جمعہ 21 جولائی کا اخبار


چھ زخمی 
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ہڈالی میں ڈیرہ انگرانوالہ کے قریب ایک موٹر سائیکل رکشہ تیز رفتاری کے باعث قلابازیاں کھاتے ہوئے الٹ گیا۔ حادثہ میں تین خواتین اور ایک کمسن بچے سمیت چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونیوالے تین سالہ زین ولد نوید مسماۃ مہناز دُختر عطاء اﷲ‘ غلام فاطمہ دُختر نجیب اﷲ ‘ ارجمند دُختر مشتاق ‘ محمد اسد ولد محمد اصغر اور سارنگ ولد بنیا مین کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حادثہ کا شکار ہونیوالا رکشہ جوہرآباد کی جانب آ رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث رکشہ ڈرائیور توازن برقرار نہ رکھ سکا جس کے نتیجہ میں رکشہ اُلٹ گیا۔ 
بچے نے نیلا تھوتھا نگل لیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محلہ بالیانوالہ ہڈالی میں ایک سالہ بچے علیان احمد ولد محمد جاوید نے والدین کی لاپرواہی کے باعث نیلا تھوتھا کھا لیا‘ ایک سالہ علیان اپنے گھر میں کھیل رہا تھا کہ اُس کے ہاتھ میں نیلے تھوتھے کا ٹکڑا آ گیا جسے اُس نے منہ میں ڈال لیا۔ حالت بگڑ جانے پر اُسے فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں اُس کی حالت تشویشناک ہے۔ 
سٹاف کی قلت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) نورپورتھل میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سنٹر میں سٹاف کی قلت کے باعث کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا‘ تحصیل نورپورتھل کے 87 مواضعات کیلئے بنائے جانیوالے اس سنٹر میں صرف 2کاؤنٹر ہیں جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں سے آنیوالے کسانوں کو کئی کئی گھنٹے لائنوں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ یہ انکشاف یونین کونسل کھائی خورد کے چیئرمین احسان قادر مجوکہ نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سنٹر میں آنے والے کسانوں کیلئے کوئی انتظار گاہ تک موجود نہیں اور اُنھیں پینے کا پانی تک میسر نہیں ہوتا۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سنٹر نورپورتھل میں کسانوں کی سہولت کیلئے کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ مزید سٹاف تعینات کیا جائے۔ وہاں سائلوں کے بیٹھنے کیلئے انتظار گاہ قائم کی جائے اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا جائے ۔ اس ضمن میں جب اسسٹنٹ کمشنر نورپور چوہدری غلام سرور سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سنٹر خوشاب ابھی نوزائیدہ ادارہ ہے اس لئے شروع شروع میں لوگوں کو دشواریاں پیش آ رہی ہیں تاہم بہت یہاں کسانوں کو تمام سہولیات مہیا کر دی جائیں گی۔ 
جعلی چیک پر مقدمہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے ایک شخص گلاب خان کے خلاف جعلی چیک جاری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے یہ مقدمہ وہیر کے رہائشی محمد جلال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم غلام خان نے محمد جلال سے اپنے کاروبار کیلئے 22لاکھ روپے کی رقم بطور قرض حاصل کی تھی اور اسے دو لاکھ روپے کا چیک دیا جو اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث ڈس آنر ہو گیا۔ 
غیر معیاری زرعی ادویات ،مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد میں غیر معیاری زرعی ادویات فروخت کرنیوالا دوکاندار محمد ندیم قانون کی گرفت میں آ گیا‘ قائدآباد پولیس نے ملزم ندیم کے خلاف 21Aایگریکلچر سینی سائیڈ آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ مقدمہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد عمر فاروق کی تحریری رپورٹ پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد عمر فاروق نے ملزم ندیم کو غیر معیاری ادویات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ محمد ندیم چھاپہ مار کاروائی کے دوران زرعی ادویات کی ڈیلر شپ کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ 
خاتون بچوں سمیت اغوا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوڑا کلاں میں محرم خان اور آصف خان وغیرہ چھ افراد نے ایک شادی شدہ خاتون صفیہ بی بی اس کی نو سالہ بیٹی ام حبیبہ ‘ آٹھ سالہ بیٹے عنصر اور چار سالہ بیٹے عثمان کو اغواء کر لیا۔ جوڑا کلاں پولیس نے مغویہ صفیہ بی بی کے خاوند فداء حسین کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 496-A اور 363ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک مغویان کو بازیافت نہیں کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق فداء حسین محنت مزدوری کے سلسلہ میں فیصل آباد گیا ہوا تھا اس کی عدم موجودگی میں ملزمان اس کے گھر میں آئے اور اس کے بیوی بچوں کو زبردستی اغواء کر کے لے گئے۔ 
ہزاروں کی چوری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر5ٹی ڈی اے میں وڑچھہ کے رہائشی پانچ افراد ‘ سیف اﷲ‘ حامد ‘ عدنان ‘ مطیع اﷲ اور فیاض نے ایک شہری
 عبدالرحمن کے گھر سے پندرہ ہزار روپے کی نقدی‘ ڈیڑھ تولہ طلائی زیورات اور ہزاروں روپے مالیت کے پارچات چوری کر لئے۔ قائدآباد پولیس نے عبدالرحمن کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 457اور380ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان عبدالرحمن کے گھر میں داخل ہوئے اور وہاں سے ایک ٹرک اُٹھا کر لے گئے جس میں نقدی‘ زیورات اور پارچات موجود تھے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے گاؤں کے دیگر دو اور گھروں میں بھی چوری کی وارداتیں کیں۔ 
;
جمعہ 21 جولائی کا اخبار جمعہ 21 جولائی کا اخبار Reviewed by Khushab News on 11:28:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.