آج کا اخبار


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)اسسٹنٹ کمشنر جوہرآباد عاصمہ اعجاز چیمہ نے محرم الحرام کے دوران ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کے مختلف مقامات سے نکالے جانیوالے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور جلوسوں کے منتظمین بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اُنھوں نے جلوسوں کے روٹس کی صفائی‘ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ جلوسوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرتب کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ جلوسوں کے دوران پولیس و انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے او رجلوسوں کا مقررہ اوقات میں اختتام یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں ایثارو قربانی کا درس دیتا ہے ہمیں ان مقدس ایام میں ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھنا ہوگا تاکہ کسی دوسرے مسلک کی دل آزاری نہ ہو۔ اُنھوں نے جلوسوں کے منتظمین کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 
www.khushabnews.com
بیوہ کے مکان پر قبضے کی کوشش 
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) نوشہرہ پولیس نے دو بھائیوں امان اﷲ اور صاحب خان پسران میاں محمد اور اُن کے ساتھیوں کے خلاف اوگالی کی ایک بیوہ عورت پٹھانی خاتون دُختر دوست محمد کے مکان پر قبضہ کرنے اُسے زدو کوب کرنے ‘ عفت میں خلل ڈالنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں زیر دفعات 354‘ 548اور 506 ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پٹھانی خاتون کے بہن بھائی فوت ہو چکے ہیں اور کوٹلی میں اُن کے ملکیتی مکان پر ملزمان نے قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ مزاہمت کرنے پر اُسے زدو کوب کیا اور سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں۔ 

 لین دین کا تنازعہ ،گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) سرفراز ٹاؤن کے قریب سکیسر روڈ پر عماد الحسن اور اس کے تین ساتھیوں نے ایک شخص محمد بلال کی گاڑی پر حملہ کرتے ہوئے شیشے توڑ دیئے۔ خوشاب پولیس نے محمد بلال کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعات 442‘ 341 ‘ 148اور 149ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد بلال کا ملزم عماد الحسن کے ماموں کے ساتھ رقم کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ گذشتہ روز جب وہ اپنی گاڑی پر جا رہا تھا تو ملزمان نے اُس کا راستہ روکا اور اس کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی۔


پی ٹی آئی کا خوشاب شو بری طرح ناکام رہا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب ن لیگ کا قلعہ تھاہے اور رہے گا کرم الٰہی بندیال,عوام منفی سیاست سے تنگ آچکے ،پی ٹی آئی کا شو بری طرح ناکام رہا ، رکن پنجاب اسمبلی,پنجاب اسمبلی کے رُکن ملک کرم الٰہی بندیال نے کہا ہے کہ خوشاب ن لیگ کا قلعہ تھا ،ہے اور رہے گا ۔ عوام منفی سیاست سے تنگ آچکے ، لاری اڈا پر پی ٹی آئی کا شو بری طرح ناکام رہا ۔ عوام کو ن لیگی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی اس نظریاتی جماعت کو شکست سے دو چار نہیں کر سکتیں۔ آئندہ عام انتخابات میں ضلع سے قومی و صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ ن کے اُمیدوار ہی کامیاب ہوں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع خوشاب کے اراکین اسمبلی عوام کی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے علاقہ اور عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کئے ہوئے ہیں۔گزشتہ چار سالوں میں ضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے ہیں اور بہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے جو جلد مکمل ہو جائیں گے۔

علما کرام محرم الحرام میں اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب کریں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)استحکام امن ہی ہماری بقا کا ضامن ہے ڈی ایس پی مٹھہ ٹوانہ،محرم الحرام میں علمائے کرام اشتعال انگیز تقریروں سے اجتناب کریں، ملک عبدالرحمن،ڈی ایس پی مٹھہ ٹوانہ سرکل ملک عبدالرحمن نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں ہر شخص امن و آشتی کو فروغ دے ، استحکام امن ہی ہماری بقا کا ضامن ہے ،علمائے کرام اشتعال انگیز تقریروں سے اجتناب کریں اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ قائدآباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں علاقہ بھر سے علمائے کرام، تاجر ،نمبرداران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ ایس ایچ او امتیاز خان ودیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملک عبدالرحمن نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے ، ایک دوسرے کے مسلک کا احترام کریں، علاقائی سطح پر اتحاد کو فروغ دیا جائے تاکہ کسی کو محرم الحرام کے دوران شرپسندی کا موقع نہ مل سکے۔

تین افراد زخمی خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ٹریفک کے دو حادثات میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے‘ پہلا حادثہ موضع روڈہ میں ہوا جہاں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر قلابازیاں کھاتے ہوئے اُلٹ گیا حادثے میں انیس سالہ محمد عامر ولد محمد خان اور پچپن سالہ محمد رمضان ولد خان محمد زخمی ہوا۔ دوسرا حادثہ بوتالہ کے قریب ہوا جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل گدھا ریڑھی سے ٹکرا گیا حادثے میں موٹر سائیکل سوار بیس سالہ محمد طارق ولد عبدالقیوم زخمی ہوا۔ تینوں زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت خطرسے باہر ہے۔

خاوند نے بیوی کو قتل کردیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چک نمبر23ایم بی میں شقی القلب خاوند محمد نصرت نے ڈنڈوں کے پے در پے وار کر کے اپنی شریک حیات مسماۃ کرن کو موت کی نیند سلا دیا۔ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے ملزم نصرت کیخلاف زیر دفعہ 302ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق دونوں میاں بیوی کے مابین جھگڑا ہوا جس پر مشتعل ہو کر نصرت نے اپنی بیوی کو قتل کیا۔ مقتولہ نصرت کی نعش ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد سے پوسٹمارٹم کرانے کے بعد تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ 

مجالس  کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں عشرۂ محرم الحرام کے دوران آٹھ عزا خانوں میں مجالس عزا کے پروگراموں کو حتمی شکل دیدی گئی‘مرکزی امام بارگاہ حسینیہ جوہرآباد میں یکم تا دس محرم نو تا گیارہ بجے شب مجلس عزا منعقد ہو گی جس میں مولانا رحیم بخش آف چوٹی زیریں اور ذاکر سیف علی کھوکھر آف لیہ خطاب کریں گے۔ آستانہ علامہ جوہر نظامی حسینی سٹریٹ بلاک نمبر1میں روزانہ آٹھ تا نو بجے مولانا سید ضمیر الحسن ترمذی آف اسلام آباد خطاب کریں گے۔ جامعۃ المرتضیٰ بلاک نمبر3میں سہہ پہر چار تا پانچ بجے مولانا فضل عبا سآف لیہ‘ امام بارگاہ حیدریہ نسیم کالونی میں رات ساڑھے آٹھ تا ساڑھے نو بجے‘ ذاکر عظمت عباس آف پنڈی بھٹیاں امام بارگاہ شاہد نجف عظیم آباد ٹاؤن میں رات نو تا دس بجے‘ سید تبرک حسین شیرازی آف جھنگ امام بارگاہ الاعوان ٹاؤن جوہرآباد میں ‘ ذاکر خضر عباس گوندل آف پنڈ دادنخان رات آٹھ تا نو بجے مجلس عزا سے خطاب کریں گے۔ مرکزی امام بارگاہ حسینیہ جوہرآباد میں روزانہ تین تا چار بجے محرم کمیٹی کے زیر اہتمام زنانہ مجلس عزا منعقد ہو گی جبکہ آستانہ علامہ جوہر نظامی حسینی سٹریٹ میں صبح آٹھ تا گیارہ بجے‘ امام بارگاہ حیدریہ نسیم کالونی جوہرآباد میں دس تا گیارہ بجے‘ امام بارگاہ غریب کالونی جوہرآباد میں گیارہ تا بارہ بجے خواتین کیلئے مجالس عزا منعقد ہونگی۔

عالمی یوم امن کے حوالے سے تقریب
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)عالمی یوم امن کے حوالے سے آواز فورم کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا‘ سیمینار کی صدارت آواز فورم کے ضلعی چیئرمین چوہدری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالحمید سنبل مہمانِ خصوصی تھے۔ سیمینار میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ 


شراب کی بھاری مقدار پکڑی گئی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے چک نمبر51ایم بی کے رہائشی ایک شخص سلامت مسیح سے شراب کی 105بوتلیں اور چار کین برآمد کئے ہیں۔ ملزم کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے دورانِ چیکنگ سلامت مسیح کو گرفتار کر کے اُس سے 105بوتل برآمد کی بعد ازاں دورانِ تفتیش اس کی نشاندہی پر اس کے گھر میں چھاپہ مار کر شراب سے بھرے ہوئے پان کین برآمد ہوئے۔

ڈی پی ایس پرنسپل کے لیے انٹریو مکمل
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیٹر نادیہ شفیق کی سربراہی میں تشکیل دی جانیوالی سلیکشن کمیٹی نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول جوہرآباد میں پرنسپل کی خالی آسامی پر کرنے کیلئے دس اُمیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لیے اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ‘ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن نادیہ شفیق نے بتایا ہے کہ موزوں اُمیدوار کی سلیکشن کے بعد اُس کا نام حتمی منظوری کیلئے ڈپٹی کمشنر خوشاب کو بھجوایا جائے گا اور حتمی منظوری سکول کے بورڈ آف گورننس کے اجلاس میں دی جائے گی۔ 


;
آج کا اخبار آج کا اخبار Reviewed by Khushab News on 12:02:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.