ضلع خوشاب کی اہم خبریں


زہر دیکر  موت کے گھاٹ اتاردیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام )  تھل کےموضع چن میں ایک شخص امان اﷲ بگھور نے اپنی والدہ زیور بی بی کی مدد سے اپنی شریک حیات آسیہ بی بی کو زہر دے کر موت کی نیند سلا دیا‘ نورپورتھل پولیس نے مقتولہ کے چچا سجاد حسین کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 302اور34ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ایف آئی آر کے مطابق 26سالہ آسیہ بی بی کی شادی چھ سال قبل امان اﷲ کے ساتھ ہوئی تھی اس کا اپنی ساس زیور بی بی اور خاوند امان اﷲ کیساتھ اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا گذشتہ روز ملزمان نے اُسے چائے میں زہر ڈال کر پلائی جس کے نتیجہ میں اُس کی حالت بگڑ گئی‘ اُسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نورپورتھل پہنچایا گیا جہاں سے اُسے تشویشناک حالت کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد ریفر کر دیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ 
نو عمر لڑکے سے زیادتی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) موضع عینوں میں دو افراد محمد فیصل سیال اور محمد رمضان جوئیہ نے شیر گڑھ کے رہائشی ایک نو عمر لڑکےم۔ر کو بدفعلی کا نشانہ بنا دیا‘ جوڑا کلاں پولیس نے زیادتی کے شکار لڑکے کے والد فدا محمد وٹو کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 377ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان محسن رضا کو اپنے گھر سے موٹر سائیکل پر لے گئے اور اپنے مکان پر لے جا کر اُسے زبردستی بدفعلی کا نشانہ بنایا۔ 
چرس برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) صدر پولیس جوہرآباد نے منشیات کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران دو افراد عامر مرتضیٰ اور محمد ارشد کو گرفتار کر کے اُن کے قبضہ سے مجموعی طور پر 51گرام چرس برآمد کی ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم عامر مرتضیٰ کو شوگر ملز پھاٹک کے قریب سے گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم محمد ارشد کو ہڈالی سے پکڑا گیا۔


دن دیہاڑے قتل کا مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) صدر پولیس جوہرآباد نے سرگودھا کے رہائشی دو افراد ظفر اقبال ولد غوث محمد اور محمد اقبال ولد دوست محمد کے خلاف
 سرفراز کالونی کے رہائشی احمد خان کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کر لیا۔ یہ مقدمہ مقتول احمد خان کے بھائی نذر حیات کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 2016ء میں ملزم ظفر اقبال کا بھائی قتل ہوا تھا اور احمد خان کا اس کے قتل کے مقدمہ میں چالان ہوا تھا اور وہ ضمانت پر رہا ہو گیا تھا۔ گذشتہ روز جب احمد خان اپنے گھر جا رہا تھا تو دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور اُس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ 
جوہرآباد شہر کو ماڈل سٹی بنانا ترجیح ہے،اشرف اعوان
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) بلدیہ جوہرآباد کے چیئرمین ملک محمد اشرف اعوان نے کہا ہے کہ جوہرآباد شہر کی تزئین و آرائش اور صحت و صفائی کا نظام 
بہتر بنانا میری پہلی ترجیح ہے اور اس ضمن میں میونسپل کمیٹی جوہرآباد کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلدیاتی نمائندوں اور سٹاف کے ساتھ تعاون کریں۔ میونسپل کمیٹی جوہرآباد کے دفتر میں شہریوں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کیلئے چلائی جانیوالی مہم کے دوران تاجروں اور شہریوں نے مثالی تعاون کیا جس کے نتیجہ میں جوہرآباد کے بازاروں کی حالت زار میں بہتری آئی۔ اب تفریحی پارکوں کی تزئین و آرائش اور گرین بیلٹس کی بحالی کیساتھ ساتھ اندرونِ شہر کی سڑکات کی تعمیر و مرمت پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ بلدیہ کے پاس سٹاف اور وسائل کی کمی کے باعث تسلسل کیساتھ کام جاری رکھنے میں دشواریاں حائل ہیں۔ اس ضمن میں حکومت سے حسب ضابطہ استدعا کی گئی ہے انشاء اﷲ بہت جلد شہر میں صحت و صفائی کا نظام بھی بہتر ہو جائے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ واٹر سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے پورے شہر میں نئی پائپ لائن بچھانے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور یہ کام مکمل ہوتے ہی سیوریج سسٹم کی بحالی پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی جوہرآباد ایک مربوط پروگرام کے تحت جوہرآباد کو مثالی شہر بنانے کیلئے مرحلہ وار کام کر رہی ہے ۔ شہر کا کوئی بھی علاقہ ڈویلپمنٹ سے محروم نہیں رہے گا جوہرآباد اور نواحی کالونیوں میں بلا امتیاز ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔

کرنٹ لگنے سے الیکٹریشن زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سیٹلائٹ ٹاؤن جوہرآباد میں تعمیراتی کام کے دوران پچیس سالہ محنت کش محمد اسلم الیکٹرک کرنٹ لگنے سے دوسری منزل سے نیچے آ گرا‘ جس کے نتیجہ میں اُسے شدید چوٹیں آئیں۔ چک نمبر10کا رہائشی محمد اسلم تعمیراتی کام میں مصروف تھا کہ اچانک اس کا ہاتھ بجلی کی تاروں سے چھو گیا جس کے نتیجہ میں اُسے شدید جھٹکا لگا اور وہ نیچے گر گیا۔ اُسے شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ 

ایپکا کی ہڑتال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایپکا کے صوبائی قائدین کی کال پر ضلع خوشاب کے کلرکوں نے جمعرات کے روز بھی قلم چھوڑ ہڑتال کی‘ اس دوران کلرکوں نے کام مکمل طور پر بند رکھا اور اپنے مطالبات کے حق میں پر امن احتجاج کیا۔ ایپکا کے ضلعی صدر ملک محمد شفیع اعوان ‘ جنرل سیکرٹری مجید امتیاز اعوان اور دیگر راہنماؤں نے ضلع خوشاب کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور پر امن احتجاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے ایپکا ڈی سی او آفس کے صدر محبوب خان بلوچ‘ سے ملاقات کی اس موقع پر محبوب خان بلوچ نے ضلعی صدر کو بتایا کہ ڈی سی او آفس کے کلرک اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال جاری رکھنے میں پر عزم ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کلرکوں کے جائز مطالبات پورے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے میں سرد مہری کا مظاہرہ کررہی ہے اور یہ صورتحال ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ ایپکا کی جانب سے پیش کئے جانیوالے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی فوری منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔دریں اثنا 
آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کے صدر ملک محمد شفیع اعوان نے محکمہ تعلیم کے فرید ارشد اعوان کو ایپکا کلاس فور ایسوسی ایشن ضلع خوشاب کا دو سال کیلئے صدر نامزد کر دیا ہے۔ ایپکا کے ضلعی صدر کی جانب سے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ 

جوہرآباد مسلح ڈکیتی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بائی پاس روڈ پر چھ ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر فاضل ٹاؤن کے رہائشی ضیغم عباس اسکے ساتھیوں لیاقت اور عمیر خالق سے 45ہزار روپے کی نقدی‘ طلائی انگوٹھی اور موبائل فون چھین لئے اور فرار ہو گئے۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے ضیغم اقبال کی رپورٹ پر نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف زیر دفعہ 395ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک اُن کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایف آئی آر کے مطابق ضیغم اقبال اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نجی ہسپتال میں مریض کی عیادت کیلئے جا رہا تھا کہ غریب کالونی کے نزدیک بائی پاس روڈ پر ملزمان نے اُن کا راستہ روکا اور اُن پر اسلحہ تان کر نقدی ‘ انگوٹھی اور موبائل چھین کر بھاگ گئے۔

عرس مبارک
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) معروف روحانی شخصیات میاں احمد نواز اور میاں محمد عمران کا سالانہ عرس مبارک دربار سلمن چپھڑ شریف میں آٹھ اپریل کو منعقد ہوگا ۔ عرس کے آرگنائزر میاں نیاز احمد نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ بعد از نمازِ ظہر محفل درودِ پاک ہو گی ‘ بعد از نمازِ محفل نعت منعقد کی جائے گی جبکہ بعد از نمازِ عشاء محفل سماع ہو گی جس میں معروف قوال عارفانہ کلام پیش کریں گے۔ 

ضلع خوشاب کی اہم خبریں ضلع خوشاب کی اہم خبریں Reviewed by Khushab News on 9:12:00 PM Rating: 5

No comments:

loading...
Powered by Blogger.