ڈی ایچ کیو ہسپتال بند

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کی عمارت کی تزئین و آرائش کے کام کے باعث ہسپتال کے آپریشن تھیٹر اور شعبہ انڈور کو ایک سال کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تعمیراتی کام کے دوران ہسپتال میں صرف شعبہ ایمرجنسی و شعبہ آؤٹ ڈور میں آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولت میسر ہو گی اور ایمرجنسی آپریشن کئے جائیں گے۔ ہسپتال کے شعبہ سرجری اور شعبہ انڈور کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خوشاب منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہسپتال کی عمارت کو جدید شکل میں ڈھالنے اور اُس کی تزئین و آرائش کیلئے 14کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور اس منصوبہ پر 31جولائی سے کام شروع ہو جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ پہلے مرحلہ میں شعبہ ایمرجنسی ‘ ایڈمن بلاک‘ سی سی یو اور زنانہ وارڈ کا کام مکمل کرایا جائے گا۔ اس دوران یہ شعبے ہسپتال کے دوسرے حصہ میں منتقل ہو جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں آپریشن تھیٹر ‘ لیبر روم ‘ گائنی وارڈ اور مردانہ وارڈ کا کام ہوگا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس منصوبہ کی تکمیل کے بعد ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کا شمار پنجاب کے دیدہ زیب اور جدید ترین ہسپتالوں میں ہونے لگے گا اُدھر ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے تزئین و آرائش کے کام کے آغاز اور ہسپتال کے اہم شعبوں کی ایک سال کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال خوشاب منتقلی کی خبر ضلع خوشاب کے عوام پر بجلی بن کر گری۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی تزئین و آرائش کی بجائے اس میں بیڈز کی کمی کو دور کرنے کیلئے اپ گریڈیشن کے منصوبہ پر کام شروع ہونا چاہیے تھا محض عمارت کی نمود و نمائش سے مریضوں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔شہریوں نے کہا ہے کہ عمارت کو جدید بنانے کا منصوبہ محض قومی سرمائے اور وقت کا ضیاع ہے اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ اس غیر ضروری منصوبہ کو فی الفور ختم کر کے عمارت کی تزئین و آرائش کی بجائے اس کی توسیع پر توجہ دی جائے ۔ ملک نذیر اعوان نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد 125بستروں پر مشتمل ہے جہاں ایک سو بیڈز کے اضافہ کی باقاعدہ منظوری دی جا چکی ہے لیکن افسر شاہی عوامی مفادات کیلئے کام کرنے کی بجائے محض نمود و نمائش میں اُلجھی ہوئی ہے۔ اُنھوں نے اس منصوبہ کو فی الفور ڈراپ کرنے او رہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

;
ڈی ایچ کیو ہسپتال بند ڈی ایچ کیو ہسپتال بند Reviewed by Khushab News on 6:14:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.