منگل 18 جولائی کا اخبار

قائدآبادمیں سیوریج بند۔پانی گلیوں میں داخل
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) قائدآبادشہر میں سیوریج کی پائپ لائنیں بند ہونے کے باعث آلودہ اور بارشی پانی سڑکوں پر مٹر گشت کرنے لگا ۔دو روز قبل آنے والی بارش کا پانی تاحال شہر کی گلیوں اور بازاروں میں کھڑا ہے جس کے باعث بازاروں کی رونقیں ماند پڑ گئیں۔شہریوں کا پیدل گزرنا بھی محال ہوچکا ہے ۔متعددگلیوں میں بچھائے جانے والے بوسیدہ سیوریج پائپ پھٹنے کے باعث جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں۔سیوریج نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے شہر بھر کی گلیوں میں بد بو اور تعفن پھیلنے لگا ۔نالیوں کے ناپاک پانی کی وجہ سے گھروں میں سے مساجد کو جانے والے اکثرنمازیوں کے کپڑے ناپاک ہو جاتے ہیں اور نمازیوں کی نمازیں بروقت ادا نہیں ہو پاتیں۔شکایات پر شہریوں کو عملہ کی کمی کا بہانہ بنا کر ٹال دیا جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی جانب مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر خوشاب سے سیوریج نظام کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کرنیکا مطالبہ کیاہے ۔
تبادلہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)حکومت پنجاب نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خوشاب بہزاد عادل کو تبدیل کر کے بطور اے ڈی سی جی راولپنڈی تعینات کر دیا۔اُن کی جگہ فی الحال ضلع خوشاب میں کسی اور آفیسر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی۔
سانپوں کی یلغار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مون سون کا موسم شروع ہوتے ہی ضلع خوشاب میں سانپوں نے یلغار کر دی‘ گذشتہ روز ضلع کے مختلف علاقوں میں تین خواتین سمیت پانچ افراد کو زہریلے سانپوں نے ڈس لیا۔ زہریلے سانپوں کا نشانہ بننے والوں میں موضع برہان کی چالیس سالہ ذکیہ بی بی زوجہ احمد بشیر ‘ جوہرآباد کی 17سالہ صغریٰ بی بی دُختر محمد اسلم‘ خوشاب کا 38سالہ محمد لطیف ولد محمد شریف‘ کٹھہ مصرال کی اٹھارہ سالہ ریحانہ کوثر دُختر محمد احسان اور چک نمبر55ایم بی کا پچاس سالہ محمد جمیل ولد اﷲ دتہ شامل ہیں۔ سانپوں کا نشانہ بننے والے پانچوں افراد کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُن کے جسموں سے زہر کے اثرات کو ختم کرنے کی جدوجہد کی جار ہی ہے۔ 

خونی ڈکیتی

خوشاب نیوز ڈاٹ کامر)جابہ موڑ کے نزدیک ڈکیتی کی خونی واردات کے دوران نامعلوم ڈاکوؤں نے 26سالہ پختون عورت زری بی بی زوجہ صدر دین سے پرس چھیننے کی کوشش کی اور مزاہمت کرنے پر اُسے گولی مار کر فرار ہو گئے۔ زری بی بی کو شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد پہنچایا گیا جہاں سے اُسے تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

اقدام خودکشی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں حالات کی ستائی ہوئی ایک خاتون سمیت دو افراد نے زہر کھا کر خود کشی کی کوشش کی ‘ اقدام خود کشی کا پہلا واقعہ رنگپور بگھور میں ہوا جہاں 35سالہ رضیہ بی بی زوجہ گلزار نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ جبکہ روڈہ میں پندرہ سالہ لڑکے محمد عدنان ولد محمد اصغر نے والدہ کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر فینائل کی گولیاں کھائیں۔ دونوں افراد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں شعبہ حادثات میں اُن کے معدے واش کئی گئے اور بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اُن کی زندگیاں بچ گئیں۔ 

قتل کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد پولیس نے وہیر کے رہائشی ایک شخص حیات جوئیہ کیخلاف امانت میں خیانت کرنے اور ایک خاتون زینب بی بی کو دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 406اور 506ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق زینب بی بی کے خاوند محمد یونس نے حیات جوئیہ کے ساتھ ملکر دوکان بنا رکھی تھی محمد یونس کے انتقال کے بعد ملزم حیات جوئیہ نے دوکان پر لگائی گئی لاکھوں روپے کی رقم خورد برد کر لی۔ جب رقم کا تقاضہ کیا گیا تو ملزم نے اپنے پارٹنر یونس کی بیوہ زینب بی بی کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ 

چودہ سالہ دوشیزہ سے زیادتی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)رمضان کالونی جوہرآباد میں ایک اوباش شخص مظہر اقبال نے چودہ سالہ لڑکی مقدس کو درندگی کا نشانہ بنا دیا۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے لڑکی کے والد محمد ممتاز کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 376اور 506ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق چودہ سالہ مقدس دوکان پر دودھ لینے کیلئے گئی اس دوران مظہر اقبال اُسے زبردستی کمرے میں لے گیا اور اُسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ 

منشیات برآمد

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد پولیس نے مظہر حیات قطبی کو گرفتار کر کے اُس کے قبضہ سے ساڑھے تین کلو چرس برآمد کی ہے۔ ملزم کے خلاف منشیات فروشی کے الزام میں نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس اے ڈی سی جی عبدالحمید سنبل کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نذر حیات مجوکہ‘ ڈاکٹر محبوب احمد فیضی‘ بورڈ کے سیکرٹری ملک احمد خان‘ ڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے مرتب کردہ 31میڈیکل سٹوروں کے چالان زیر بحث لائے گئے ‘ جن میں سے 8چالانوں کو ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 9چالانوں میں میڈیکل سٹورز مالکان کو وارننگ دی گئی جبکہ دیگر چالان زیر التواء کر دیئے گئے۔ اجلاس میں موضع جھجھہ میں سیل کئے جانیوالے ایک میڈیکل سٹور کو بدستور سیل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالحمید سنبل نے کہا کہ نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی عطائیت کے خاتمہ اور غیر معیاری و ناقص ادویات کی فروخت کے خلاف مہم میں مزید تیزی لائی جائے۔ 
منگل 18 جولائی کا اخبار منگل 18 جولائی کا اخبار Reviewed by Khushab News on 8:09:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.