بدھ، 5 اپریل 2017 کا اخبار

ضلع خوشاب ،امسال ایک لاکھ نوے ہزار بوری گندم خریداری کا ہدف
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر خو شاب امجد بشیر نے کہا ہے کہ ا مسال گندم کا جو ہدف مقرر کیا گیا ہے اسے پورا کیا جائے گا اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق زمینداروں اور کسانوں کو ہر سنٹر پر سہولیات بہم پہنچائی جائینگی ۔وہ ڈی سی کانفرنس ہال میں گندم خریداری کی سلسلے میں انتظامات کا جائیزہ لیے رہے تھے ۔اجلاس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) بہزاد عادل ،اور چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں ،فوڈ ،مارکیٹ ،زراعت اور انڈسٹریز وغیرہ کے افسرا ن نے شرکت کی ۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایف سی ملک حق نواز اعوان نے بتایا کہ ضلع خوشاب میں گندم کی خریداری کا عمل 20اپریل سے شروع ہوگا ‘گندم کی خریداری کیلئے ایک لاکھ 90ہزار بوری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اُنھوں 
نے بتایا کہ خریداری مرکز خوشاب سے چالیس ہزار ‘ خریداری مرکز جوہرآباد سے اسی ہزار جبکہ خریداری مرکز قائدآباد سے 70ہزار بوری گندم خریدی جائے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہمارے گوداموں میں ایک لاکھ بیس ہزار بوری گندم رکھنے کی گنجائش ہے اگر خریدی جانیوالی گندم کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے تو گوداموں میں مزید گندم رکھنے کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ خوراک ضلع خوشاب کے گوداموں میں 2014میں خریدی گئی گندم کی پچاس ہزار بوری ‘2015میں خریدی گئی 26ہزار بوری اور 2016ء میں خریدی گئی گندم کی ایک لاکھ 58ہزار بوری گندم پہلے سے موجود ہے۔ ضلع خوشاب میں تین فلور ملیں تھیں جن میں سے دو ملیں شاداب فلور ملز اور صابری فلور ملز بند پڑی ہیں جبکہ صرف ایک صوفی فلور ملز چل رہی ہے جس کی وجہ سے ضلع خوشاب میں گندم کی کھپت نہ ہونے کے برابر ہے۔
نجی سیکورٹی کمپنی نے ڈی ایچ کیو کا چارج سنبھال لیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں سیکورٹی کا نظام فول پروف بنا دیا گیا‘ ہسپتال میں تیس تربیت یافتہ مرد اور چھ خواتین سیکورٹی گارڈز تعینات کئے گئے ہیں جو ہسپتال کے ہر شعبہ میں 24گھنٹے سیکورٹی خدمات سرانجام دیں گے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود نے بتایا کہ نئے سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ نئے سیکورٹی گارڈز کو ایک سال کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا ہے اور بہترین کارکردگی کی صورت میں اُن کے کنٹریکٹ کی معیاد میں توسیع کی جائے گی۔ 
ویجی لینس کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو ہوگا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ویجی لینس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر امجد بشیر کی زیر صدارت چھ اپریل کو گیارہ بجے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ڈی پی او خوشاب‘ اے ڈی سی جی‘ ڈسٹرکٹ اٹارنی‘ پبلک پراسیکیوٹر ‘ ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر آفیسر سمیت مختلف محکموں کے سرکاری افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ ‘ خدمت کارڈ کے اجراء‘ جبری مشقت کے خاتمہ سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراء اور اولڈ ایج بینی فٹ کارڈز کے اجراء کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ 
امانت میں خیانت دو بھائیوں کیخلاف مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے دو بھائیوں محمد شریف ‘ ظفر اقبال پسران دوست محمد اور اُن کی ساتھی محمد عرفان کے خلاف امانت میں خیانت کرنے اور بلاک نمبر2کے رہائشی ناصر حسین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 406اور506ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ناصر حسین نے محمد شریف سے الاعوان ٹاؤن میں پانچ مرلے کا پلاٹ گیارہ لاکھ روپے میں خریدا ‘ ساڑھے سات لاکھ روپے ادا کر دیئے اور باقی ساڑھے چار لاکھ روپے کی رقم قبضہ ملنے کے بعد ادا کرنی تھی محمد شریف جب رقم لے کر مکان پر قبضہ کرنے کیلئے گیا تو ملزمان نے پلاٹ دینے سے انکار کر دیا اور ساڑھے سات لاکھ روپے کی رقم بھی واپس نہ کی۔ 
شادی کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیالی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خالق آباد میں محمد اسلم نامی ایک شخص نے شادی کا جھانسہ دیکر عبدالمجید سے ایک لاکھ روپے کی رقم ہتھیا لی ‘ صدر پولیسخوشاب نیوز ڈاٹ کام جوہرآباد نے عبدالمجید کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعات 420‘ 406اور 506ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق عبدالمجید کا کزن مسعود احمد کنوارہ تھا ملزم محمد اسلم نے اپنی سالی کا رشتہ دینے کیلئے عبدالمجید سے ایک لاکھ روپے کی رقم وصول کی بعد ازاں نہ ہی رشتہ دیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
چوہا میں خوف و ہراس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع چوہا میں دو گروپوں کے مابین ہوائی فائرنگ کے نتیجہ میں علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا پولیس نے دونوں گروپوں کے افراد کیخلاف زیر دفعات 324اور 334 H مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فریق اول کے جابر حسین ‘ یاسر حسین اور ان کے والد صابر حسین جبکہ فریق دوئم کے جہان خان اور مالکداد وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کیا گیاہے۔ دریں اثناء پولیس نے صابر حسین کی رپورٹ پر مالکداد ‘ جہان خان‘ محمد عرفان ‘ محمد حیات اور محمد سرفراز وغیرہ کیخلاف سات ہزار روپے مالیت کی طلائی انگوٹھی اور ایک لاکھ روپے چالیس ہزار روپے مالیت کا سامان چھیننے کے الزام میں بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق صابر حسین کے بیٹے ناصر حسین اور ملزم مالکداد کے مابین تلخ کلامی ہوئی تھی جس کا ملزمان کو رنج تھا اس رنجش کی بنا پر ملزمان موٹر سائیکلوں پر آئے اور فائرنگ کرتے ہوئے طلائی انگوٹھی اور سامان چھین کر بھا گ گئے۔

محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام واک
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ بہبودِ آبادی ضلع خوشاب کے زیر اہتمام ہفتہ فیملی پلاننگ کے سلسلہ میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا واک کی قیادت اے ڈی سی جی خوشاب عبدالحمید سنبل‘ ضلعی آفیسر بہبودِ آبادی نصیر احمد کربلائی‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز احمد مانگٹ اور دیگر افسران نے کی۔ بہبودِ آبادی واک کالج چوک جوہرآباد سے شروع ہوئی اور مین بازار سے گزرتی ہوئی سرور شہید چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک میں مختلف محکموں کے افسران‘ ملازمین‘ این جی اوز ‘ اساتذہ و طلباء اور انجمن تاجران کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔ واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی آفیسر بہبودِ آبادی ملک نصیر احمد کربلائی نے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وسائل اور آبادی میں تناسب برقرار رکھا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں تین سال کا وقفہ وقفہ ضروری ہے ‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ے ڈی سی جی عبدالحمید سنبل نے کہا کہ بیٹیوں کی صحت اور تعلیم و تربیت میں آج کی سرمایہ کاری کل کے خوشحال اور فلاحی معاشرے کی ضمانت ہے اس لئے بیٹیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ ہر شعبہ میں کارہائے نمایاں سرانجام دے سکیں۔
کل سے قلم چھوڑ ہڑتال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی کال پر ضلع خوشاب کے کلرکوں نے چھ اپریل کو ضلع بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا‘ ایپکا ضلع خوشاب کے پریس سیکرٹری شبیر حسین بھٹی نے بتایا ہے کہ چھ اپریل کو تمام سرکاری و نیم سرکاری محکموں کے کلرک مکمل ہڑتال کریں گے تمام دفاتر کی تالہ بندی ہو گی اور وہاں احتجاجی جلسے کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ ہڑتال حکومتی بے حسی اور وعدہ خلافیوں کیخلاف کی جا رہی ہے‘ حکومت نے ایپکا کے مرکزی قائدین کی جانب سے پیش کئے جانیوالے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کو منظور کیا لیکن ابھی تک مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے ملک بھر کے کلرکوں میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 13اپریل کو ضلع کے تمام دفاتر کی تالہ بندی کیساتھ ساتھ 10بجے صبح ضلعی دفتر تعلیم میں ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا اور ہڑتالی کیمپ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ 

پانچ رکنی ایکشن کمیٹی کا قیام
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے صدر ملک محمد شفیع اعوان نے کلرکوں کے مسائل کے حل اور اُن کے حقوق کے تحفظ کیلئے رضوان امیر کی سربراہی میں پانچ رُکنی ایکشن کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی میں محمد علی ‘ رانا ضیاء الحق‘ محمد عامر اور محمد نعمان کو بطور ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ایپکا کے ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان نے سخاوت حسین بلوچ کو ایپکا محکمہ بلڈنگ یونٹ ضلع خوشاب کا چیئرمین نامزد کر دیا۔ اُنھوں نے سخاوت حسین بلوچ کی نامزدگی کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ 

چار خواتین کا اقدام خود کشی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز معاشی بدحالی اور گھریلو جھگڑوں کی بنا پر چار خواتین نے زہر کھا کر موت کو گلے لگانے کی کوشش کی‘ جنھیں ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد میں بروقت طبی امداد دیکر بچا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں چک 52ایم بی میں 35سالہ خاتون شاہدہ پروین زوجہ احمد علی نے گھریلو جھگڑے سے تنگ آ کر چوہے مار گولیاں کھا لیں‘ چک نمبر3میں ایک خاتون مسماۃ کوثر زوجہ غلام محمد نے زہریلی دوائی پی کر خود کشی کی کوشش کی ‘ چک 30ایم بی میں 22سالہ لڑکی مسماۃ سدرہ دُختر محمد اختر نے چوہے مار گولیاں کھائیں جبکہ 9چک میں 20سالہ لڑکی مسماۃ نائلہ دُختر محمد اقبال نے نیلا تھوتھا کھا کر اپنا چراغِ حیات بجھانے کی کوشش کی۔ چاروں خواتین کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں شعبہ حادثات میں اُن کا معدہ واش کیا گیا اور بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اُن کی زندگیاں بچ گئیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں اقدام خود کشی اٹھانے والے افراد کی تعداد چھ ہو چکی ہے۔ ایک یوم قبل گرین ٹاؤن کے سولہ سالہ لڑکے کاشف نے اپنے والدین کے رویہ سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھائی تھیں جبکہ قاضی کالونی جوہرآباد میں ایک خاتون مقصود بی بی زوجہ حبیب الرحمن نے بھی زہر کھا کر خود کشی کی کوشش کی تھی۔ 

چھت سے گرنے سے بارہ سالہ لڑکی زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)شبیر کالونی جوہرآباد میں ایک بارہ سالہ لڑکی دُعا فاطمہ دُختر عبدالحمید چھت پر جاتے ہوئے سیڑھیوں سے پھسل کر پختہ فرش پر گر کر شدید زخمی ہو گئی۔ اُسے تشویشناک حالت کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 
انتقال پر ملال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بلدیہ جوہرآباد کے سابق کونسلر ڈاکٹر نادر اعوان مرحوم اور ملک خالد اعوان کی والدہ انتقال کر گئیں‘ مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا نمازِ جنازہ زراعت گراؤنڈ بلاک نمبر6میں اد اکی گئی جس میں مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

;
بدھ، 5 اپریل 2017 کا اخبار بدھ، 5 اپریل 2017 کا اخبار Reviewed by Khushab News on 5:30:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.