آج کا اخبار

عقیدہ ختم نبوت کا تھفظ ایمان کی اساس ہے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر قاری عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کی اساس ہے اور
 ہر مسلمان عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ ناموسِ رسالت کے حوالے سے کسی بھی سطح پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار جے یو آئی ضلع خوشاب کے زیر اہتمام جامع مسجد بلاک نمبر4میں منعقدہ تربیتی اجلاس سے خطاب کے
www.khushabnews.com
 دوران کیا۔ اجلاس کی صدارت جے یو آئی کے ضلعی امیر حکیم رشید احمد ربانی نے کی۔ اس موقع پر ناظم عمومی مولانا محمد عبداﷲ‘ مولانا محمد اصغر فاروقی‘ سابق ضلعی امیر قاری محمد سلیم‘ مفتی زاہد محمود ‘ مفتی سلطان احمد‘ ملک صابر وڈھل سمیت ضلع بھر کے عہدیداروں و کارکنوں کی بڑی تعداد موجودتھی ۔ قاری عتیق الرحمن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے آئین پاکستان میں شامل عقیدۂ ختم نبوت کی شق کو ختم کرنے کی سازش انتہائی جراتمندی کیساتھ ناکام بنائی جس پر پوری ملت اسلامیہ اُنھیں خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل قرآنِ پاک میں موجود ہے جو مسائل اسلحہ کے ذریعے حل نہیں ہوتے اُنھیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حل کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ کو خطرناک اسلحہ کے ذخائر ہونے کے باوجود افغانستان میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور اب وہ اسلحہ کی بجائے مسئلہ افغانستان کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنا چاہتا ہے۔ اُنھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کے ہاتھ مضبوط کریں۔ تربیتی اجلاس سے ناظم عمومی مولانا عبداﷲ اور مولانا اصغر فاروقی نے بھی خطاب کیا ۔
امانت میں خیانت مقدمہ درج
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سٹی پولیس جوہرآباد نے اسلام آباد کے رہائشی ایک شخص روح الامین کے خلاف امانت میں خیانت کے الزام میں زیر دفعہ 406ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ سول لائن جوہرآباد کے رہائشی محمد شریف کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم روح الامین نے محمد شریف کے بیٹے محمد عثمان کو 90ہزار روپے لے کر بیرونِ ملک بھجوایا تھا۔ بعد ازاں ملزم نے محمد شریف سے پچاس ہزار روپے کی رقم بطور امانت حاصل کی جو واپس نہیں کی۔

روڈہ میں ڈکیتی 
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع روڈہ میں چار ڈاکوؤں محمد شریف‘ محمد اقبال ‘ محمد جاوید ‘ محمد الیاس عرف بندو نے ریاض حسین کے گھر داخل ہو کر اسلحہ کی نوک پر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور پانچ لاکھ روپے مالیت کے دس تولے طلائی زیورات اور ایک لاکھ 65ہزار روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق چاروں ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر آئے اور گھر میں گھس کر اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر کمرے میں بند کر دیا اور گھر کی مکمل تلاشی لینے کے بعد نقدی و زیورات اٹھا کر بھاگ گئے۔ واردات کے دوران ریاض حسین کے اہل خانہ نے ملزمان کو شناخت کر لیا۔ 

اڈسٹرکٹ بار کو لاکھوں مالت کی کتب فراہم  کردی گئیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پنجاب بار کونسل کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کو ہزاروں روپے مالیت کی قانونی کتابیں فراہم کر دی گئیں۔ یہ کتابیں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین ملک عنایت اﷲ ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ بار جوہرآباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران
 ڈسٹرکٹ بار کے صدر سید اظہر عباس ہمدانی ایڈووکیٹ کے حوالے کیں۔ اس موقع پر پنجاب بار کونسل کے رُکن ملک حبیب نواز ٹوانہ ‘ ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر میاں خان سلہال‘ امیر خان نیازی‘ ملک عبدالرحیم‘ جنرل سیکرٹری سید مسرت شاہ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین ملک عنایت اﷲ نے کہا کہ وکلاء آئین کے محافظ ہیں اُنھیں چاہیے کہ وہ عوام الناس کو انصاف دلانے اور معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمہ کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔ اُنھوں نے غریب اور نادار افراد کو مفت قانونی امداد مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر سید اظہر عباس ہمدانی نے کتابوں کی فراہمی پر پنجاب بار کونسل کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے ملک حبیب نواز ٹوانہ‘ میاں خان سلہال‘ سید مسرت شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بینائی سے محروم افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالحمید سنبل نے کہا ہے کہ قوت بینائی سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں‘ ان کی بحالی پر توجہ دینا اور اُن کی ضروریات کا خیال رکھنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ حکومت معذوروں کی بحالی کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے اس ضمن میں مخیر حضرات کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار نابیناؤں کے عالمی دن کے حوالے

 سے سوشل ویلفیئر کمپلیکس جوہرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز مانگٹ نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین بیت المال فیاض نائچ ‘ سوشل ویلفیئر آفیسر ہما حفیظ سمیت این جی او کے نمائندگان اور نابینا افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عبدالحمید سنبل نے کہا کہ اس وقت پوری دُنیا میں قوت بینائی سے افراد کی تعداد تین کروڑ ساٹھ لاکھ ہے۔ جنوبی ایشیاء میں ایک کروڑ 17لاکھ افراد آنکھوں کے امراض کا شکار ہیں جبکہ پاکستان میں نابینا پن کی شرح کل آبادی کا 1.08 فیصد ہے۔ جبکہ ساٹھ لاکھ سے زائد افراد جزوی طور پر نابینا ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ نابینا پن کی ایک بڑی وجہ سفید موتیا ہے اس لئے حکومت اس مرض کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ نابینا افراد کی بحالی کیلئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے نابینا افراد میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ قبل ازیں عوام الناس میں ’’سفید چھڑی‘‘کی اہمیت کا شعور اُجاگر کرنے کیلئے واک بھی کی گئی۔ 

خالص خوراک کے بغیر صحت مند معاشرہ ممکن نہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)اسسٹنٹ کمشنر خوشاب ناصر ولایت لنگڑیال نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے غذا اور غذائیت پر توجہ دینا بے حد ضروری ہے‘ حکومت اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کے خاتمہ اور خالص خوراک کی فراہمی کیلئے اپنی تمام توانائیاں وقف کئے ہوئے ہے۔ عوام الناس کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کریں تاکہ اُنھیں قانون کی گرفت میں لیا جا سکے۔ اُنھوں

 نے ان خیالات کا اظہار خوراک کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ خوراک کے ضلعی دفتر میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار میں ڈی ایف سی خوشاب زویا احمد‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر امان اﷲ قاضی‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاف عارف سلطان‘ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خان بہادر جاوید سمیت دیگر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر ناصر ولایت نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مختلف شعبوں کے اشتراک سے لائحہ عمل مرتب کیا ہے جس کے تحت نہ تو ملک میں غذائیت کی کمی پیدا ہو گی اور نہ ہی ملاوٹ شدہ اشیاء بازار میں آ سکیں گی۔ محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی عوام تک رسائی ہو گی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف سی زویا احمد نے کہا کہ محکمہ خوراک ملک بھر میں خوراک کی ضرورت پوری کرنے کیلئے اپنی تمام توانائیاں وقف کئے ہوئے ہے۔ آٹے کی قیمت کو عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ گندم کی کوالٹی کو برقرار رکھنے اور موسمی و حشراتی آثار سے بچانے کیلئے جدید سٹوریج کا انتظام کیا گیا ہے۔ سیمینار سے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر امان اﷲ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عارف سلطان اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خان بہادر جاوید نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں محکمہ خوراک کے زیر اہتمام غذا اور غذائیت کا معیار بہتر بنانے کیلئے عوام الناس کا شعور اُجاگر کرنے 
کیلئے واک بھی کی گئی۔

;
آج کا اخبار آج کا اخبار Reviewed by Khushab News on 8:17:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.