اتوار 16،اپریل 2017 کا اخبار

چھ افرازخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں سکول کے تین بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ گورنمنٹ جوہر میموریل ہائی سکول جوہرآباد کے قریب ہوا جہاں تیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثہ میں چودہ سالہ طالبہ فاطمہ ممتاز دپختر محمد ممتاز اس کا بھائی 16سالہ محمد علی حیدر ‘ 16سالہ محمد خرم ولد عبدالحبیب زخمی ہوا۔ دوسرا حادثہ میانوالی روڈ پر سرگودھا کالونی کے قریب ہوا جہاں ایک وزنی ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری حادثہ میں موٹر سائیکل سوار محمد سرفراز ولد مظہر حسین زخمی ہوا۔ خوشاب روڈ پر یونائٹیڈ سی این جی کے قریب ہائی ایس ویگن اور موٹر سائیکل کے تصادم میں محلہ علی پورہ خوشاب کا رہائشی بیس سالہ محمد وسیم ولد سجاد زخمی ہوا جبکہ سرگودھا روڈ پر عاقل شاہ کے قریب اے سی کوچ نے ٹکر مار کر موٹر سائیکل سوار محمد ساجد ولد محمد شریف کو زخمی کر دیا۔ ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور اُنھیں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا۔

خود کشی کی کوشش
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)الاعوان ٹاؤن جوہرآباد میں گھریلو جھگڑے کی بنا پر ایک نوجوان محمد قدیر ولد محمد اعظم نے چوہے مار گولیاں کھا کر خود کشی کی کوشش کی‘ محمد قدیر کا اپنے اہل خانہ کیساتھ جھگڑا ہوا تھا جس پر مشتعل ہو کر اُس نے کمرے میں جا کر چوہے مار گولیاں نگل لیں‘ حالت بگڑ جانے پر اُسے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا جہاں شعبہ ایمرجنسی میں اس کا معدہ واش کیا گیا اور بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اس کی جان بچ گئی۔


کنوئیں میں گرکر زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)وادی سون کے گاؤں کھوڑہ میں ایک شخص محمد فاروق ولد رحیم بخش گہرے کنویں میں گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ محمد فاروق گھر جا رہا تھا کہ راستہ میں ایک متروک کنواں جس کی منڈیر نہیں تھی میں اچانک گر گیا اس کی چیخ و پکار سن کر گاؤں کے لوگ اکٹھے ہو گئے اور اُسے طویل جدوجہد کے بعد کنویں سے نکال کر شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں سے اُسے تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق محمد فاروق کے سر میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اس کی زندگی خطرے میں ہے۔ 


سانپ نے دوشیزہ کو ڈس لیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع روڈہ میں ایک اٹھارہ سالہ لڑکی انعم شہزادی دُختر نصر اﷲ زہریلے سانپ کا نشانہ بن گئی‘ انعم شہزادی گلی سے گزر رہی تھی کہ اُسے زہریلے سانپ نے کاٹا اُسے فوری طو رپر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اُس کے جسم سے زہر کے اثرات کو زائل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ 


کار سرکار میں مداخلت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد پولیس نے دو افراد محمد صدیق اور محمد شریف کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 342‘ 186اور506ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے بجلی کا بل ادا نہیں کیا تھا جب واپڈا کی ٹیم ارتضیٰ کی سربراہی میں اُس کا میٹر اُتارنے کیلئے گئی تو ملزمان نے اُن کا راستہ روکا کارِ سرکار میں مداخلت کی اور واپڈا کی ٹیم کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔


اوور سیز کمیٹی کا اجلاس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اہم اجلاس ڈسٹرکٹ کلکٹر بہزاد عادل کی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان اور مختلف سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لواحقین کے مسائل کا جائزہ لیا گیا اور اُنھیں حل کرنے کیلئے تجاویز و سفارشات مرتب کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کلکٹر بہزاد عادل نے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کے لواحقین کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اُنھوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اُن کی محنت اور جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان کو خطیر زر مبادلہ مل رہا ہے اس لئے اُن کے لواحقین کی ضروریات کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے

خالق آباد میں ڈی پی او کی کھلی کچہری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی پی او خوشاب وقاص حسن نے کہا ہے کہ پولیس امن و امان کے قیام ‘ جرائم کے خاتمہ اور مجرمان کی سرکوبی کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے۔ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ سماج دُشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار نواحی قصبہ خالق آباد میں منعقدہ کھلی کچہر
ی میں خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ صدر جوہرآباد سمیت پولیس افسران اور علاقہ کے مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی ڈی پی او خوشاب نے لوگوں کے پولیس کے حوالے سے مسائل سنے اور اُن کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ ڈی پی او خوشاب کا کہنا تھا کہ جرائم کو جڑوں سے اُکھاڑنے کیلئے پولیس اور شہریوں کے مابین مثالی تعاون ضروری ہے۔ اُنھوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو حاکم کی بجائے عوام کا خادم سمجھیں اور تھانوں میں داد رسی کیلئے آنیوالے سائلوں کیساتھ خوش اخلاق سے پیش آئیں۔ ڈی پی او خوشاب کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی شہری کو پولیس کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو براہِ راست میرے دفتر میں آ کر اطلاع دے۔ انشاء اﷲ اُس کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔ 
کوچ ڈرائیور کیخلاف مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے میانوالی روڈ پر ہڈالی کے قریب آٹھ سالہ بچی کو کچلنے والی اے سی کوچ کے درائیور محمد اشفاق کے خلاف زیر دفعہ 322 ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ متوفیہ آٹھ ماہم کے والد زاہد اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق آٹھ سالہ ماہم سڑک کراس کر رہی تھی کہ اُسے اے سی کوچ نمبری 9699نے ٹکر ماری جس کے نتیجہ میں اُس کا سر پھٹ گیا اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ 
معمولی رنجش پردو افراد زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)افتخار ٹاؤن جوہرآباد میں ڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح چار افراد محمد ثقلین‘ محمد حسن‘ نور محمد اور شہزاد نے حملہ کر کے دو افراد فتح محمد اور ثناء اﷲ کو شدید زخمی کر دیا۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے مضروب فتح محمد ساکن چک 53ایم بی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم ثقلین نے اپنے ڈیرہ پر خونخوار کتا پال رکھا تھا اور مضروب ثناء اﷲ نے اُنھیں کتے کو باندھ کر نہ رکھنے پر شکوہ کیا جس پر ملزمان نے مشتعل ہو کر اُن پر حملہ کر دیا۔ 

انتقال پر ملال

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ بار جوہرآباد کے رُکن ملک ریاض رسول بگھور ایڈووکیٹ کے والد محترم سابق انکم ٹیکس آفیسر ملک غلام رسول بگھور انتقال کر گئے‘ مرحوم کا جسد خاکی سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آدھی کوٹ کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں ‘ ارکان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بین المذاہب کمیٹی کا اجلاس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر امجد بشیر کی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر عبدالحمید سنبل سمیت مختلف محکموں کے افسران اور کمیٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امجد بشیر نے کہا کہ علمائے کرام اور آئمہ مساجد کے علاوہ بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ممبران کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بین المسالک اختلافات کو ختم کرانے اور مثالی معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اُنھوں نے کہا کہ اسلام میں تفرقہ بازی کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے ۔ بد قسمتی سے بعض عناصر فروعی اختلافات کو بنیاد بنا کر پاکستانی قوم میں انتشار پیدا کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ ان حالات میں معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مخالفین کی سازشیں ناکام بنانے اور پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اُنھوں نے آئمہ مساجد کو ہدایت کی کہ وہ اپنے خطبات میں اتحادِ بین المسلمین کا درس دیں۔
اتوار 16،اپریل 2017 کا اخبار اتوار 16،اپریل 2017 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 8:42:00 AM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.