ہفتہ 25 مارچ کا اخبار

ایم  این اے  ہاوس میں یوم پاکستان کی تقریب
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ایم این اے ہاؤس جوہرآباد میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔تقریب میں وفاقی چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی و ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری توانائی و ایم پی اے کرم الہیٖٖٖ بندیال ،رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد وارث کلو اور ملک جاوید اقبال اعوان ،مسلم لیگی راہنما مختار احمد سنگھا ،ملک عمران بشیر یوسی چیئرمینوں کونسلروں اور دیگر شخصیات نے بھر پور

 شرکت کی ۔ملک شاکر بشیر اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا قیام ہمارے آباؤواجداد کی لازوال قربانیوں ،شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی وفات اور پاکستان کے پہلے وزیر اعظم کی شہادت کے بعد پاکستان میں قیادت کا فقدان رہا لیکن اب وطن عزیز کو میاں محمد نواز شریف جیسے محب وطن کی قیادت میسر آگئی ہے ۔ان کی سوچ اور تدبر سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہمارا ملک جی 20 ترقی یافتہ ممالک کی صف میں جلد شامل ہو جائیگا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے عوام سے جو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا وہ انشاء اللہ ضرور پورا ہو گا اور 2018 بجلی کے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا شاکر بشیر عوان نے کہا کہ آئندہ ہمارے ملک میں اپنی ضرورت سے زائد بجلی میسر ہوگی انہوں نے شرکاء تقریب سے کہا کہ آج ہم نے عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کو مستحکم کریں گے اور میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو عظیم تر بنائیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی کرم الہی بندیال نے کہا کہ ہمارا ملک کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہے ہمارا مذہب امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اس لیے یہاں پر اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے انہوں نے کہاکہ د امن مہاڑ موٹروے میری دراخوست او ر میری کوششوں سے منظور ہوئی جس سے ضلع خوشاب ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا انہوں نے شرکاء تقریب سے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ مضبوط کریں اور مسلم لیگ کے جھنڈے تلے متحدرہیں ۔تقریب میں ایم پی اے ملک محمد وارث کلو اور ملک جاوید اقبال اعوان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح کی شب وروز کوششوں سے یہ ملک حاصل ہوا ۔23 مارچ 1940ء کو مسلم لیگ کی قیادت کرتے ہوئے جو قرار داد منظور ہوئی تھی اس کے صرف سات سال بعد قائد ا عظمؒ نے آزاد مملکت کا حصول ہمارے لیے ممکن بنا دیا ۔لہذا مسلم لیگ ہی ملک کی خالق جماعت ہے اور اسکی موجودہ قیادت میاں نواز شریف پر ہمیں مکمل اعتماد ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی میاں محمد نواز شریف کو ملک کی قیادت کا موقع ملا انہوں نے ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کا م کروائے اور اب سی پیک ملک کی خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ شاکر بشیراعوان نے مسلم لیگی ورکروں کو تلقین کی کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں ۔تقریب کے شروع میں یوم پاکستان کے حوالے سے سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔ 

متعدد ایس ایچ او تبدیل
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب کے متعدد تھانوں کے ایس ایچ او تبدیل، ایس ایچ او خوشاب"شیخ ظفر"لائن حاضرانسپکٹر ظفر اقبال کلیار ایس ایچ اوخوشاب تعینات یس ایچ اوکٹھہ اسدعباس"لائن حاضر جبکہ تھانہ نوشہرہ سےایس آئی"سلیم اللہ"ایس ایچ اوکٹھہ تعینات ،ایس ایچ اونوشہرہ"خان امیر"کوایس ایچ اومٹھہ ٹوانہ یس ایچ او مٹھہ ٹونہ"خالدگوندل"کوانچارج سی آئی اےخوشاب تعینات جبکہ انچارج سی آئی اے"امجد جلال"کو ایس ایچ اونوشہرہ تعینات کردیاگیا


 درخت دھرتی کا زیور ہیں ،سمیرا ملک

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چیئرپرسن ضلع کونسل خوشاب محترمہ سمیرا ملک نے کہا ہے کہ درخت دھرتی کا زیور ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے بھی کلیدی کردار اد اکرتے ہیں اس لئے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر فرد درختوں کو پروان چڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع کونسل کمپلیکس میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا‘ سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی‘ قومی اسمبلی کے رُکن ملک محمد عزیر خان ‘ ضلع کونسل کے وائس چیئرمین ملک مسعود نذیر راجڑ‘ بلدیہ جوہرآباد کے چیئرمین ملک محمد اشرف اعوان ‘بلدیہ مٹھہ ٹوانہ ملک فاروق حسن ٹوانہ ‘ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر اور ایس ڈی او جنگلات ملک مختار حسین اعوان سمیت بلدیاتی نمائندوں ‘ سرکاری افسران اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محترمہ سمیرا ملک نے کہا کہ نئے درخت لگانے کیساتھ ساتھ ضروری ہے کہ جنگلات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ حکومت جنگلات کے غیر قانونی کٹاؤ کا عمل روکنے اور جنگلات کے تحفظ کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے۔ سرسبز و شاداب درختوں پر کلہاڑے چلانے والے کسی بھی صورت میں قانون کی گرفت سے محفوظ نہیں رہیں گے اس موقع پر صوبائی وزیر ملک آصف بھا ‘ سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی‘ قومی اسمبلی کے رُکن ملک محمد عزیر خان‘ ڈپٹی کمشنر امجد بشیر‘ ضلع کونسل کے وائس چیئرمین مسعود نذیر راجڑ اور بلدیہ جوہرآباد کے چیئرمین ملک اشر ف اعوان اور بلدیہ مٹھہ ٹوانہ کے چیئرمین ملک فاروق حسن ٹوانہ نے پودے لگائے ۔
 گھریلو جھگڑوں سے خاتون کی خود کشی کی کوشش 
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سرفراز کالونی جوہرآباد میں تیس سالہ خاتون شہناز زوجہ غلام محمد نے گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں‘ مسماۃ شہناز کا اپنے اہل خانہ کیساتھ جھگڑا ہوا تھا جس پر اُس نے خود کو ایک کمرے میں بند کر دیا اور وہاں گندم میں رکھنے والی گولیاں کھائیں دیکھتے ہی دیکھتے اُس کی حالت بگڑ گئی اُسے فوری طو رپر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا اور ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں اُس کا معدہ واش کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اب اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 


 مسعود کنڈان کی والدہ کا انتقال پر ملال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان تحریک انصاف ضلع خوشاب کے سابق صدر ملک مسعود انور کنڈان کی والدہ انتقال کر گئیں‘ مرحومہ کا جسد خاکی اُن کے آبائی گاؤں کنڈان کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا نمازِ جنازہ بلاک نمبر1جوہرآباد کی جامع مسجد کے پارک میں اد اکی گئی نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا‘ قومی اسمبلی کے رُکن ملک شاکر بشیر اعوان ‘ پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری انجینئر گل اصغر بگھور‘ پنجاب اسمبلی کے سابق رُکن تصور علی خان‘ سابق ضلع ناظم خوشاب ملک احسان اﷲ ٹوانہ‘ پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری پیر فیض الحسن گیلانی‘ تحصیل خوشاب کے صدر ملک حامد محمود وڈھل‘ تحصیل نورپورتھل کے صدر سردار علی حسین بلوچ‘ ملک شاہد بگھور سمیت علاقہ بھر کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ 

موٹر سائیکل چوری 
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں نامعلوم چوروں نے ہسپتال کے سینٹری ورکر تنویر مسیح کا 20ہزار روپے مالیت کا موٹر سائیکل چوری کر لیا‘ سٹی پولیس جوہرآباد نے تنویر مسیح کی رپورٹ پر نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک مسروقہ موٹر سائیکل بازیافت نہیں ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق تنویر مسیح نے اپنا موٹر سائیکل نمبری 9892 کے بی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سٹینڈ پر کھڑا کیا تھا اور خود ڈیوٹی پر چلا گیا جب واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھا۔

ایک غیر ملکی گرفتار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کیخلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران نائچ کالونی میں چھاپہ مار کر افغانی باشندے شاہ بہرام کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ صدر جوہرآباد میں 14فارنر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم شاہ بہرام پولیس کو پوچھ گچھ کے دوران پاکستان میں داخل ہونے کی کوئی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکا۔ 

دو سبزی فروشوں کو جرمانے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر شاہد محمود نے کچہ بازار جوہرآباد میں اچانک چھاپہ مار کر دو سبزی فروشوں اسد بھٹی اور عمر حیات کو سبزیاں مہنگے داموں بیچتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا‘ ملزمان اسد بھٹی اور عامر حیات کو گرانفروشی کی پاداش میں دس‘ دس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ ڈی او لیبر نے سبزی فروشوں ‘ پھل فروشوں اور دیگر دکانداروں کو انتباہ کیا کہ وہ گرانفروشی سے اجتناب کریں اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فروخت یقینی بنائیں بصورت دیگر اُن کیخلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 


 حضرت ابوبکر صدیقؓ اُمت مسلمہ کے محسن کبیر ہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)انٹرنیشنل غوثیہ فورم کے چیئرمین مولانا ملک محبوب الرسول قادری نے کہا ہے کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ اُمت مسلمہ کے محسن کبیرا اور امیر المومنین ہیں آپ نے بارگاہِ نبویؐ سے براہِ راست فیض حاصل کیا اور پھر امت مسلمہ کو منظم کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ جامع مسجد غلہ منڈی جوہرآباد میں ’’سیدنا صدیق اکبرؓ کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ جس کی صدارت مولانا صاحبزادہ قاری محمد امین الحسنی نے کی جبکہ صاحبزادہ سید وقار الحسن گیلانی مہمانِ خصوصی تھے اُنھوں نے کہا کہ صدیق اکبرؓ کی ذات گرامی افضل الصحابہ ہے اور آپ نے ساری زندگی ناموسِ رسالت کی پہرہ داری کا فریضہ سرانجام دیا۔ آپ مجاہد تحفظ ناموسِ رسالت ہیں روشن گیلانی نے کہا کہ حضورؐ کے تمام صحابہ عادل اور سر چشمہ ہدایت ہیں۔ قبل ازیں ملک محبوب الرسول قادری‘ روشن گیلانی‘ پروفیسر قاری محمد مشتاق انور‘ وزیر آثارِ قدیمہ ملک آصف بھا‘ ڈاکٹر عبدالحمید سیالوی‘ سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی اور سینکڑوں علماء و مشائخ نے حضرت سید طاہر حسین شاہ ترمذی کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔ 

ہفتہ 25 مارچ کا اخبار ہفتہ 25 مارچ کا اخبار Reviewed by Khushab News on 11:47:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.