بدھ 19 جولائی کا اخبار

حادثات،6 زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں موٹر سائیکلوں کے حادثات میں چھ افراد شدید زخمی ہو گئے پہلا حادثہ مین بازار جوہرآباد میں ہوا جہاں تیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثہ کے نتیجہ میں قاضی کالونی کا رہائشی علیق ولد ذوالفقار اور عظمت کالونی کا رہائشی اشتیاق ولد محمد ریاض شدید زخمی ہو گیا۔ دوسرا حادثہ نیا لاری اڈا کے قریب ہوا جہاں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل موڑ کاٹتے ہوئے ٹرک میں جا لگا۔ حادثے میں محلہ قاسم پورہ خوشاب کے دو نوجوان عمیر اور حسنین زخمی ہوئے۔ تھل کے علاقہ لکو موڑ میں موڑ کاٹتے ہوئے موٹرسائیکل تیز رفتاری کے باعث اُلٹ گیا۔ حادثہ میں میلہ دیکھنے کیلئے جانیوالا محلہ خضر آباد خوشاب کا رہائشی محمد عثمان ولد عطا محمد زخمی ہوا۔ جبکہ موضع جسوال میں دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 22سالہ نوجوان عاقب ولد غلام رضا زخمی ہوا۔ تمام زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پیرا میڈیکل سٹاف کی شدید کمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر قاضی آصف محمود نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہیلتھ پالیسی کے تحت محکمہ صحت کی کارکردگی میں نکھار پیدا کرنے کیلئے میڈیکل ‘ پیرا میڈیکل و نرسنگ سٹاف میں صحت خدمت ایوارڈز کی تقسیم ایک انقلابی قدم ہے اور اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے کانفرنس ہال میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسی کے تحت صحت خدمت ایوارڈ حاصل کرنیوالے ضلع خوشاب کے ڈاکٹر ز ‘ لیڈی ڈاکٹرز ‘ ڈسپنسر‘ نرسز اور دیگر سٹاف ممبران محکمہ صحت ضلع خوشاب کا سرمایہ افتخار ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کا میڈیکل‘ پیر امیڈیکل اور نرسنگ سٹاف اپنی تمام توانائیاں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے وقف کئے ہوئے ہے۔ تاہم وسائل کی کمی کے باعث ہسپتال انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی تعداد 62ہے لیکن پیرا میڈیکل و نرسنگ سٹاف نہ ہونے کے برابر ہے۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں محکمہ صحت کے کیریٹیریا کے مطابق مزید 125بیڈز کے اضافہ کی ضرورت ہے۔ 

آٹھ کلو چرس برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) پولیس نے منشیات کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران بوتالہ کے رہائشی دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں ندیم احمد قطبی ٹوانہ اور عبدالرحمن قطبی ٹوانہ کو گرفتار کر کے اُن کے قبضہ سے مجموعی طور پر تقریبا 8کلو چرس اور چھ ہزار 120روپے کی نقدی برآمد کر لی۔دونوں ملزمان کے خلاف منشیات فروشی کے الزام میں نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ منشیات فروش ندیم احمد قطبی کو سٹی پولیس جوہرآباد نے سرفراز کالونی میں چھاپہ مار کاروائی کے دوران گرفتار کیا اور اس کے قبضہ سے تین کلو 650گرام چرس اور 4ہزار روپے کی نقدی برآمد ہوئی۔ ملزم ندیم جوہرآباد ‘ خوشاب ‘ سرگودھا‘ فیصل آباد اور ساہیوال سمیت دیگر علاقوں میں منشیات فروشی کا دھندہ کرتا تھا۔ عبدالرحمن قطبی کو مٹھہ ٹوانہ پولیس نے بوتالہ میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا اور اس کے قبضہ سے 4کلو 300گرام چرس اور 2120روپے کی نقدی برآمد ہوئی۔ 

شوہر اور دیور کیخلاف مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے رمضان کالونی کی رہائشی ایک خاتون گلشن شاہین کو زدو کوب کرنے اس کی عفت میں خلل ڈالنے اور اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں اُس کے دیور وقاص علی اور خاوند شہباز علی کے خلاف زیر دفعات 506اور354ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق گلشن کی تین ماہ قبل شہباز علی کیساتھ شادی ہوئی تھی۔ اس دوران اس کا پنی ساس سکینہ کیساتھ جھگڑا ہوا جس پر اُس کے دیور وقاص نے اُسے بالوں پکڑ کر گھسیٹا اسی دوران اس کا خاوند شہباز بھی موقع پر پہنچ گیا اور دونوں بھائیوں نے ملکر
اسے زدو کوب کیا۔ 


جعلسازی پر مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے گھگھ کلاں کے رہائشی آصف بلوچ ‘ عزیز خان بلوچ اس کی اہلیہ اور دیگر پانچ افراد کے خلاف جعل سازی کے ذریعے عظمت کالونی کے رہائشی محبوب عالم کے ملکیتی مکان پر قبضہ کرنے کے الزام میں زیر دفعات 448‘ 511‘ 420‘ 468‘ 471‘ 148اور149ت ب پ مقدمہ درج کیا ہے ایف آئی آر کے مطابق محبوب عالم نے عظمت کالونی میں پانچ مرلے کا مکان شاہ پور کے رہائشی خان محمد سے خریدا تھا اور باقاعدہ اپنے نام سے رجسٹری کرائی تھی بعد ازاں ملزمان نے جعلی اشٹام تیار کرکے مکان پر ملکیت کا دعویٰ کیا اور قبضہ کی کوشش کی۔ 

سانپ نے دوڑیں لگوادیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بلاک نمبر6جوہرآباد میں زہریلے سانپ کی موجودگی پر اہل محلہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جس نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد سانپ کو پکڑ کر ہلاک کر دیا۔

مچھلی شکار کیخلاف کارروائیاں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز خوشاب غلام قادر نے کہا ہے کہ مچھلی کے غیر قانونی شکار کرنیوالوں کیخلاف کاروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اگر کوئی بھی مچھلی کا شکاری غیر قانونی شکار کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اُس کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جوہرآباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ محکمہ فشریز ضلع خوشاب کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر مچھلی کا غیر قانونی شکار کرنیوالے شکاریوں سے مجموعی طور پر47ہزار 600روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔ اُنھوں نے شکاریوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد شکار کا لائسنس حاصل کر لیں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کو حرمت میں لایا جائے گا۔ 
;
بدھ 19 جولائی کا اخبار بدھ 19 جولائی کا اخبار Reviewed by Khushab News on 7:11:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.