صوفیا کرام نے توحید کا پیغام دیا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)عشر زکوٰۃ کمیٹی ضلع خوشاب کے چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دینی درسگاہیں اسلام کی ترویج و اشاعت اور اسلامی عقائد کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کررہی ہیں دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں اُن کی بقاء اور حفاظت ہر مسلمان کا فرض ہے۔ وہ جامعہ مظہریہ امدادیہ بندیال شریف میں منعقدہ علماءِ کرام اور دینی طلباء کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع کی
 صدارت جامعہ کے منتظم اعلیٰ پروفیسر صاحبزادہ ظفر الحق بندیالوی نے کی۔ چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ عصر حاضر میں تصوف کو غلط رنگ دینے والے اﷲ اور رسول کے مجرم ہیں صوفیائے کرام اور تمام اولیاء اﷲ توحید کا پیغام لے کر آئے اور اسی پیغام پر اُنھیں عزت و توقیر ملی۔ اُنھوں نے جامعہ مظہریہ امدادیہ بندیال شریف کے طلباء پر زور دیا کہ وہ دینی تعلیم کے حصول کیساتھ ساتھ جدید عصری تعلیم بھی حاصل کریں تاکہ مستقبل میں دین کی خدمت اور نسل نو کی کردار سازی کا فریضہ سرانجام دے سکیں۔ اُنھوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء عام تعلیمی اداروں کے طلباء سے بلند ہیں کیونکہ اُنھوں نے مستقبل میں دین کی تبلیغ کا فریضہ بھی سرانجام دینا ہے۔ عشر زکوٰۃ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ گذشتہ دنوں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے ضلع خوشاب کے دینی مدارس کا تفصیلی دورہ کیا اور اپنی رپورٹ میں جامعہ مظہریہ امدادیہ بندیال شریف کو پاکستان کا اعلیٰ ترین ‘ منظم اور بہترین تدریسی ماحول کا حامل ادارہ قرار دیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ مظہریہ امدادیہ بندیال شریف کے منتظم اعلیٰ صاحبزادہ پروفیسر محمد ظفر الحق بندیالوی نے ادارہ کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ دینی درسگاہ 107 سالوں سے دین کی خدمت کررہی ہے اس ادارہ کے فارغ التحصیل ہزاروں طلباء صرف پاکستان میں ہی نہیں دیگر ممالک میں بھی تبلیغی و تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس ادارہ کی بنیاد 1910ء میں علامہ یار محمد بندیالوی نے رکھی تھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ انوار الحق بندیالوی نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے چھوٹے چھوٹے اختلافات بھلا کر اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہوں اور اپنی تقدیر سنواریں۔ اس موقع پر عشر زکوٰۃ کمیٹی کے چیئرمین چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے جامعہ مظہریہ امدادیہ کے 134طلباء کیلئے چار لاکھ 72ہزار500روپے کا وظائف کا چیک بھی دیا۔ 
صوفیا کرام نے توحید کا پیغام دیا صوفیا کرام نے توحید کا پیغام دیا Reviewed by Khushab News on 9:45:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.