طوفانی بارش نے تباہی مچادی ، بلدیہ کے دعوے بھی بہہ گئے

فائل فوٹو
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں مون سون کی طوفانی بارش نے تباہی مچا دی‘ ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو گیا ‘ نواحی گاؤں موضع بولہ میں طوفانی بارش کے دوران کئی کچے مکانات منہدم ہو گئے تاہم کسی بھی علاقہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ جمعرات کی صبح ہونیوالی موسلادھار بارش کے باعث جوہرآباد کی گلیاں ‘ چوک اور چوراہے تالابوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کی آمدورفت کی راہیں مسدود ہو گئیں اور وہ اپنے گھروں میں محدود ہو کر رہ گئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مین بازار ‘ جنوبی بازار ‘ کالج روڈ ‘ اُردو بازار بینک الفلاح روڈ‘ جامع مسجد روڈ سمیت شہر کے کسی بھی علاقہ میں نکاسی آب کا نظام درست نہیں بالخصوص جوہرآباد کی نوحی کالونیوں میں نکاسی آب کا سسٹم نہ ہونے کے باعث بارشی پانی گھروں میں داخل ہو گیا ۔ اُدھر نواحی گاؤں بولہ اور اس سے ملحقہ ڈیرہ جات میں بارش کے دوران متعدد کچے مکانات منہدم ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ تاہم کسی بھی علاقہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شہریوں  نے مطالبہ کیا ہے کہ جوہرآباد میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ 

;
طوفانی بارش نے تباہی مچادی ، بلدیہ کے دعوے بھی بہہ گئے طوفانی بارش نے تباہی مچادی ، بلدیہ کے دعوے بھی بہہ گئے Reviewed by Khushab News on 1:22:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.