صوبائی وزیر ملک آصف بھا نے صحت میلے کا افتتاح کردیا

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ صحت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد ‘ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور ضلع کے دیہی و بنیادی مراکز صحت میں پانچ روزہ صحت میلہ شروع ہو گیا۔ صحت میلہ کی افتتاحی تقریب ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر آثارِ قدیمہ ملک محمد آصف بھا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نذر حیات مجوکہ‘ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود‘ ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر مختار سرور نیازی ‘
www.khushabnews.com
 ڈاکٹر غنی مسعود عالم‘ ڈاکٹر عبید اﷲ نیازی  اور بلدیہ جوہرآباد کے چیئرمین ملک محمد اشرف اعوان سمیت میڈیکل‘ پیرا میڈیکل سٹاف اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر ملک آصف بھا نے حسب ضابطہ صحت میلہ کا افتتاح کیا اور میلہ کے دوران عوام کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے لگائے جانیوالے مختلف ڈیسکوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود نے اُنھیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صحت میلہ کے دوران مریضوں کی رجسٹریشن کے بعد امراض کی علامات کا جائزہ لیا جائے گا‘ ان کے ہیپاٹائٹس بی ‘ سی ‘ ایچ آئی وی ایڈز‘ ملیریا‘ شوگر کے لیبارٹری ٹیسٹ ہونگے ‘ انکا الٹرا ساؤنڈ کیا جائے گا اور دمے و سانس کے امراض کی تشخیص کیلئے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ ہسپتال کے میڈیکل افسران غذائی قلت کے حوالے سے مریضوں کو تفصیلات بتائیں گے اُنھوں نے بتایا کہ صحت میلہ کے دوران تپ دق کی تشخیص کیلئے بلغم کے ٹیسٹ ہونگے اور مریضوں کا ایکسرے بھی کرایا جائے گا جبکہ کم سن بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے اور حاملہ خواتین میں آئرن کی کمی دور کرنے کیلئے مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ صحت میلہ 19اگست تک جاری رہے گا۔ صحت میلہ کے پہلے روز 400سے زائد افراد کی رجسٹریشن کی گئی اور اُنھیں لیبارٹری ٹیسٹوں سمیت دیگر سہولیات مہیا کی گئیں۔ 
;
صوبائی وزیر ملک آصف بھا نے صحت میلے کا افتتاح کردیا صوبائی وزیر ملک آصف بھا نے صحت میلے کا افتتاح کردیا Reviewed by Khushab News on 6:53:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.