب کے صدر ڈاکٹر محمود احمد زبیری ‘ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر راجہ غنی مسعود عالم سمیت محکمہ صحت کے میڈیکل افسران کے علاوہ پنجاب بار کونسل کے سابق رُکن حافظ خان محمد ماہل ایڈووکیٹ‘ سید امداد حسین ہمدانی ایڈووکیٹ‘ ڈسٹرکٹ بار کے صدر اظہر عباس ہمدانی ایڈووکیٹ بھی شریک تھے اس موقع پر ڈسٹرکٹ میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر طاہر حیات ڈھڈی نے میڈیکو لیگل کے حوالے سے تفصیلات بتائیں جبکہ محکمہ صحت پنجاب کے سرجن کیپٹن (ر) وسیم حیدر نے خصوصی لیکچر دیا۔ اُنھوں نے میڈیکل افسران کو ہدایت کی کہ وہ میڈیکو لیگل بناتے وقت آئین اور قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھیں اور میڈیکو لیگل کے تمام امور دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیئے جائیں۔ اُنھوں نے کہا کہ عوام الناس کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے میڈیکو لیگل کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاتا اس لئے اس کی تیاری کے وقت انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ 


خوشاب:سات گراںفروشوں کو جرمانے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)تحصیلدار نے سات گراں فروش دکانداروں کو جرمانہ کردیا۔تحصیلدار سید آفتاب حسین شاہ نے گرانفروشوں

کے خلاف کارروائی کے دوران کچہ بازار کے 7دکانداروں محمد ریاض، خورشید خان ،خدا بخش ،محمد فیصل ،محمد امتیاز، حامد علی ودیگر کو 8ہزار روپے مجموعی طور پر جرمانہ کردیا،جبکہ دیگر کئی دکانداروں کو مقرر کردہ نرخوں کے مطابق اشیائے خورونوش فروخت کرنے کی واننگ دی ۔


خوشاب:لاری اڈہ سے شراب فروش گرفتار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب پولیس کا لاری اڈامیں چھاپہ منشیات فروش شراب سمیت گرفتار

خوشاب پولیس نے منشیات کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران نیو لاری اڈا پر اچانک چھاپہ مار کر شراب فروش اسلم مسیح کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے قبضہ سے 13بوتل شراب برآمد ہوئی ۔اسلم مسیح کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا۔


پی ایم اے ضلع خوشاب کی حلف برداری

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 24نو منتخب ممبران نے حلف اٹھا لیا‘ حلف برداری کی پروقارتقریب آفیسرز کلب میں چیئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال بھٹی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں نو منتخب ممبران ڈاکٹر قاضی آصف محمود‘ لیڈی ڈاکٹر عطیہ عمران‘ ڈاکٹر اورنگزیب‘ ڈاکٹر اعجاز حسین‘ ڈاکٹر جازب ملک‘ ڈاکٹر خالد سعید اعوان‘ ڈاکٹر عابد علی مخدوم‘ ڈاکٹر خورشید عالم‘ ڈاکٹر محمود احمد زبیری‘ ڈاکٹر مقبول حسین ‘ ڈاکٹر مختار سرور نیازی ‘ ڈاکٹر محمد نعیم‘ ڈاکٹر نعیم صادق اعوان‘ ڈاکٹر ملک ربنواز اعوان‘ ڈاکٹر راجہ ربنواز‘ ڈاکٹر رانا ناصر‘ ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف‘ ڈاکٹر راشد ملک‘ ڈاکٹر سرفراز احمد سیال‘ ڈاکٹر شاہین خان میو‘ ڈاکٹر توقیر‘ ڈاکٹر عبید اﷲ نیازی اور ڈاکٹر ظفر اقبال بھٹی نے بطور ممبر ایگزیکٹو کمیٹی حلف اٹھایا۔ حلف برداری کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال بھٹی نے چیئرمین شپ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد ممبران نے اتفاقِ رائے سے ڈاکٹر خورشید عالم کو ایگزیکٹو کمیٹی کا نیا چیئرمین منتخب کیا۔ نو منتخب چیئرمین ڈاکٹر خورشید عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پی ایم اے کو فعال سے فعال تر بنانے اور سرکاری و نجی سیکٹر میں کام کرنیوالے ڈاکٹروں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اُنھوں نے انکم ٹیکس افسران کی جانب سے ڈاکٹروں کیساتھ اپنائے جانیوالے مبینہ ناروا رویہ اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے سائن بورڈز کے حوالے سے بھجوائے جانیوالے نوٹسز پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا۔ 
کیا۔ 

دو افراد آوارہ کتوں کا نشانہ بن گئے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)رحمت کالونی جوہرآباد اور محلہ حسین آباد خوشاب میں دو اور افراد آوارہ کتوں کا نشانہ بن گئے‘ محلہ حسین آباد خوشاب میں بارہ سالہ لڑکے محمد عمیس ولد مرید حسین اور رحمت کالونی میں تیس سالہ نوجوان ذوالفقار ولد محمد حفیظ کو خونخوار آوارہ کتے نے کاٹا۔ دونوں زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں اُن کی مرہم پٹی کی گئی اور اُنھیں ریبیز ویکسین کے انجکشن لگائے گئے۔ 

گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک شخص زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گرین ٹاؤن جوہرآباد میں گھریلو گیس کا سیلنڈر پھٹنے سے پچاس سالہ محمد اقبال ولد ولی محمد بری طرح جھلس گیا۔ محمد اقبال کو شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اس کی زندگی بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

فلاحی معاشعے کے قیام کےلیے آبادی کنٹرول رکھنا ضروری ہے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے صدر سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا ہے کہ سرزمین وطن پر فلاحی معاشرے کی
 تشکیل کیلئے آبادی اور وسائل میں تناسب رکھنا بے حد ضروری ہے۔ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ محکمہ بہبودِ آبادی کے فلاحی پروگراموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تعاون کرے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی جوہرآباد کیمپس کے ہال میں منعقدہ محکمہ بہبودِ آبادی کی تقریب تقسیم اسناد سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کی صدارت ضلعی آفیسر بہبودِ آبادی ملک نصیر احمد کربلائی نے کی۔ ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا کہ ملکی وسائل اور آبادی میں تناسب نہ ہونے کے باعث معاشرتی ناہمواریاں جنم لے رہی ہیں اس لئے چھوٹے کنبے کے فروغ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ضلعی آفیسر بہبودِ آبادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے خصوصی ترقیاتی سکیم شروع کی ہے اور اُن کیلئے 7روزہ تربیتی پروگرام شروع کیا اس پروگرام میں ضلع خوشاب سے پانچ ڈاکٹروں اور 20پیرا میڈیکس کو منتخب کیا گیا ۔ اس سکیم کے تحت محکمہ بہبودِ آبادی اُن میں خوشحال گھرانہ سنٹر کی پچیس فرنچائزز تقسیم کرے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد پبلک سیکٹر کے تحت عوام الناس کو خاندانی منصوبہ بندی کے عارضی طریقوں کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے تربیت مکمل کرنیوالے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف میں اسناد تقسیم کیں۔

اوور سیز پاکستانی قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پنجاب اسمبلی کے رُکن ملک محمد وارث کلو نے کہا ہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہماری قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں وہ اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے نہ صرف اپنے بال بچوں کا پیٹ پالتے ہیں بلکہ وطن عزیز کو ذرِ مبادلہ کی مد میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بھی اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ اُن کے لواحقین کی ضروریات کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کمپلیکس جوہرآباد کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ضلعی اوور سیز کمیٹی کے اجلس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاص حسن ‘ ڈپٹی کمشنر امجد بشیر ‘ اسسٹنٹ کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں اوور سیز پاکستانیوں اور اُن کے لواحقین کو درپیش مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا گیا اور اُن کے حل کیلئے تجاویز و سفارشات مرتب کی گئیں۔ ملک وارث کلو نے مختلف محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کے لواحقین کی جانب سے دی جانیوالی درخواستوں پر فوری نوٹس لیں اور اُنھیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔

ایس ایچ او جوڑا کلاں لائن حاضر
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی پی او خوشاب وقاص حسن نے تھانہ جوڑا کلاں کے ایس ایچ او انسپکٹر آصف کو لائن حاضر کر دیا‘ اُن کی جگہ سب انسپکٹر ذیشان باجوہ کو تھانہ جوڑا کلاں کا نیا ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر ذیشان باجوہ نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال کر کام شرو ع کر دیا ہے۔ 

دوشیزہ کو اغوا کرنے کے الزام میں پڑوسن کیخلاف مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر 24ایم بی میں محمد افضل ‘ خرم شہزاد اور اُن کی معاون ایک خاتون مسماۃ ارم دُختر منور نے اپنے محلے دار محمد جاوید کی پندرہ سالہ بیٹی جویریہ جاوید کو اغواء کر لیا ‘ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے مغویہ کے والد محمد جاوید کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 365-بی ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے محمد جاوید کے گھر آ کر بتایا کہ اُن کے گھر مہمان آئے ہوئے ہیں اس لئے پانی بیٹی کو کھانا پکانے کیلئے اُن کے ساتھ بھیجا جائے۔محمد جاوید نے اپنی بیٹی کو اُن کے گھر بھیجنے کی حامی بھر لی جس کے بعد ملزمان مسماۃ جویریہ کو گاڑی میں ڈال کر فرار ہو گئے۔ 

کار سرکار میں مداخلت 2 افراد کیخلاف مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے دو افراد محمد سرور اور محمد فیروز کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور عدالتی بیلف محمد سلیم پر حملہ کرنے کے الزام میں زیر دفعات 224‘ 225 ‘186 اور 506 ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آر کے مطابق عدالتی بیلف محمد سلیم عدالت کے حکم پر مقامی میرج ہال میں شادی کی تقریب میں موجود ایک ملزم محمد رمضان کو پکڑنے کیلئے گیا تو اُس کے ساتھیوں محمد سرور اور محمد فیروز نے بیلف پر حملہ کر کے محمد رمضان کو آزاد کرا لیا اور بیلف محمد سلیم کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ 


معذور افراد میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر نے کہا کہ ہر بشرکو اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل یقین ہونا چاہیے اور اس کی دی ہوئی نعمتوں کا ہر حال میں شکر اد ا کرتے رہنا چاہیے۔یہ نظام قدرت ہے کہ جس کی قسمت میں جو لکھا ہے وہ اسے مل کر ہی رہے گا ۔ڈپٹی کمشنر سو شل ویلفیئر کمپلیکس میں پنجاب بیت المال کی جانب سے معذور افراد کو چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی محمد فیاض نائچ و کمیٹی کے ممبران ،ڈپٹی ڈائریکٹر سو شل ویلفیئر امتیاز احمدمانگٹ اور معذور افراد موجود تھے۔تقریبا 40 معذور افراد کو مالی امداد دی جا رہی ہے جو کہ فی کس تین ہزار روپے بنتی ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز مانگٹ نے تقریب میں بتایا کہ تقریبا 40 معذور افراد کو فی کسی تین ہزار روپے مالی امداد دی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ قبل ازیں معذور افراد کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا تھا اور انہیں معذوری سر ٹیفکیٹ کے اجراء پر صاف او ر شفاف طریقے سے اس عمل کی تکمیل کی گئی چیئرمین کمیٹی محمد فیاض نائچ نے کہا کہ ضلع میں بیت المال کمیٹی متحرک ہے اور اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے ۔کمیٹی ممبران نے کہا کہ مستحق اور معذور افراد کی تعداد زیادہ ہے اور تین ہزار روپے مالی امداد کم ہے انہوں مالی امدار کی رقم بڑھانے کا مطالبہ کیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد میں چیکس تقسیم کیے ۔

;
بدھ 22 مارچ 2017 کا اخبار بدھ 22 مارچ 2017 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 2:09:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.