آج کا اخبار

شہری اتحاد کے رہنما پر ناجائز اسلحہ کا الزام
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) شہری اتحاد کے رہنما اور کونسلرایم سی خوشاب چوہدری عبدالمنان پر ناجائز اسلحہ رکھنے اور اشتہاری کو پناہ دینے کا الزام ، پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان سے مزید تفتیش جاری ہے ، جبکہ انکے والد چوہدری عطااللہ کا کہنا ہے کہ انکے بیٹے کا تمام اسلحہ لائسینس یافتہ ہے۔
www.khushabnews.com خود رو جھاڑیاں وبال جان بن گئیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کے رہائشی علاقوں اور نواحی کالونیوں کے داخلی راستوں پر اُگنے والی خود رو جھاڑیاں شہریوں کیلئے وبال جان بن گئیں۔ ان جھاڑیوں کے باعث نہ صرف لوگوں کو آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا ہے بلکہ یہ جھاڑیاں منشیات کے عادی افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہیں بنی ہوئی ہیں۔ ضلعی دفتر صحت‘ اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے عقب سے گزرنے والا راستہ جھاڑیوں کےباعث عملی طور پر بند ہو چکا ہے۔ جبکہ میلہ گراؤنڈ اور گرلز پرائمری سکول آہیر پور کا درمیانی علاقہ جنگل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ جبکہ ریلوے لائن کے اطراف میں اُگنے والی جھاڑیوں کے باعث لوگوں کو ریلوے لائن عبور کر کے ڈی پی او آفس ‘ ڈی سی آفس اور کچہریوں تک جانے میں دشواریاں ہیں۔ بلدیہ جوہرآباد کے سابق وائس چیئرمین حاجی محمد صادق کھچی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ محکموں کو خود رو جھاڑیوں کو تلف کرنے کا پابند بنایا جائے۔ اس ضمن میں جب میونسپل کمیٹی جوہرآباد کے چیئرمین حاجی ملک محمد اشرف اعوان سے رابطہ کیا گیا تو اُنھوں نے بتایا کہ بلدیہ بلدیہ کے ملازمین نے کچھ عرصہ قبل جھاڑیاں مکمل طور پر ختم کر دی تھیں اور اب یہ دوبارہ اُگ آئی ہیں انشاء اﷲ بہت جلد انھیں مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ 

 نوبیاہتا دلہن کو اغوا کرنیکا الزام
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)تھل کے گاؤں روڈہ میں تین بھائیوں سیف اﷲ‘ فاروق ‘ محمد اسلم نے اپنے ساتھی محمد وارث اور چار دیگر افراد کی معاونت سے نو بیاہتا دُلہن مسماۃ بشریٰ کو زیورات اور نقدی سمیت اغواء کر لیا۔ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے مغویہ کے والد غلام فرید ولد محمد شریف کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف زیر دفعات 496-A‘ 506‘ 148اور 149ت پ مقدمہ درجہ کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاہم ابھی تک مغویہ کو بازیافت نہیں کی اگیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مسماۃ بشری ٰ کی پندرہ اکتوبر کو وسیم شہزاد کیساتھ شادی ہوئی تھی شادی کے دوسرے روز وہ مکلاوے پر میکے آئی تو اس دوران ملزمان آتشیں اسلحہ سے مسلح ہو کر آئے اور اُسے گن پوائنٹ پر زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ مغویہ نے سات تولے طلائی زیورات پہن رکھتے تھے اور اس کے پاس ایک لاکھ روپے کی نقدی بھی موجود تھی۔ 

شراب کی  چالو بھٹی پکڑی گئی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نورپورتھل پولیس نے آدھی کوٹ میں اچانک چھاپہ مار کر دو افراد منظور حسین اور امیر حسین کو دیسی شراب کشید کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا‘ جبکہ دو ملزمان اعجاز حسین اور امیر حسین پولیس کو چکما دے کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے شراب کشید کرنے کا سامان اور چار کینوں میں موجود 120لیٹر شراب قبضہ میں لے کر ملزمان کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ آدھی کوٹ میں منظور حسین وغیرہ نے شراب کی بھٹی لگا رکھی ہے جس پر سب انسپکٹر عمران سعید نے پولیس ملازمین کے ہمراہ اچانک چھاپہ مارا اور دو ملزمان کو شراب کشید کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ پولیس نے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ 

ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مٹھہ ٹوانہ پولیس نے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث موضع پنجہ کے رہائشی زیر حراست ملزم فیصل سے دورانِ تفتیش اُس کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونیوالا ناجائز اسلحہ تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے۔ ملزم فیصل کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

مسلمانوں کی زبوں حالی کا سبب  اسلام سے دووری ہے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جماعت اہلسنت کے ممتاز عالم دین علامہ قاضی احمد حسن چشتی گولڑوی نے کہا ہے کہ سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی ملت اسلامیہ ذلت و گمراہی کے گرداب سے نکل سکتی ہے۔ مسلمانوں کی زبوں حالی کی وجہ قرآن و سنت سے دوری ہے اس لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو اسلامی تعلیمات کی جانب راغب کیا جائے۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار دربار پیر حضرت سید امام علی شاہ بخاری رکھلہ منڈی پر منعقدہ جلسہ میلاد النبیؐ سے خطاب کے دوران کیا۔ جلسے کی صدارت دربار گنجیال شریف کے سجادہ نشین پیر سید انوار الحسن شاہ گیلانی نے کی۔جلسے میں ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ علامہ قاضی احمد حسین چشتی کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کی جہالت کے اندھیروں سے نکال کر روشنی دکھائی اور اپنی سنت کی شکل میں ایک ایسا لائحہ عمل دیا جس پر چل کر دُنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ بد قسمتی سے ملت اسلامیہ قرآن و سنت کو چھوڑ کر اغیار کی تقلید کرنے لگی جس کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ اُنھوں نے نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ملک کے معروف نعت خوانوں شکیل اشرف قادری آف سیالکوٹ اور سید علی حسین شاہ آف سرگودھا نے بارگاہِ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ نقابت کے فرائض طاہر عباس خضر کھچی آف چنیوٹ نے سرانجام دیئے۔ جلسہ کے اختتام پر پیر سید انوار الحسن شاہ گیلانی نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اُمت مسلمہ کی سربلندی کیلئے خصوصی دُعا کرائی۔ 

دیرینہ رنجش پر قاتلانہ حملہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مٹھہ کھوہ میں فتح شیر اور محمد ارشد نے مقدمہ بازی کی رنجش پر ایک شخص غلام مرتضیٰ ولد غلام رسول پر قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کر دی‘ لیکن وہ خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا۔ قائدآباد پولیس نے ملزمان کے خلاف زیر دفعات 324اور 34ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق غلام مرتضیٰ کی شادی ملزم فتح شیر کی بھانجی بسری بی بی کے ساتھ ہوئی تھی جو غیر آباد ہو کر میکے رہ رہی تھی۔ دونوں میاں بیوی کے مابین فیملی کورٹ میں مقدمات چل رہے تھے۔ ملزمان نے اس رنجش کی بنا پر مرتضیٰ پر قاتلانہ حملہ کیا۔ 

روڈہ میں محفل نعت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)انجمن غلامانِ مصطفی جوہرآباد کے زیر اہتمام یونین کونسل روڈہ کے چیئرمین حاجی ملک محمد امیر کلاسی کے ڈیرہ پر پندرہویں سالانہ عظیم الشان محفل نعت کا انعقاد کیا گیا۔ محفل نعت کی صدارت انجمن غلامانِ مصطفی جوہرآباد کے صدر مرزا عبدالرزاق طاہر نے کی۔ جبکہ قومی اسمبلی کے رُکن ملک شاکر بشیر اعوان‘ پنجاب اسمبلی کے رُکن ملک محمد وارث کلو اور ضلع کونسل خوشاب کے رُکن ملک امیر حیدر سنگھا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس ایمان افروز محفل میں قرات کی سعادت صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری پروفیسر محمد مشتاق انور نے حاصل کی۔ جبکہ نقابت کے فرائض بزم علماء اہلسنت جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری محمد عبدالرشید قادری نے سرانجام دیئے۔ محفل نعت میں ملک کے ممتاز نعت خوانوں حافظ ریحان رؤفی آف فیصل آباد معہ دف گروپ‘ کرامت علی قادری آف ہڑپہ اور احمد حسن آف جوہرآباد نے بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس بابرکت محفل میں سینکڑوں عاشقانِ مصطفی نے شرکت کی۔ محفل نعت کے دوران تھل کی فضائیں صلوٰۃ و سلام سے گونجتی رہیں۔ 

رشوت کا الزام کلرک گرفتار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)انٹی کرپشن پولیس جوہرآباد نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جوہرآباد کے کلرک بیدار بخت کو تین ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ مجسٹریٹ محمد علی امجد کی میعت میں انٹی کرپشن پولیس جوہرآباد کے سرکل انچارج میاں محسن اقبال نے ایک شہری محمد اعجاز کی شکایت پر چھاپہ مارا اور ملزم کو تین ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ محمد اعجاز نے کبڈی کا میچ کرانے کیلئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے این او سی کے حصول کی درخواست دی تھی جس پر کلرک بیدار بخت نے اُس سے چار ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ جب ملزم نے انٹی کرپشن پولیس کو بتا کر اسے چار ہزار روپے کی رقم دی تو اُس نے ایک ہزار روپے واپس کرتے ہوئے تین ہزار روپے کی رقم اپنی جیب میں رکھ لی۔ اسی اثناء نے انٹی کرپشن پولیس نے چھاپہ مار کر اسے تین ہزار روپے کی رقم سمیت گرفتار کر لیا۔ 

بلائنڈ الیون کا میچ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)نابیناؤں کی سفید چھٹری کے عالمی دن کے حوالے سے سپورٹس سٹیڈیم جوہر آباد میں خوشاب بلائینڈالیون اور سرگودھا بلائینڈالیون کے ٹیموں کے مابین ایک کرکٹ میچ کا انعقاد ہوا جسکی اوپننگ ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب عبدالحمیدسنبل نے کی اوپننگ کی تقریب میں وہ مہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ میچ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر تھے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز احمد مانگٹ ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر زوار حسین سگو و ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن شاہد مختار ،ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے سپیشل ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں کے ہیڈ ماسٹرز ،عنایت اللہ نیازی ،کاظم حسین اور رضارحمن کے علاوہ آواز فورم کے عمیر اظہر اور سول سو سائیٹی کے افراد اور شائقین نے شرکت کی ۔دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ کا شاندار مقابلہ ہو ا ۔دونوں ٹیموں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔شائقین نے بڑی دلچسپی سے میچ دیکھا ۔ ڈپٹی کمشنر امجد بشیر نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں ،کیش پرائز اور دیگر انعامات دیئے ۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر کو یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی یہ میچ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اورآواز فورم و اخوت کے تعاون سے پیش کیا گیا 

ہائی سکولوں کا سپورٹس گالا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 27 اکتوبر سے سالانہ سپورٹس گالا2017 کا انعقاد کیا جائے گاجس میں ضلع بھر کے ہائی سکولز کی ٹیمیں مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گی ۔سپورٹس گالا کی افتتا حی تقریب 27 اکتوبر صبح ساڑھے دس بجے گورنمنٹ جوہر میموریل ہائی سکول جوہرآباد میں منعقد ہو گی۔
;
آج کا اخبار آج کا اخبار Reviewed by Khushab News on 8:02:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.