ضلع خوشاب کی اہم خبریں

خود کشی کی ناکام کوشش
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں حالات کی ستائی ہوئی دو خواتین نے زہر کھا کر اپنی زندگیاں ختم کرنے کی کوشش کیں تاہم 
اُنھیں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں طبی امداد دیکر بچا لیا گیا۔ اقدام خود کشی کا پہلا واقعہ نسیم کالونی جوہرآباد میں ہوا جہاں 23 سالہ نادیہ بی بی زوجہ محمد شہباز نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر جوئیں مار دوائی کھا لی۔ دوسرا واقعہ موضع جبی میں ہوا جہاں تیس سالہ کشور زوجہ تصور نے چوہے مار گولیاں کھا کر خود کشی کی کوشش کی۔ دونوں خواتین کو فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں شعبہ ایمرجنسی میں 
اُن کے معدے واش ہوئے اور بروقت طبی امداد ملنے سے اُن کی زندگیاں بچ گئیں۔
www.khushabnews.com
عدالتی بیلف پر حملہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع اُتراء میں محمد رشید ‘ عرفان اور شفیق وغیرہ پندرہ افراد نے عدالتی بیلف حیدر علی پر حملہ کر کے گرفتار کیا جانیوالے ملزم ظفر اقبال کو چھڑا لیا۔ قائدآباد پولیس نے بیلف حیدر علی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 186‘ 253‘ 224‘ 225‘ 148اور 149ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق بیلف حیدر علی علاقہ مجسٹریٹ محمد علی گجر کے حکم پر وارنٹ گرفتاری لے کر ظفر اقبال کو پکڑنے گیا اور اُسے ہتھکڑیاں لگا دیں۔ اس دوران اُس کے ساتھی رشید اور عرفان وغیرہ مسلح ہو کر آئے جنھوں نے بیلف کو زدو کوب کیا ‘اُسے حبس بے جا میں رکھا‘ عدالت سے جاری ہونیوالا وارنٹ گرفتاری پھاڑ دیا اور بیلف کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ 


بوگس چیک پر مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد پولیس نے غلہ منڈی کے آڑھتی نور زمان کے خلاف بوگس چیک جاری کرنے کے الزام میں زیر دفعہ 489ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ کلور کوٹ کے رہائشی اﷲ داد کی مدعیت میں درج کیاگیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نور زمان نے اﷲ داد کو باجرہ کی خریداری کے سلسلہ میں مسلم کمرشل بینک کا پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا تھا جو اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث ڈس آنر ہوگیا۔ 


غریب خواتین میں جانوروں کی تقسیم
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے غریب دیہاتی خواتین کی فلاح و بہبود کے منصوبہ کے تحت محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ضلع خوشاب کے 74خصوصی افراد میں دودھ دینے والے جانور تقسیم کر دیئے گئے۔ جانوروں کی تقسیم کے حوالے سے خصوصی تقریب فاطمہ جناح ہال جوہرآباد میں ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالحمید سنبل‘ مسلم لیگی راہنما ملک عمران بشیر اعوان‘ ڈائریکٹر لائیو سٹاک فارم ڈاکٹر عبدالرحمن ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر عارف سلطان سمیت دیگر محکموں کے افسران اور ضلع بھر سے آئی ہوئی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عبدالرحمن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی پیکج کے تحت جانوروں کی تقسیم کے عمل کو دو کیٹگریز میں منقسم کیا گیا ہے۔ کیٹگری ون میں 18سال سے کم عمر کی خصوصی بچیوں کو بذریعہ قرعہ اندازی جانور فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ دوسری کیٹگری میں پچیس تا پینتیس سال کی خدمت کارڈ ہولڈر خصوصی خواتین کو جانور فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی راہنما عمران بشیر نے کہا کہ یہ جانور حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے خصوصی تحفہ ہیں۔ خواتین ان جانوروں کا دودھ فروخت کرکے خود کفالت کی جانب گامزن ہو سکتی ہیں قبل ازیں ویٹرنری ڈاکٹر محمد عنصر نے جانوروں کی دیکھ بھال اور ان کی نگہداشت کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا۔ ہر خاتون کو جانور کیساتھ تین گٹو ونڈہ ‘ تین پیکٹ کیلشیم ‘ ایک عدد یوریا شیا مکس فولاد اور 20کلو سادہ نمک بھی فراہم کیا گیا۔ 


توہین عدالت،ایس ایچ او عظمت جوئیہ کی طلبی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوید الرحمن نے توہین عدالت کے الزام میں بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر تھانہ صدر جوہرآباد کے ایس ایچ او عظمت جوئیہ کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔ فاضل عدالت نے ایس ایچ او جوہرآباد کو ہدایت کی تھی کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے فزیشن ڈاکٹر شاہین میو پر پولیس تشدد کا مقدمہ درج کیا جائے۔ لیکن ایس ایچ او عظمت جوئیہ نے مقدمہ درج کرنے سے گریز کیا جس پر ڈاکٹر شاہین میو نے فاضل عدالت میں ایس ایچ او عظمت جوئیہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ فاضل عدالت نے ایس ایچ او کو توہین عدالت کے الزام میں بار بار طلب کیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر فاضل جج نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اُنھیں شو کاز نوٹس جاری کیا اور عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ 



منشیات فروش کو سزا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوہرآباد چوہدری محمد طارق جاوید نے تھانہ خوشاب کے منشیات کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے منشیات فروش محمد ارشد ولد عبدالستار کو ایک سال چار ماہ قید سخت اور گیارہ ہزار روپے جرمانہ کا حکم سنایا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو چار ماہ مزید قید سخت بھگتنا ہو گی۔ خوشاب پولیس نے محلہ گیدڑ میانی خوشاب کے رہائشی ملزم محمد ارشد کو سات نومبر 2010ء کو گرفتار کیا تھا اور اس سے 157گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان فاضل عدالت میں پیش کیا تھا۔ 
حادثات، پانچ افراد زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ 47ایم بی میں ہوا جہاں دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے حادثہ میں 9چک کا رہائشی 30سالہ عبدالرحمن ولد حاجی غلام محمد اور 12چک کا رہائشی 35سالہ ضیغم عباس ولد اظہار الحسن زخمی ہوا۔ دوسرا حادثہ سرگودھا روڈ پر نامیوالی کے قریب ہوا جہاں ایک تیز رفتار اے سی کوسٹر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی حادثہ میں 60 سالہ قادر ولد عمر حیات اور پچیس سالہ حسن رضا ولد مظہر حسین سکنائے نامیوالی زخمی ہوئے۔ بوتالہ کے قریب موٹر سائیکل سوار عمر حیات ولد نور محمد کتے کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل سلپ ہونے سے پختہ سڑک پر گر کر زخمی ہو گیا۔ جبکہ خوشاب روڈ پر نائچ پٹرولیم کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں پچاس سالہ خضر حیات ولد محمد رمضان زخمی ہوا۔ ریسکیو1122کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور اُنھیں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا۔ 
بھینس پر حملہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع وڑچھہ میں خان محمد اور اس کے ساتھیوں نے ایک کسان ربنواز کی ہزاروں روپے مالیت کی بھینس کو ہلاک کر دیا‘ قائدآباد پولیس نے زیب نواز کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 236ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
منی لانڈرنگ کا مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نورپورتھل پولیس نے محمد زبیر ولد عالم شیر کیخلاف 3/4 منی لینڈنگ ایکٹ 2007کے تحت مقدمہ درج کیا ہے یہ مقدمہ نواں سگو کی رہائشی اکبر خاتون زوجہ سمیع اﷲ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق اکمل خاتون کے خاوند نے ملزم محمد زبیر سے ایک لاکھ 16ہزار روپے کی رقم بطور قرض حاصل کی تھی جو اقساط کی شکل میں سود سمیت 2لاکھ 68ہزار روپے ادا کی جا چکی ہے۔اس کے باوجود ملزم مزید رقم کا تقاضہ کر رہا ہے۔ 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مسلم لیگ ن کے ضلعی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اور یونین کونسل پدھراڑ کے چیئرمین ملک عمران بشیر اعوان نے ڈی پی او آفس جوہرآباد میں عوام کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے سہولیات سنٹر کا دورہ کیا۔ اس دوران اُنھوں نے سہولیات سنٹر کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اُنھیں چوہدری جنید احمد اور پی آر او حارث رحمن نے سنٹر میں دستیاب سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اُنھوں نے سنٹر میں لائسنسوں کے حصول ‘ ایف آئی آر کے آن لائن اندراج اور ٹی وی کیمروں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔ 

سیشن کورٹ میں افطار ڈنر
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سیشن کورٹ جوہرآباد میں جوڈیشل افسران کی جانب سے سیشن و سول کورٹس کے ملازمین میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا 
جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب چوہدری محمد طارق جاوید‘ ایڈیشنل سیشن ججز غفار مہتاب ‘ سعادت حسین ملک‘ سینئر سول جج راجہ مبین احمد‘ رانا محمد سعید ‘ عبدالغفار کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار کے صدر اظہر حسین ہمدانی‘ سول ججز اور وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری طارق جاوید نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ رحمتیں اور برکتیں لے کر آیا ہے ہمیں اس ماہِ مقدس میں اپنی توانائیاں اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے وقف کر دینی چاہیں۔ یہ مقدس ایام پرہیز گاری اور تقویٰ کی جانب بڑھنے کا بہترین راستہ ہیں۔ اُنھوں نے عدلیہ کے افسران و ملازمین اور وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ ان مقدس ایام میں عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیساتھ ساتھ نیکیاں کمانے کیلئے بھی اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔ 

;
ضلع خوشاب کی اہم خبریں ضلع خوشاب کی اہم خبریں Reviewed by Khushab News on 6:46:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.