آج کا اخبار

گیس کے اہلکار غلط ریڈنگ کررہے ہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) محکمہ سوئی گیس کی لوٹ مار سے صارفین پریشان ،اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق خوشاب میں لگے سوئی گیس کے میٹرز خراب ہونے کی وجہ سے صارفین کے لیے سوئی گیس کے بل ادا کرنا مشکل ہوگیا ۔محکمہ کی غلط ریڈنگ اور میٹروں کی خرابی کی وجہ سے گیس کے بل ہزاروں میں آرہے ہیں جب صارفین محکمہ سوئی گیس کے دفتر چکر لگاتا ہے تو عملہ قسط بنا کر دے دیتا ہے جو اگلے مہینے میں جرمانے کے ساتھ لگ کر آجاتا ہے ،شہریوں نے سوئی ناردرن گیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خوشاب میں محکمہ گیس کی لوٹ مار کا فور ی نوٹس لیا جائے ۔
www.khushabnews.com


مخالف بھی ہماری تعریف پر مجبور ہونگے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک مسعود نذیر خان راجڑ نے کہاکہ بطور سپیکر ایوان میرے اوپر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور میری اولین ترجیح ہوتی ہے کہ میں بطور سپیکر ایوان کا حصہ ممبران کی جائز سفارشات پر نوٹس لوں ۔انھوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارے انشاللہ اپنی آئنی مدت پوری کریں گے اور اپوزیشن کو ساتھ لیکر ضلع خوشاب کی ترقی میں اہم کردارادا کریں گے ۔ملک مسعود نذیر خان راجڑ نے کہاکہ ضلع کونسل کو اس وقت مالی مشکلات کا سامناہے انشاللہ جلد پنجاب حکومت ضلع کونسل کو فنڈز جاری کرے گی تو بلاتفریق سبھی معزز چیئرمینوں کو وافر فنڈز جاری کریں گے جس سے اپوزیشن کے بینچوں پر بیٹھے چیئرمین بھی ہمارے کردار کی تعاریف کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ملک مسعود نذیر خان راجڑ نے کہاکہ چیئرپرسن محترمہ سمیرا ضلع کونسل خوشاب کو پنجاب کی بہترین ضلع کونسل بنانا چاہتی ہیں اگر ایوان میں بیٹھے معززممبران نے ساتھ دیا تو ضلع کونسل خوشاب پنجاب کی بہترین ضلع کونسل ہوگی اور اس میں موجود یونین کونسلز بہترین یونین کونسل ۔انھوں نے مزید کہاکہ جلد بلدیاتی اداروں کو اختیارات مل جائیں گے جس کے بعد منتخب عوامی نمائندے عوام کی بھرپور خدمات کرپائیں گے۔

کٹھہ چوک تا سندرال یوٹرن ختم کیے جائیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) کٹھہ چوک تا سندرال چوک جگہ جگہ بنے یو ٹرن حادثات کی وجہ بن گئے ۔تفصیلات کے مطاق خوشاب سرگودھا روڈ پر واقع کٹھہ چوک سے لیکر سندرال چوک تک بنے جگہ جگہ یوٹرن حادثات کو دعوت دے رہے ہیں آدھے کلو میٹر سے بھی کم فاصلے میں تقریبادس کے قریب یو ٹرن موجود ہیں جن کی وجہ سے آئے رو ز حادثات ہورہے ہیں ،کوئی بھی دن ایسا نہیں جس دن ان یورٹرنز پر کوئی حادثہ نہ ہوا ہو ۔شہریوں حماد ،شابان ،ثمر عباس نے ڈی سی خوشاب سے مطالبہ کیا ہے کہ خوشاب میں جگہ جگہ بنے یوٹرن فوری بند کرائے 
جائیں ۔

ضلع کونسل کا اجلاس آج ہوگا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) ضلع کونسل خوشاب کا اجلاس وائس چیئرمین ضلع ملک مسعود نذیر راجڑکی زیر صدارت آج کانفرنس ہال ضلع کونسل میں ہوگا ۔

اقدام خود کشی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد میں حالات کی ستائی ہوئی ایک دوشیزہ سمیت دو اور افراد نے زہر کھا کر موت کو گلے لگانے کی کوشش کی تاہم اُنھیں بروقت طبی امداد دے کر بچا لیا گیا۔ گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں اقدام خود کشی اٹھانے والوں کی تعداد چار ہو گئی۔ گذشتہ روز شبیر کالونی جوہرآباد میں ایک دوشیزہ سائرہ پروین دُختر محمد ممتاز نے والدین کے رویہ سے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کی کوشش کی جبکہ زمان کالونی میں 20سالہ نوجوان محمد عاطف ولد غلام رسول نے گھریلو جھگڑے کی بنا پر زہرکھایا۔ دونوں افراد کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کیا گیا جہاں شعبہ ایمرجنسی میں اُن کے معدے واش ہوئے اور بروقت طبی امداد ملنے سے اُن کی زندگیاں بچ گئیں۔ یاد رہے کہ ایک یوم قبل نورپورتھل میں ایک خاتون نصرت بی بی زوجہ فلک شیر اور پیلووینس میں سمیع اﷲ نامی شخص نے بھی خود کشی کی کوشش کی تھی جنھیں بروقت طبی امداد دیکر بچا لیا گیا تھا۔

گلیا ں تالاب بن گئیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)تھل کے گاؤں برہان سے گزرنے والی جہلم پتن تا مظفر گڑھ روڈ رابطہ سڑک نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ موسم برسات تو کجا عام حالات میں بھی یہ سڑک عملی طو رپر گندے پانی میں ڈوبی رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں شدید دشواریاں حائل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سماجی شخصیت ملک اعجاز برہان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ موضع برہان میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کے باعث پورے گاؤں کا پانی اس سڑک پر جمع ہو جاتا ہے۔ ضلع کونسل خوشاب کے ارباب اختیار اور ضلعی انتظامیہ ہمارے اس اہم مسئلہ کو یکسر نظر انداز کر رہی ہے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ موضع برہان میں ڈرینج سسٹم کو فعال بنانے کیساتھ ساتھ اس رابطہ سڑک کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ 

بریسٹ کینسر بارے بریفنگ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)منیجر صنعت زار ثمینہ راجہ نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ خواتین میں دیگر امراض کے ساتھ ساتھ بریسٹ کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا شعور اُجاگر کیا جائے۔ یہ موذی مرض پاکستان میں تیزی کیساتھ پنجھے گاڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے خواتین موت کی وادی میں اُتر رہی ہیں۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام صنعت زار میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز مانگٹ ‘ ڈسٹرکٹ ماسٹر ٹرینر شاہدہ اقبال‘ سوشل ویلفیئر آفیسر ہما اعجاز اور مختلف علاقوں سے آئی ہوئی خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ثمینہ راجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین کی تعداد 90ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ہر 9میں سے ایک خاتون کسی نہ کسی حوالے سے اس مرض میں مبتلا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ چالیس سال سے کم عمر کی خواتین اپنا باقاعدگی کیساتھ معائنہ کرائیں اور کینسر کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ابتدائی سٹیج پر ہی علاج شروع کر دیں۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ مرض لاعلاج نہیں بروقت تشخیص اور مکمل علاج کے بعد اس پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سیمینار سے امتیاز حسین مانگٹ ‘ ہما اعجاز اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ 

بھانجی سے رقم و زیورات ہتھیانے کا الزام
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)موضع محمود شہیدکے رہائشی ایک شخص غلام مصطفی کانجو نے اپنی سوتیلی بھانجی عزیزاں بی بی زوجہ ملازم حسین کی ایک لاکھ روپے کی رقم اور چھ تولے طلائی زیورات ہتھیا لئے اور اس کے والد کی ملکیتی 16ایکڑ اراضی پر جعلسازی کے ذریعے قبضہ جما لیا۔ نورپورتھل پولیس نے عزیزاں بی بی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 406ت پ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق عزیزاں بی بی نے اپنے زیورات اور نقدی غلام مصطفی کے پاس بطور امانت رکوائی تھی جو ملزم نے واپس نہیں کی۔ بعد ازاں انکشاف ہوا کہ ملزم اس کے والد کی اراضی پر بھی قابض ہو چکا ہے۔ 

دن دیہاڑے چوری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محمد بن قاسم کالونی جوہرآباد میں نامعلوم چوروں نے دن دیہاڑے ایک کسان شوکت علی کے گھر کا صفایا کر دیا‘ شوکت علی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کھیتوں میں مونجی کی پنیری لگانے کیلئے گیا ہوا تھا اس کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور اس کے گھر میں داخل ہوئے اور گھر کے تالے توڑ کر وہاں سے ایک ٹیلیویژن اور ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اٹھا کر لے گئے۔ صدر پولیس جوہرآباد نے نامعلوم چوروں کیخلاف زیر دفعات 380اور 454ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ تاہم ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

ناجائز اسلحہ برآمد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے ناجائز اسلحہ کیخلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران بٹے والا چنکی روڈ پر مشکوک حالت میں گھومنے والے دو افراد امیر عباس مسلم شیخ اور گل باز کو گرفتار کر کے اُن کے قبضہ سے ایک ‘ ایک تیس بور پسٹل برآمد کیا ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ 

امانت میں خیانت
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے ایک شخص محمد عمر کے خلاف امانت میں خیانت کے الزام میں زیر دفعہ 406ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ پول ٹائپ جوہرآباد کے رہائشی ڈی سی او آفس کے ریٹائرڈ ملازم احمد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق احمد خان نے آفیسر کالونی میں موجود اپنا پلاٹ فروخت کیا اور ملزم محمد عمر سے آٹھ لاکھ روپے میں للہ ٹاؤن میں پلاٹ خریدا اور چار چار لاکھ روپے کے دو چیک دیئے۔ پلاٹ کی منتقلی کے دوران انکشاف ہوا کہ محمد عمر اس پلاٹ کا مالک ہی نہیں۔ جب رقم کی واپسی کا تقاضہ کیا تو ملزم نے تین لاکھ روپے کی رقم واپس کی اور پانچ لاکھ روپے خورد برد کر لئے۔

پان شاپس پر چھاپے 
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا خوشاب پان شاپس پر چھاپہ ،گٹکا استعمال کرنے والوں کو وارننگ ،تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خوشاب میں پان شاپس کی درجنوں دکانوں معائنہ کیا ۔اور پان شاپس مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ گٹکاکا استعمال ہر گز نہ کریں ۔گٹکا مضر صحت ہے اور پان میں گٹکا کا استعمال پر پابندی عائد ہوچکی ہے لہذا گٹکا کے استعمال سے گریز کیا جائے بصورت دیگر پنجاب فوڈ اتھارٹی سخت کاروائی کرے گی ۔

عمران کی ناہلی قریب ہے
Image result for ‫حاجی ظل حسنین‬‎خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری حاجی ملک ظل حسنین نے کہاکہ نواز شریف خاندان کی کرپشن اور عمران خان کی ناتجربہ کاری اور غیر سنجیدگی کی بدولت پاکستان کے جمہوری اور معاشی نظام کی جڑیں کھوکھلی ہوچکی ہیں ۔نوازشریف کی کرپشن اور بھارت نواز پالیسوں کی باعث پاکستانی معیشت تباہی کے کنارے پر ہے ادارے ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہیں اور انتظامیہ مفلوج ہوچکی ہے ۔موجودہ حالات بتا رہے ہیں کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد عمران خان کی نااہلی زیادہ دور نہیں ۔عمران خان نے پاکستان میں گالی گلوچ کی سیاست کو عام کیا پیپلز پارٹی ٹیکنوکریٹ حکومت کی ہرگز حمایت نہیں کرے گی اور نہ ہی الیکشن کے التوا کی اجازت دے گی وہ خوشاب میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کے جیالوں سے بات چیت کررہے تھے ۔


ٹرک مالکان کا اجلاس
خوشاب نیوز ڈاٹ کام ) ٹرک اونر ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس زیر صدارت ملک ظفر جوئیہ اور ملک شوکت جھانبہ اور فضل حبیب نجی ہوٹل خوشاب میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے ٹرک و اڈا مالکان نے بھرپور شر کت کی ۔اجلاس میں ٹرک ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی گئی اور سردار تصور خان کی سربراہی ایسوسی ایشن کے مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس موقع پر سردار تصور خان بلوچ نے کہاکہ ٹرک ایسوسی ایشن مالکان متعدد چیلنجز کا سامنا ہے اور ٹرک مالکان کے لیے روزگار کمانا مشکل ہوچکا ہے میرے اولین ترجیح ہوگی کہ میں ٹرک اونر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ٹرک واڈا مالکان کے مسائل کم کرنے میں کردار ادا کرسکوں ۔سردار تصور خان نے کہاکہ ٹرک اونر ویلفیئر ایسوسی ایشن ممبران کی فلاح بہبود کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہے گی ۔اس موقع پر ملک اسماعیل ،مہر جمشید ،راجہ علی وارث ،حاجی سرفراز ،خان علیال ،باوا صفدر شاہ ، و دیگر بھی موجود تھے 

خشک سالی ،اہل تھل پریشان
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)طویل خشک سالی نے اہل تھل کیلئے زندگی آزمائش بنا ڈالی.طویل خشک سالی نے اہل تھل کیلئے زندگی آزمائش بنا ڈالی ہے۔ گردو غبار اور طویل عرصے سے بارش نہ ہو نے کے باعث شہری بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ گزشتہ تین سال سے خشک سالی کے باعث کسانوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے اس سال بھی چنے کی کاشت میں تاخیر ہو رہی ہے۔ خشک سالی سے صرف کارو بار ہی ٹھپ نہیں ہو ئے ثقافتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
;
آج کا اخبار آج کا اخبار Reviewed by Khushab News on 12:03:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.