بارات کی گاڑی کو حادثہ ایک جاں بحق 5 زخمی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں ایک سترہ سالہ لڑکی جاں بحق اور پانچ خواتین سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ پہلا المناک حادثہ مظفر گڑھ روڈ پر چوک گروٹ کے قریب ہوا جہاں وادی سون کے گاؤں کفری سے بارات لے کر خانیوال جانیوالی ایک ہائی ایس ویگن ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں سترہ سالہ عاصمہ بی بی دُختر محمد ارشد موقع پر جاں بحق جبکہ چار خواتین پچیس
www.khushabnews.com
 سالہ عمرانہ کوثر دُختر حاجی احمد ‘ پندرہ سالہ شانزہ دُختر حمید اﷲ‘ چونتیس سالہ شازیہ زوجہ حمید اﷲ اور سولہ سالہ اقراء بی بی دُختر محمد ناصر زخمی ہوئیں۔ ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم نے متوفیہ عاصمہ بی بی کی میت اور زخمی خواتین کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا۔ جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اُدھر جوہرآباد پولیس نے متوفیہ عاصمہ بی بی کے والد محمد ارشد کی مدعیت میں ہائی ایس ویگن کے ڈرائیور محبوب کے خلاف زیر دفعہ 322‘ 337اور 279ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ٹریفک کا دوسرا حادثہ جہلم برج پر ہوا جہاں ایک اے سی کوسٹر نے رکشے کو ٹکر مار دی۔ حادثہ میں سرگودھا کی رہائشی پنتالیس سالہ امتیاز بی بی اور اس کا بیٹا ناصر عباس زخمی ہوا۔ تیسرا حادثہ شوالہ کے نزدیک ہوا جہاں دو تیز رفتار موٹر سائیکل ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے گدھا ریڑھی میں جا لگے۔ حادثے میں بشارت ولد ملازم اور عمران شاہ سکنہ دئیوال اور تاج محمد ساکن خوشاب زخمی ہوا۔ جبکہ راولپنڈی روڈ پر شوالہ کے قریب اے سی کوچ کی ٹکر سے خوشاب کا رہائشی موٹر سائیکل سوار غضنفر علی ولد ذوالفقار زخمی ہوا۔


جعلی فرد بنانے کے الزام میں اشٹام فروش گرفتار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جعلی فرد جاری کرنے والا گرفتار.،تفصیلات ک مطابق عبدالرحمن سکنہ قاضی کالونی جوہرآباد نے اینٹی کرپشن خوشاب کو اطلاع دی کہ محمد جمال بجلی کا میٹر لگوانے کے لیے جعلی فرد بنوانے کے عواض رشوت مانگ رہا ہے. وہ رشوت نہیں دینا چاہتا بلکہ اسے  گرفتار کروانا چاہتاہے. جس پر اینٹی کرپشن خوشاب نے ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی اورمحمد علی امجد مجسٹریٹ درجہ اول کی زیر نگرانی ریڈ کیا اور جعلی فرد جاری کرنے والے محمد جمال اشٹام فروش جعلی فرد بناتے اور 2000 روپے رشوت لیتے ہوے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔.

دوشیزہ کو سانپ نے ڈس لیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)دامن مہاڑ کے گاؤں چوہا میں 17سالہ لڑکی نسرین اختر دُختر محمد اقبال کو زہریلے سانپ نے ڈس لیا۔ نسرین اختر کو فوری طور پر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر اس کے جسم سے زہر کے اثرات کو ختم کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ 

دن دیہاڑے ڈکیتی 

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نورپور پیلووینس روڈ پر دو ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر موضع روڈہ کے رہائشی حاکم خان اور اس کے بھتیجے امیر نواز سے ایک لاکھ بیس ہزار روپے کی نقدی چھین لی اور رفو چکر ہو گئے۔ نورپورتھل پولیس نے حاکم خان کی رپورٹ پر ڈاکوؤں کیخلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق حاکم خان اپنے بھتیجے امیر نواز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آ رہا تھا کہ پل نہر پیلووینس کے قریب ڈاکوؤں نے اُنھیں روکا اور اُن پر اسلحہ تان کر اُن کی تلاشی لی‘ حاکم خان سے 95ہزار روپے اور اس کے بھتیجے امیر نواز سے پچیس ہزار روپے کی رقم لوٹ کر بھاگ گئے۔ 



ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے پل بائی پاس کے قریب مشکوک حالت میں گھومنے والے ایک شخص محمد ممتاز کو گرفتار کر کے دورانِ تلاشی اس کے قبضہ سے تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے۔ ملزم محمد ممتاز کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ 


جبری رقم وصول کرنے پر مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد پولیس نے موضع چوہا کے رہائشی عمران کے خلاف 3/4 منی لینڈنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے‘ یہ مقدمہ صابر نواز کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق صابر نواز نے ایک سال قبل ملزم عمران سے کسی ضرورت کے تحت پانچ ہزار روپے قرض حاصل کیا تھا جبکہ چھ ماہ قبل اپنی شادی کیلئے دس ہزار روپے قرض لیا۔ صابر نواز ملزم عمران کو بالترتیب 33ہزار روپے اور دس ہزار روپے کی رقم ادا کر چکا ہے جبکہ ملزم نے اُس سے بیس ہزار روپے جبرا بھی حاصل کئے۔ اب مزید ساٹھ ہزار روپے کا تقاضہ کر رہا ہے۔


نامعلوم چور گھر کا صفایا کرگئے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محمدی کالونی جوہرآباد میں نامعلوم چوروں نے ایک شخص سعید احمد کے گھر کا صفایا کر دیا۔ سٹی پولیس جوہرآباد نے سعید احمد کی رپورٹ پر نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاہم ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی ایف آئی آر کے مطابق محمد سعید اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر کے صحن میں سویا ہوا تھا ان کی خوابِ غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور رہائشی کمروں کے تالے توڑ کر وہاں سے چار تولہ طلائی زیورات ‘ 16 کپڑوں کے سوٹ اور 94ہزار 700روپے کی نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ 

اراضی کا تنازعہ ایک قتل ایک زخمی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع اُتراء جنوبی میں آتشیں اسلحہ سے مسلح خدا بخش ولد اﷲ بخش ‘ الٰہی بخش ‘نذر محمد ‘ مظہر اقبال اور فضل الٰہی نے فائرنگ کر کے ایک شخص محمد عمران کو قتل اس کے بھائی ظفر اقبال اور والد خدا بخش کو شدید زخمی کر دیا۔ دونوں زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ قائدآباد پولیس نے مضروب خدا بخش کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 302 ‘ 324 ‘ 148اور 149ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق فریقین کے مابین اراضی کا تنازعہ تھا گذشتہ روز ملزمان مسلح ہو کر محمد عمران کے ڈیرہ پر آئے اور وہاں پر موجود تینوں باپ بیٹوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں محمد عمران موقع پر جہاں بحق ‘ اس کا والد اور بھائی شدید زخمی ہوئے۔

وکلا کی ہڑتال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کے وکلاء نے برما میں نہتے مسلمانوں پر ہونیوالے غیر انسانی تشدد اور اُن کے قتل عام کیخلاف ہڑتال کر دی۔ بدھ کے روز ضلع خوشاب کا کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں سے مقدمات کی پیروی کیلئے آنیوالے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس بار کے صدر سید اظہر عباس ہمدانی ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں برما کی حکومت کیخلاف شدید ردِ عمل کا اظہار کیا گیا اور مسلمانوں کی نسل کشی اور ان کے ساتھ ہونیوالے تاریخ کے ظالمانہ سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔ جلاس میں اتفاقِ رائے سے قرار داد پاس کی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر برما کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور برما کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ عالم اسلام برمی حکومت کا مکمل بائیکاٹ کرے اور وہاں پر مقیم مسلمانوں کے تحفظ کیلئے فوجی دستے روانہ کئے جائیں۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ برما میں ہونیوالے انسانیت سوز مظالم پر مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اُنھیں چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے برمی مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و تشدد کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ برما کی وزیراعظم سوچی سے فی الفور نوبل انعام واپس لیا جائے۔ بنگلا دیش کی حکومت رونگیا مسلمانوں کیلئے انسانی جذبہ کے تحت آبادکاری کا انتظام کرے۔ قرار داد میں مزید کہا گیا کہ برما کے مسلمانوں کی شہادت پر عالم اسلام کی خاموشی باعث شرم اور باعث تشویش ہے اور کسی سانحہ سے کم نہیں۔ 
 

خوشاب میں ملیریا پھیل گیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)خوشاب اور گردونواح میں بروقت سپرے نہ ہو نے کی وجہ سے ملیریا کی وباء پھیل گئی ہے ۔ خوشاب ، کٹھہ ،خالق آبا د اور گردونواح میں ہر تیسرا شہری ملیریا میں مبتلا ہو نے کی وجہ سے ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق بروقت سپرے نہ ہو نے کی وجہ سے علاقے میں مچھروں کی بھرمار ہے جو ملیریا کا باعث بن رہے ہیں ۔ شہریوں حاجی زاہد ندیم ،مطلوب مدھوال ،رفعت خا ن بلوچ ودیگر نے ڈپٹی کمشنر ،چیئر مین میونسپل کمیٹی خوشاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور نواحی علاقوں میں مچھر مار سپرے کروایا جائے تاکہ ملیریا جیسی موذی مرض پر قابو پایا جا سکے ۔

خود کشی کی ناکام کوشش
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع روڈہ میں 18 سالہ نوجوان محمد رمضان نے کیڑے مار سپرے پی کر خود کشی کی کوشش کی تاہم اُسے بروقت طبی امداد دیکر بچا لیا گیا۔،محمد اعجاز کا اپنے اہل خانہ کیساتھ جھگڑا ہوا تھا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اُس نے سپرے پیا۔ حالت بگڑ جانے پر اُسے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں شعبہ حادثات میں اُس کا معدہ واش ہوا اور بروقت طبی امداد ملنے سے اس کی جان بچ گئی۔

جھرکل تا جاڑا سڑک تعمیر کی جائے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) علاقہ مکینوں نے عوامی نمائندوں اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جھرکل تا جاڑا سڑک کی تعمیر نو کروائی جائے ۔سڑک کی حالت خستہ ہو چکی ہے اور اس پر ٹریفک کا چلنا دشوار ہو چکا ہے ۔انہوں نے محکمہ ہیلتھ کے حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ موضع جاڑا میں ڈسپنسری قائم کی جاے تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات بروقت میسر آسکیں، ڈسپنسری نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو دور دراز کے علاقوں میں جانا پڑتا ہے ۔

روہنگیا مسلمانوں کے لیے سفارتی کوشش کی جائیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جمعیت علماء اسلام ضلع خوشاب کے امیر مولانا حکیم رشید احمد ربانی نے کہا ہے کہ برما میں کھیلی جانیوالی بے گناہ مسلمانوں کے خون کی ہولی ظاہر کرتی ہے کہ مسلم حکمرانوں کی ملی غیرت ختم ہو چکی ہے۔ میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور او آئی سی‘ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ حکومت پاکستان کو برمی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم رُکوانے کیلئے سفارتی جدوجہد کرنا ہو گی۔ جے یو آئی کے ضلعی دفتر جوہرآباد میں پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کی حالت زار کسی سے پوشیدہ نہیں۔ عالم اسلام کو مجرمانہ خاموشی توڑ کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آواز بلند کرنا ہو گی۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل فہم ہے کہ جنرل رحیل شریف کی قیادت میں بننے والے اسلامی عسکری اتحاد نے برما کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے ابھی تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔ مولانا حکیم رشید احمد ربانی نے کہا کہ تمام مسلمان جسد واحدہ کی طرح ہیں اگر دُنیا کے کسی کونے میں بھی کسی مسلمان پر ظلم ہو تو ہر کلمہ گو کو بے تاب ہو جانا چاہیے۔ مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ 57اسلامی ممالک حکمرانوں میں سے کسی کو بھی برما میں ہونیوالے مظالم کے خلاف عملی اقدامات اٹھانے کی ہمت نہیں ہوئی۔ اُنھوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ برما کے سفیر کو طلب کر کے باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔
;
بارات کی گاڑی کو حادثہ ایک جاں بحق 5 زخمی بارات کی گاڑی کو حادثہ ایک جاں بحق 5 زخمی Reviewed by Khushab News on 9:56:00 PM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.