ضلع خوشاب کی خبریں


ریسکیو 1122 ایمرجنسی میں عوام کے لیے کوشاں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 ڈاکٹر نئیر عالم خان نے کہا ہیکہ ریسکیو 1122 خوشاب حادثات،سانحات ، کرائم ،میڈیکل ،فائر اور دیگر ایمرجنسیز میں متاثرہ عوام کی خدمات کے لئے بروقت دن رات کوشاں ہے متاثرہ عوام کو بروقت معیاری سروس مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی وہیکلز اور انکے آلات کا انٹرنیشنل لیول پر معیار برقرار رکھا جاتا ہے جس کے لئے انکی صفائی اور انکی بروقت مینٹینینس کروائی جاتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایمرجنسی وہیکلز ،ایکوپمینٹس اور ریسکیو اسٹیشن کے فزیکلی معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ فزیکلی معائنہ کے بعد ڈاکٹر نیئر عالم نے ریسکیوایمرجنسی وہیکلز اور ایکوپمیینٹس کو تسل بخش قرار دیااور ریسکیو عملہ کو ضلع خوشاب میں ریسکیو 1122کی بہترین سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ 

این جی اوز آڈٹ کرائیں،زیب النسا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کی پروگرام ڈائریکٹر زیب النساء نے این جی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تنظیموں کا باقاعدہ آڈٹ کرائیں اور کسی بھی پروگرام کے انعقاد سے قبل اُس کی ڈی پی او آفس سے سیکورٹی کلیرنس کرائیں۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار سوشل ویلفیئر کمپلیکس جوہرآباد میں فلاحی تنظیموں کے نمائندگان سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر صائمہ سلیم بھی موجود تھیں۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کا کہنا تھا کہ نجی تنظیموں کے وسائل اور فنڈز کا جائزہ لینے کیلئے آڈٹ کا عمل مکمل کرنا ضروری ہے وہ تمام این جی اوز جو غیر ملکی امداد سے چل رہی ہیں ان کا پینل آڈٹ کرایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر صائمہ سلیم نے بتایا کہ تحصیل خوشاب میں 66این جی اوز کام کر رہی ہیں جن کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔

چالیس کروڑ کی 162 ترقیاتی سکیموں کی منظوری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ترقیاتی کمیٹی خوشاب کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر امجد بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ضلع خوشاب کے تمام تعمیراتی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع خوشاب کے قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے چار ارکان کو فراہم کی جانیوالی چالیس کروڑ روپے کی گرانٹ کی 162ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ جن ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ہے اُن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 69کی 52‘ این اے 70کی 60‘ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 39 کی 17‘ حلقہ پی پی 40کی چودہ‘ حلقہ پی پی 41کی 33اور حلقہ پی پی 42کی 10ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امجد بشیر کا کہنا تھا کہ یہ ترقیاتی سکیمیں منتخب عوامی نمائندوں نے علاقہ اور عوام کی ترجیحات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دی ہیں اس لئے ان کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔ اُنھوں نے ضلعی تعمیراتی محکموں کی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی سکیموں کی خود سائٹ پر جا کر مانیٹرنگ کریں تاکہ ناقص میٹریل کے استعمال کا راستہ روکا جا سکے اور اُنھیں معینہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ اُنھوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ کے فنڈز عوام کی امانت ہیں ان کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونی چاہیے۔ 


ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کی تشکیل نو
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کی تشکیل نو کا مرحلہ مکمل ہو گیا‘ ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سیکرٹری ہونگے۔ ایڈیشنل کمشنر فنانس ‘ ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات‘ ایکسئن ایریگیشن اور تمام تعمیراتی محکموں کے سربراہان کو کمیٹی میں بطور ممبر شامل کیا گیا ہے۔ 


ساڑھے سات کروڑ روپے کے فنڈز مختص
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع خوشاب کے ارکانِ اسمبلی کیلئے رواں مالی سال کیلئے ڈویلپمنٹ کی مد میں ساڑھے سات کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر دیئے گئے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ضلع خوشاب کے چاروں ارکانِ اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام کی ضروریات کے تحت ترقیاتی سکیمیں تشکیل دیکر برائے منظوری ضلعی ترقیاتی کمیٹی کو ارسال کریں۔ 


نوجوان لڑکی کچن میں آگ لگنے سے جھلس گئی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نیو سیٹلائٹ ٹاؤن جوہرآباد میں ایک لڑکی مسماۃ سونیا دُختر عبدالستار کچن میں کام کرتے ہوئے آگ لگنے سے بری طرح جھلس گئی‘ مسماۃ سونیا کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثناء نسیم کالونی جوہرآباد میں ایک کمسن لڑکا محمد مامون ولد محمد ارشد کھولتے ہوئے پانی کے ٹب میں گر کر بری طرح جھلس گیا۔ محمد مامون کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 

 دو افراد سے ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے ناجائز اسلحہ کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران دو افراد شرافت حسین ساکن برج مہرہ اور عمر دراز ساکن چک نمبر54ایم بی کو گرفتار کر کے اُن کے قبضہ سے ایک ‘ ایک بندوق بارہ بور برآمد کی ہے دریں اثناء نورپورتھل پولیس نے قتل کے مقدمہ میں ملوث زیر حراست ملزم عالم شیر شہزاد سے دورانِ تفتیش اُس کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونیوالا ناجائز اسلحہ بندوق بارہ بور برآمد کی۔ تینوں ملزمان کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ 

 جعلی کاغذات پرپولیس میں بھرتی  ,مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے پولیس کانسٹیبلان کی بھرتی کے دوران جعلی دستاویزات تیار کرنے پر موضع سدھا کے رہائشی عامر یعقوب ولد محمد یعقوب کیخلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کے الزام میں زیر دفعات 420‘ 468اور471ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے یہ مقدمہ اے ایس آئی فرحت عباس شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم عامر یعقوب نے کانسٹیبلان کی بھرتی کے دوران پولیس کو ٹیسٹ میں کامیابی کی جعلی رسید پیش کی حالانکہ وہ ٹیسٹ میں کامیاب نہیں ہوا تھا۔ 

ضلع خوشاب کی خبریں ضلع خوشاب کی خبریں Reviewed by Khushab News on 8:55:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.