منگل 11،اپریل 2017 کا اخبار

دس افراد شدید زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں پانچ خواتین اور چار کمسن بچوں سمیت 10افراد شدید
زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ مظفر گڑھ رو پر کاکا موڑ کے نزدیک ہوا جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل رکشے کو ٹکر مار دی حادثہ کے نتیجہ میں موضع ست شہانی کی رہائشی پچیس سالہ تسلیم بی بی زوجہ محمد وسیم ‘ 22سالہ مصباح زوجہ محمد عامر‘ 32سالہ شازیہ زوجہ محمد جہانگیر ‘ تیس سالہ عصمت بی بی زوجہ غلام عباس‘ 28سالہ نوجوان محمد بشیر ولد محمد ایوب ‘ چار سالہ بچہ عون محمد ولد غلام عباس‘ سات سالہ بچی درِ زہرہ دختر غلام عباس اور دس سالہ لڑکا ارسلان ولد محمد جہانگیر زخمی ہوا۔ دوسرا حادثہ کٹھہ چوک خوشاب میں ہوا جہاں 80سالہ بزرگ ٹرک کے ٹول باکس سے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ ہڈالی میں ایک تیز رفتار ویگن نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 20سالہ لڑکی طاہرہ دُختر سعید حسین زخمی ہوئی جبکہ میانوالی روڈ پر کوٹھی نواب کے نزدیک اے سی کوچ کی موٹر سائیکل کو ٹکر لگنے سے آٹھ سالہ بچی صائمہ دُختر محمد علی زخمی ہوئیں۔ تمام زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

تھانیدار کیخلاف مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب کے حکم پر اے ایس آئی الطاف خان کے خلاف ناقص تفتیش کرنے کے الزام میں  مقدمہ درج کیا ہے ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی الطاف خان نے سید رسول کی مدعیت میں 14نومبر 2016ء کو رحمن کالونی کے رہائشی ملزم فرحت عباس کے خلاف درج کئے جانیوالے اغواء اور حدود کے مقدمہ کی تفتیش کے دوران چالان میں مغویہ کا نام غلط لکھا دورانِ سماعت فاضل عدالت نے اے ایس آئی الطاف خان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کا حکم جاری کیا تھا۔

وادی سون  حادثہ۔ ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے وادی سون کی پہاڑیوں میں ہونیوالے ویگن کے المناک حادثہ کے مرتکب ہائی ایس ڈرائیور مولا بخش بگرال ے خلاف زیر دفعات 322اور279ت پ مقدمہ درج کیا ہے یہ مقدمہ سب انسپکٹر محمد زمان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم مولا بخش کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث مسافر ہائی ایس وین گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوئے۔

بجلی چوری کا مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)واپڈا کی چھاپہ مار ٹیم نے چک 62میں کاروائی کرتے ہوئے ایک شخص محمد ساجد ولد دین محمد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ صدر پولیس جوہرآباد نے ایس ڈی او واپڈا الطاف احمد کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 462ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مٹھہ ٹوانہ پولیس نے ناجائز اسلحہ کیخلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران مشکوک حالت میں گھومنے والے بجار کے رہائشی ایک شخص شوکت علی کو گرفتار کر کے اُس کے قبضہ سے تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے۔ ملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واجبات کی سو فیصد وصولی کی ہدائت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے ریونیو افسران کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر امجد بشیر کی زیر صدارت ڈی کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کلکٹر بہزاد عادل‘ اسسٹنٹ کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ سمیت چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کی ریونیو ریکوری پوزیشن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امجد بشیر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری واجبات کی سو فیصد وصولی یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اُنھوں نے کہا کہ واجبات کی وصولی کے حوالے سے کسی بھی ریونیو آفیسر کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کسان بورڈ کا اجلاس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)کسان بورڈ ضلع خوشاب کا اہم اجلاس ضلعی صدر اختر اسلام بالی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کسان بورڈ کے عہدیداروں اور ارکان کے علاوہ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کسانوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کے کسانوں کو درپیش مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا گیا اور اُن کے حل کیلئے تجاویز و سفارشات مرتب کی گئیں۔ اجلاسمیں اتفاقِ رائے سے ایک قرار داد پاس کی گئی جس میں گنے کی قیمتوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے پر جوہرآباد شوگر ملز کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اختر اسلام بالی ایڈووکیٹ نے کہا کہ جوہرآباد کی تاریخ میں پہلی بار شوگر ملز کی انتظامیہ نے گنے کی قیمتون کی بروقت ادائیگی کی اور ان کا یہ اقدام لائق تحسین ہے اُنھوں نے توقع ظاہر کی کہ ملز کی انتظامیہ آئندہ بھی اپنی اس روایت کو برقرار رکھے گی۔ 
منگل 11،اپریل 2017 کا اخبار منگل 11،اپریل 2017 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 7:11:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.