جمعہ،21 اپریل 2017 کی خبریں

File Foto
پولیو ٹیم پر حملہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ صحت کی پولیو مہم کے دوران بچوں کو قطرے پلانے کیلئے جانیوالی لیڈی ہیلتھ ورکر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں تین افراد خونخوار آوارہ کتوں کا نشانہ بن گئے۔ لیڈی ہیلتھ ورکر چالیس سالہ رابعہ زوجہ محمد یوسف ‘ کنڈ کے نواحی ڈیرہ پر بچوں کو قطرے پلانے گئی تو اُس پر خونخوار کتے نے حملہ کر دیا اُسے شدید زخمی کر دیا۔ محلہ اسلام پورہ خوشاب میں گلی میں کھیلنے والا آٹھ سالہ بچہ عبدالرحمن ولد محمد امجد آوارہ کتے کا نشانہ بنا جبکہ 13چک میں تین سالہ بچی زینت دُختر محمد ریاض کو خونخوار کتے نے بھنبھوڑ ڈالا۔ تینوں افراد کو طبی امداد اور ویکسینیشن کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع خوشاب میں ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر نے خونخوار آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر محکمہ صحت کو ڈاگ کلنگ مہم چلانے کی ہدایت کی تھی جس کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نذر حیات مجوکہ نے باقاعدہ ٹیمیں بھی تشکیل دی تھیں۔ لیکن ڈاگ کلنگ کے لئے تشکیل دی جانیوالی یہ ٹیمیں دو چار روز تک متحرک رہیں‘جس کے بعد غیر فعال ہو گئیں۔ اس ضمن میں جب تحصیل سینٹری آفیسر خوشاب راجہ جابر حسین سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے کہا کہ قومی پولیو مہم اور محکمہ صحت کے فیلڈ سٹاف کی دیگر مصروفیات کے باعث ڈاگ کلنگ مہم عارضی طور پر معطل کی گئی ہے انشاء اﷲ بہت جلد بھرپور انداز میں مہم شروع کی جائے گی۔ 

دفاتر کی تالہ بندی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ایپکا کے صوبائی قائدین کی کال پر ضلع خوشاب کے کلرکوں نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر ضلع خوشاب کے تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کی تالہ بندی کر کے قلم چھوڑ ہڑتال کی جس کے نتیجہ میں سرکاری دفاتر میں عملی طو رپر کام ٹھپ رہا۔ ایپکا کے ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان کی قیادت میں ایکشن کمیٹی کے ارکان نے مخالف سرکاری دفاتر کا معائنہ کیا اور کلرکوں کے احتجاج کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایپکا کے ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان کا کہنا تھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب سرکاری ملازمین بالخصوص کلرکوں کو ریلیف دینے میں مخلص نہیں اور اُن کی مسلسل حق تلفیاں کر رہی ہے جس کا بین ثبوت یہ ہے کہ ایپکا کے مرکزی قائدین کی جانب سے پیش کئے جانیوالے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کے باوجود ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اُنھوں نے کہا کہ اگر حکومت پنجاب کے رویہ میں تبدیلی نہ آئی اور چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کا نوٹیفکیشن منظور نہ کیا گیا تو پچیس اپریل کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور پنجاب بھر کے کلرک غیر معینہ مدت کیلئے دھرنا دیں گے۔ 

انتقال پر ملال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع خوشاب کے سیکرٹری اطلاعات عصمت اﷲ سنبلی کے چچا عطا محمد سنبلی انتقال کر گئے‘ مرحوم کا جسد خاکی اُن کے آبائی علاقہ بولہ کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا نمازِ جنازہ میں مسلم لیگی عہدیداروں و کارکنوں سمیت بلدیاتی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افرا دنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث تین زیر حراست ملزمان محمد دلاور مسلم شیخ ‘ محمد ذیشان اور احسن شفیق سے دورانِ تفتیش اُن کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونیوالا ناجائز اسلحہ تین تیس بور پسٹل برآمد کئے ہیں۔ تینوں ملزمان کے خلاف آرمز 
ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ 


مظفر گڑھ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب کو اضلاع جھنگ‘ مظفر گڑھ اور ملتان سے ملانے والی اہم ترین شاہراہ جوہرآباد مظفر گڑھ روڈ ٹوٹ پھوٹ کر ناکارہ ہو گئی‘ گذشتہ دس سالوں میں اس سڑک کی تعمیر و مرمت پر ایک پائی تک خرچ نہیں ہوئی جس کے باعث اس پر جا بجا گڑھے پڑ چکے ہیں اور ٹریفک کا چلنا ناممکن ہو چکا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے اس اہم ترین شاہراہ کی تعمیر وتوسیع کیلئے خصوصی فنڈز کا اجراء یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار یونین کونسل چک نمبر51ایم بی کے چیئرمین چوہدری رضوان مختار رندھاوا نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ شاہراہ ضلع خوشاب کے ارکانِ صوبائی و قومی اسمبلی کی اہم گزرگاہ ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ کسی بھی منتخب نمائندے نے اس سڑک کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے کوئی عملی کردار ادا نہیں کیا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ اُن کی تمام توانائیاں تحصیل نورپورتھل کو براہِ راست ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سرگودھا سے منسلک کرنے کیلئے لنگر والا برج پر مرکوز ہیں اور اس اہم شاہراہ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے صرف اضلاع جھنگ‘ مظفر گڑھ اور ملتان ہی نہیں ضلع خوشاب کی اہم ترین نورپورتھل کا زمینی راستہ بھی ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد سے منقطع ہو سکتا ہے۔ سڑک کی خستہ حالی کے باعث اس شاہراہ پر آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں اور اب تک دو درجن سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اس لئے حکومت اس اہم مسئلہ پر فوری توجہ دے اور سڑک کی تعمیر و توسیع کیلئے خصوصی فنڈز کااجراء یقینی بنایا جائے۔ 


ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات بے ہوش
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مٹھہ ٹوانہ میں ناقص پانی کی سپلائی کے باعث متعدد طالبات بیہوش ہو گئیں جنھیں رورل ہیلتھ سنٹر روڈہ منتقل کیا گیا۔ آٹھویں جماعت کی ایک طالبہ نمیرہ دُختر غلام رسول کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد ریفر کیا گیا جہاں ڈاکٹرز اُس کی زندگی بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ طالبہ کے ورثاء کے مطابق سکول میں مضر صحت پانی سپلائی کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے طالبات کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ اُنھوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے ارباب اختیار سے استدعا کی کہ گرلز ہائی سکول مٹھہ ٹوانہ میں طالبات کو پینے کے صاف شفاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مقامی تاجر محمد اصغر انتقال کر گئے‘ اُنھیں اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ‘ مرحوم کا جسد خاکی مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا نمازِ جنازہ میں مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداروں و کارکنوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انتقال پر ملال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)معروف معالج ڈاکٹر حمید اختر انتھیزیا والے دل کا دورہ پڑنے سے وفات پاگئے‘ مرحوم نیو سیٹلائٹ ٹاؤن جوہرآباد میں رہائش پذیر تھے اور شہر کے نجی ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ مرحوم کا جسد خاکی اُن کے آبائی علاقہ میانوالی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا ۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے صدر ڈاکٹر محمود احمد زبیری‘ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر راجہ غنی مسعود عالم‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود اور ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر مختار سرور نیازی نے ڈاکٹر حمید اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے۔ 

تیرفتاری پر مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے غیر محتاط ڈرائیونگ کے مرتکب ٹرک ڈرائیور محمد جاوید کیخلاف زیر دفعہ 279ت پ مقدمہ درج کیا ہے ایف آئی آر کے مطابق ملزم جاوید نے اپنے ٹرک پر ریلوے کراسنگ شوگر ملز کے نزدیک تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا۔

طالب علم کا اعزاز
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گورنمنٹ ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول جوہرآباد کے ہونہار طالبعلم ظہیر احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ادبی مقابلہ جات کے دوران ڈویژنل سطح پر منعقد ہونیوالے قرات کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی‘ جوہرآباد کی سماجی اور عوامی حلقوں نے اس شاندار کامیابی پر ٹیکنیکل ہائی سکول جوہرآباد کی انتظامیہ اور طالبعلم ظہیر احمد کو مبارکباد دی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی شاندار کامیابیوں سے ہمکنار ہوتے رہیں گے۔ 

جمعہ،21 اپریل 2017 کی خبریں جمعہ،21 اپریل 2017 کی خبریں Reviewed by Khushab News on 8:36:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.